شبلی - حیات و فن از ظفر احمد صدیقی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-12-29

شبلی - حیات و فن از ظفر احمد صدیقی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

ہندوستان کی ساہتیہ اکادمی نے مختصر تعارفی کتب سیریز "ہندوستانی ادب کے معمار" کے تحت 1988 میں شبلی نعمانی پر تقریباً 100 صفحات کی ایک کتاب شائع کی تھی، جس کے مصنف، اردو دنیا کے نامور استاذ و محقق پروفیسر ظفر احمد صدیقی ہیں جن کی ایک مشہور تحقیقی و تنقیدی کتاب "مولانا شبلی نعمانی بحثیت سیرت نگار" بھی ہے۔
مولانا شبلی نعمانی کے حالاتِ زندگی، تعلیم، شخصیت و کردار، حلیہ و لباس، عادات و خصائل، علمی و تحقیقی کارنامے جیسے مختلف و متنوع موضوعات کے زیرتحت تحریرکردہ دلچسپ، اہم اور مفید مضامین پر مبنی یہ یادگار مختصر تعارفی کتاب تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 4 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

پروفیسر ظفر احمد صدیقی آج (بروز منگل 29/دسمبر/2020) علی گڑھ میں بعمر 65 سال، انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں خراج عقیدت کے بطور شبلی نعمانی کی سوانح پر مبنی یہ یادگار و مفید کتاب پیش خدمت ہے۔

پروفیسر ظفراحمد صدیقی کا ایک تعارف: (بشکریہ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی فیس بک پیج)
پروفیسر ظفراحمد صدیقی (پ: 1955 ، م: 29/دسمبر 2020)
کا شمار اعلی پائے کے محققین میں ہوتا ہے۔ وہ تقریباً 40 سال تک درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ رہے اور بطور استاد ان کی اعلی خدمات کا ہر سطح پر اعتراف کیا گیا۔ تحقیق سے خاص دلچسپی کے تحت وہ طویل عرصہ سے اردو اور فارسی کے شعراء و ادباء پر تحقیقی کام انجام دے رہے اور انھوں نے اس درمیان اردو کی ادبی تاریخ میں اہمیت کے حامل متون کی کھو ج کر کے انھیں شائع بھی کرایا۔
ان کا امتیاز یہ بھی تھا کہ وہ تقریباً 40 سال تک کلاسیکی متن (نثر اور شاعری) کی تعلیم دیتے رہے۔ انھوں نے اردو کے کلاسیکی شاعروں کے ان پہلوؤں پر تحقیقی روشنی ڈالی جن کو اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا تھا۔ ساتھ ہی اردو کی اہم صنف قصیدہ کی ہیئت اور حدود سے بھی بحث کی۔ پروفیسر ظفر احمد صدیقی نے تقریباً 71 کتابیں تصنیف کی ہیں، جن میں۔۔۔ شبلی شناسی کے اولین نقوش، تحقیقی مقالات ،دیوان ناظم، افکار و شخصیات، شبلی کی علمی و ادبی خدمات، شرح دیوان اردو غالب، شبلی معاصرین کی نظر میں، انتخاب مومن، نقش معنی وغیر ہ شامل ہیں۔
ان کے 531 سے زائد مقالات ملک اور بیرون ملک خصوصاً پاکستان (نقوش، لاہور - اقبالیات، لاہور- صحیفہ، لاہور - قومی زبان، کراچی - تحصیل، کراچی وغیرہ) کے معیاری جرنل میں شائع ہو چکے ہیں۔ یہ سلسلہ آخری عمر تک جاری رہا۔
پروفیسر ظفر احمد صدیقی کو "نقوش ایوارڈ ،لاہور (پاکستان)" کے علاوہ ہندوستان کی مختلف اردو اکیڈمیوں نے انعامات و اعزازات سے نوازا ہے۔ نیز انہیں متعدد اسکالرشپ اور فیلوشپ بھی تفویض ہوئی ہیں۔ انھوں نے مختلف سیمیناروں میں 331 مقالات، متعدد کلیدی اور صدارتی خطبے پیش کیے۔ اس کے علاوہ بطور ریسورس پرسن [resource person] تقریباً پچپن (55) کانفرنسوں اور ورکشاپ میں شرکت کی۔ اکتوبر 2019 تک ان کی زیر نگرانی 71 پی ایچ ڈی اور ایم فل مقالات پر ڈگریاں تفویض ہوئیں۔

***
نام کتاب: شبلی
مصنف: پروفیسر ظفر احمد صدیقی
تعداد صفحات: 103
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 4 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Shibli by Zafar Ahmed Siddiqi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Shibli, a monograph by: Zafar Ahmed Siddiqi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں