انتخابات کے بعد بجٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جائے - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-05

انتخابات کے بعد بجٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جائے - مایاوتی

مایاوتی کی الیکشن کمیشن سے اپیل۔ رائے دہندوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ
لکھنو
پی ٹی آئی
اتر پردیش میں مثالی ضابطہ اخلاق کے سختی سے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ ملک کی تمام پانچ ریاستوں میں انتخابات کے بعد ہی عام بجٹ پیش کرے۔ مایاوتی نے یہاں پارٹی کے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو مرکزی حکومت کو ہدایت دینا چاہئے کہ وہ عام بجٹ پیش نہ کرے اور ریاست میں8مارچ کو انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد ہی بجٹ پیش کیاجائے ، جیسا کہ2012ء میں کیا گیا تھا۔مایاوتی نے زور دے کر کہا کہ بجٹ کی وجہ سے رائے دہندے متاثر ہوسکتے ہیں ، اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات پر اثر پڑ سکتا ہے ۔بی ایس پی صدر نے الیکشن کمیشن سے یہ بھی کہا کہ وہ حریف جماعتوں بی جے پی، سماج وادی پارٹی اور کانگریس پر سختی سے نظر رکھے اور مثالی ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائے ، کیوں کہ یہ جماعتیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی عادی ہیں، جیسا کہ2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں تجربہ ہوا ۔ یوپی میں7مراحل میں انتخابات کے انعقاد کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ ریاستی پولیس اور مشنری کو اکھلیش یادو حکومت نے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیاہے اور کار گزار حکومت کی جانب سے بھی اس کے بے جا استعمال کے قوی امکانات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کار گزار حکومت کی جانب سے پولیس اور انتظامیہ کے کسی بھی بے جا استعمال کی روک تھام کے لئے مرکزی فورسس کی حتی الامکان تعیناتی اور مقامی پولیس پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ ان کی پارٹی اتر پردیش کے علاوہ اتر کھنڈ اور پنجاب کے انتخابات میں اپنے بل بوتے پر مقابلہ کرے گی۔

Ask Centre to present general budget after Assembly polls: Mayawati urges Election Commission

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں