ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنا میرا خواب - وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-20

ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنا میرا خواب - وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر

حیدرآباد
اعتماد نیوز
چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ کافی مصائب و مشکلات کے بعد علیحدہ ریاست تلنگانہ کو حاصل کیا گیا ہے ۔ مادھا پور میں تلنگانہ کلچرل ٹروپ کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا ’’ جس وقت میں نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک شروع کی تھی اس وقت مختلف گوشوں سے تلنگانہ کے حصول سے متعلق کئی سوالات اٹھائے گئے اور میری تحریک کو سنیما سے تعبیر کیا گیا اور میری بات پر کسی نے یقین نہیں کیا۔عوام میں اعتماد حاصل کرنے میں مجھے کافی وقت لگا اس کے بعد میں نے اپنی جدو جہد جاری رکھتے ہوئے تلنگانہ ریاست کے حصول میں کامیابی حاصل کی ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کا خواب تلنگانہ کو سنہرے ریاست میں تبدیل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران فنکاروں کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں آہستہ آہستہ لوگ جمع ہوتے گئے ، آخری مراحل میں تلنگانہ کی تحریک سماج میں شامل ہوئی جس کے بعد مرکز کو علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل پر مجبور ہونا پڑا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فنکاروں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے حکومت کے پروگرامس کو عوام تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے فنکاروں کوبھی ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے خواب کو پورا کرنے کے لئے فنکاروں کی شراکت داری ضروری ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اپنے بچپن میں نغمہ گاتے تھے ۔ تقریب کے دوران بعض فنکاروں کی خواہش پر چیف منسٹر نے ایک نغمہ بھی پیش کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں