آندھرا پردیش میں طوفانی ہوائیں ، بارش اور ژالہ باری - 25 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-26

آندھرا پردیش میں طوفانی ہوائیں ، بارش اور ژالہ باری - 25 ہلاک

آندھراپردیش میں گذشتہ تین دن کے دوران غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں کم سے کم 25افراد ہلاک اور دیگر 12زخمی ہوگئے۔ اضلاع مغربی گوداوری، مشرقی گوداوری، کرشنا، وشاکھاٹپنم، کھمم، محبوب نگر، عادل آباد وغیرہ میں طوفانی بارش تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے نتیجہ میں کئی گھر منہدم ہوگئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ آندھراپردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمشنر ٹی رادھا نے یہ تفصیلات بیان کرتے ہوئے مزید کہاکہ اضلاع ورنگل، کھمم اور کرشنا میں 12افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طوفانی ہواؤں کے ساتھ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں 24,128 ہیکٹرس پر کھڑی آم، ترکاریوں، مرچ، موز، تربوز، خربوزہ اور پان کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ 46,290 ہیکٹرس پر محیط دھان، مکئی، جوار اور مونگ پھلی کی فصلیں متاثر ہوئیں۔ علاوہ ازیں 1133 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ مسٹر ٹی رادھا نے کہاکہ غیر موسمی بارش اور ناہموار موسم کے سبب مویشیوںکا بھی بھاری نقصان پہونچا ہے۔ کئی گائے، بھینس، بکری اور دیگر مویشی زخمی ہوئے ہیں۔ نقصانات کا تخمیہ کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ 3دن کے دوران آندھراپردیش کے چند مقامات پر طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ ’سیاست نیوز، کے بموجب انہوں نے کہاکہ غیر موسمی طوفانی بارش کے دوران صرف بجلی گرنے سے 24افراد کی موت ہوئی ہے اور 114 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں سینکڑوں مکانات کو بھی زبردست نقصانات ہوئے۔ ذرائع نے بتایاکہ یہ تمام ابتدائی اطلاعات ہی ہیں اور مکمل اطلاعات ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ریاست کے مختلف مقامات پر غیر موسمی بارش سے ہوئے نقصانات پر حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی معاوضہ ادا کرنے اور امدادی و راحت کاری کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

Andhra Pradesh - torrential winds, rain and hail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں