آل انڈیا ریڈیو من کی بات پروگرام - سماجی اور شخصی معاملات پر مودی اوباما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-28

آل انڈیا ریڈیو من کی بات پروگرام - سماجی اور شخصی معاملات پر مودی اوباما

Modi-Obama-Mann-Ki-Baat
نئی دہلی
پی ٹی آئی
امریکی صدر بارک اوباما اور وزیر اعظم نریندر مودی پر مشتمل ایک خصوصی ریڈیو پروگرام آج رات نشر کیا گیا جس میں سیاست اور خارجی معاملات جیسے سخت موضوعات شامل نہیں تھے بلکہ اس میں سماجی مسئلے اور دونوں قائدین سے متعلق شخصی معاملات پر توجہ دی گئی۔ من کی بات کے25منٹ کے خصوصی نشریے میں لڑکیوں، صحت عامہ اور دونوں قائدین کے شخصی تجربات کے بشمول کئی مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ یہ دونوں قائدین کمزور پس منظر سے ابھرے تھے اور اپنے اپنے ملکوں کے اعلیٰ عہدے حاصل کیے یہ پروگرام کل ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں عملاً مودی نے کارروائی چلائی اور ملک کے مختلف حصوں سے وصول کردہ سوالات پڑھے اور دونوں قائدین نے ان کا جواب دیا ۔ ابتدا میں مودی نے کہا کہ عوام کی جانب سے کئے گئے بیشتر سوالات سیاست ، خارجہ پالیسی اور معاشی پالیسی سے متعلق ہیں ۔ تاہم بعض سوالات نے دل کو چھو لیا ۔ اوباما نے کہا کہ سوالوں کا جواب دینے سے پہلے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اگر آج ہم ایسے سوالات کو چھوئیں گے تو ہم ملک کے مختلف حصوں میں عام آدمی تک پہنچ سکیں گے۔ اوبامانے سامعین کو نمستے کہا اور مودی کے ساتھ اپنی بات چیت کے بارے میں اظہار خیال کیا اور بتایا کہ کس طرح ان کا ملک کروڑوں لوگوں کو غریبی سے نکالنے کی ہندوستان کی کوششوں میں پارٹنر بننا چاہتا ہے ۔ انہوں نے صاف توانائی اور بجلی جیسی سہولتوں کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کے فروغ میں ہندوستان کا پارٹنر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ مودی نے من کی بات پروگرام کے دوران کہا کہ اوباما نے جس طرح سے اپنی بیٹیوں کی پرورش کی ہے اس کے ذریعہ وہ دوسروں میں تحریک پیدا کرتے ہیں ۔

صدرا مریکہ بارک اوباما کی ہندوستان سے روانگی کے بعد اپنے پہلے رد عمل میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کے دورہ سے باہمی تعلقات نئی بلندی پر پہنچ گئے اور ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے ۔ مودی نے ٹویٹر پر کہا’’ الوداع اوباما! آپ کے دورہ نے ہند۔ امریکہ تعلقات کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے اور ایک نئے باب کا آغاز ہوگیا ۔ آپ کے محفوظ سفر کے لئے نیک تمنائیں ہیں۔‘‘ وائٹ ہاؤز نے بھی اوباما کے دورہ کو یادگار بنانے پر مودی اور ہندوستانی عوام کا شکر یہ ادا کیا ۔ وائٹ ہاؤز کے ایک ٹیوٹ میں اوباما نے کہا’’دورہ کو یادگار بنانے اور پر تپاک خیر مقدم کے لئے نریندر مودی آپ کا اور ہندوستانی عوام کا شکریہ ۔‘‘اس کے جواب میں مودی نے ایک اور ٹویٹ بھیجاجس میں یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران بارش کا حوالہ دیا جس سے اوباما کو کچھ تکلیف اٹھانی پڑی جب کہ انہیں خود ہی کچھ دیر کے لئے چھتری تھامنا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا’’ کل ہوئی بارش کے بارے میں مسٹر اوباما آپ نے خود ہی آج صبح کہا بڑے بڑے دیشوں میں...............‘‘ یہ فلمی ڈائیلاگ شاہ رخ خان کا ہے جو انہوں نے دل والے دلہنیا لے جائیں گے ‘ میں کہا تھا ۔ مودی نے بتایا کہ انہوں نے اوباما کو امریکی موسیقار ماریا ن اینڈرسن کے1957ء کے دورہ کی ریکارڈنگ کا ایک سیٹ تحفہ میں پیش کیا۔

Modi, Obama open hearts in 'Mann Ki Baat', share values

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں