راج کمار راؤ - بالی ووڈ نئی نسل کا باصلاحیت اداکار - انٹرویو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-08-13

راج کمار راؤ - بالی ووڈ نئی نسل کا باصلاحیت اداکار - انٹرویو

rajkumar-rao
گرگاؤں، ہریانہ کے راج کمار یادو (پ: اگست 1984) نے "راجکمار راؤ" کی حیثیت سے بالی ووڈ میں فلم 'لَو سیکس اور دھوکہ' کے ساتھ 2010 میں داخلہ لیا۔ 2013 میں انہیں بہترین اداکار کا قومی تمغہ فلم 'شاہد' میں موثرترین اداکاری پر حاصل ہوا۔ فلمی ناقدین نے شاہد، کوئن، علیگڑھ، نیوٹن اور عمرتا میں ان کی اداکاری کی خوب ستائش کی ہے۔ ذیل میں راجکمار راؤ کا ایک تازہ مگر مختصر انٹرویو ملاحظہ فرمائیں۔
'شاہد' اور 'نیوٹن' جیسی فلموں سے اپنے آپ کو باصلاحیت اداکار ثابت کرنے راجکمار راؤ اب اپنی آنے والی فلم 'استری' کے پروموشن میں مشغول ہیں جو ایک ہارر کامیڈی ڈرامہ ہے۔ 'استری' کے تعلق سے راجکمار یادو کا کہنا ہے کہ ہارر کامیڈی فلم انہوں نے صرف اس بنیاد پر کی ہے کہ وہ ڈر اور مزاح کے امتزاج کا حصہ بننا چاہتے تھے۔ راجکمار راؤ کے مطابق ناظرین کو ڈرا کے ہنسایا جائے تو کسی ایسی فلم کی بہ نسبت زیادہ لطف اندوز ہوسکتے ہیں جو صرف کامیڈی ہو یا صرف ہارر ہو۔
راجکمار راؤ نے بتایا کہ 'استری' کے کچھ حصے کی شوٹنگ بھوپال کے مشہور ڈراؤنے قلعے میں رات کے اوقات میں ہوئی ہے۔ شوٹنگ کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے راجکمار راؤ نے بتایا کہ وہاں ان پر کئی پابندیاں عائد تھیں، فلم یونٹ کا حصہ پرفیوم نہیں لگا سکتا تھا اور یونٹ کی خواتین ممبران بشمول شردھا کپور بغیر ضرورت اپنے بال کھلے نہیں رکھتی تھیں۔ شوٹنگ کے مقام پر زور آواز میں بات کرنے پر بھی ممانعت تھی اور اکیلے کہیں آنے جانے سے گریز کرنے کیلئے گیا تھا۔ راجکمار راؤ نے کہا کہ اندھیرے کے کچھ سین انہوں نے دل میں یہ کہتے ہوئے شوٹ کروایا تھا کہ اگر آپ یہاں ہیں تو پلیز سامنے مت آنا، ہم یہاں صرف شوٹنگ کیلئے آئے ہیں اور ہمارا مقصد آپ کو تنگ کرنا نہیں ہے۔
"فنے خان" کے تعلق سے یہ پوچھ جانے پر کہ کیا فلم میں ہدایتکار نے انہیں ضائع کیا ہے، راج جواب دیتے ہیں کہ شاید فلم میں میرے لئے اتنا ہی کردار تھا۔ راج کا کہنا ہے کہ فنے خان کی کہانی انہیں بہت اچھی لگی تھی۔ اس کے علاوہ انل کپور اور ایشوریہ رائے کے ساتھ کام کرنے کا موقع وہ گنوانا نہیں چاہتے تھے، البتہ یہ ناظرین کا پیار ہے کہ انہیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ فنے خان میں ہدایت کار نے انہیں ضائع کیا ہے۔
ٹریلر کے ٹیگ لائن "مرد کو درد ہوگا" کے بارے میں راج کہتے ہیں کہ صرف فلموں میں مرد کو درد نہیں ہوتا، عام حالات میں مرد کو جذباتی و جسمانی درد سے جھوجھنا پڑتا ہے، ریئل لائف کے اپنے درد کے بارے میں راج کمار راؤ کہتے ہیں کہ ان کی ماں کی موت ان کیلئے ایک مستقل درد ہے۔ جب کچھ نہیں تھا اس وقت ماں تھی، آج سب کچھ ہے لیکن ممی نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ میں کریئر بنانے کیلئے راج نے سخت جدوجہد کی ہے اور اس دوران وہ ممبئی میں شیئرنگ روم میں رہتے تھے۔ راج نے کہا کہ اس دور میں ماں نے ہمیشہ ہمت بندھائی ہے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے راجکمار راؤ کا موازنہ کئے جانے پر راج کا کہنا ہے یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ ان کا موازنہ عامر خان سے کیا جارہا ہے، اس کی وجہ راج یہ بتاتے ہیں کہ عامر خان اور عرفان خان سے ہمیشہ انہوں نے سیکھا ہے اور وہ ان کے مقابل نہیں بلکہ ان کے اسٹوڈنٹ کی طرح ہیں۔ عرفان خان کی بیماری کے بارے میں پوچھے جانے پر راج نے کہا کہ گزشتہ دنوں ان کی ملاقات لندن میں عرفان خان سے ہوئی تھی، راج نے کہا کہ عرفان فائٹر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ کینسر سے جنگ جیت جائیں گے ہم سب کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ عرفان سے ملاقات کی تفصیلات بتانے سے راجکمار راؤ نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی۔
راجکمار راؤ کی اپنی پسندیدہ فلموں کے بارے میں پوچھے جانے پر سب سے پہلے وہ 'شاہد' کا نام لیتے ہیں اور اس کے بعد عمرتا، ٹریپڈ اور نیوٹن کا نمبر آتا ہے۔ راجکمار راؤ کا کہنا ہے کہ وہ کہانی کو فوقیت دیتے ہیں اور کہانی پسند آنے پر وہ یہ نہیں دیکھتے کہ ہدایتکار کون ہے، یہی وجہ ہے کہ راجکمار راؤ نے زیادہ تر غیر معروف ہدایتکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔
ہالی ووڈ کے بارے میں سوال کئے جانے پر راج کا کہنا ہے کہ اگر وہاں سے کوئی پیشکش ہوتی ہے اور انہیں پسند آتی ہے تو وہ ضرور اس کا حصہ بنیں گے۔

Interview with Rajkumar Rao. Interviewer: Hifzur Rehman (Rehan Khan)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں