مودی کا وزیراعظم بننے کا خواب ادھورا رہ جائیگا - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-30

مودی کا وزیراعظم بننے کا خواب ادھورا رہ جائیگا - نتیش کمار

چیف منسٹربہار نتیش کمارنے آج زوردے کر کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندرمودی کبھی ہندوستان کے وزیراعظم نہیں بن سکیں گے۔دودن پہلے مودی کی جانب سے نشانہ تنقید بنائے جائے کے بعدنتیش کمارنے آج یہاں بی جے پی پر یلغار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی۔جنتادل یو اتحاد کے ٹوٹ جانے کے لیے بی جے پی ہی ذمہ دار ہے۔انھوں نے یہاں جنتادل یو کے دوروزہ کنونشن سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے مودی کا نام لیے بغیر ان کامذاق اڑایا۔نتیش کمارنے مودی کو دودن پہلے یہاں آنے والا شخص قراردیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بننے کاان کاخواب ادھوراہی رہے گا۔انھوں نے کہا کہ یہ خواب مودی کے بارے میں محض بی جے پی کی تشہیر ہے۔یہ ہواقدرتی نہیں ہے۔ایک بلوور(بڑے پنکھے)کے ذریعے یہ ہوا چلائی جاری ہے نتیش کمارنے مزید کہا کہ ہندوستان جیسے ملک کا وزیر اعظم بننے کے خواہشمندکو صبروتحمل سے کام لینا اور سنجید گی اختیار کرنا سیکھنا چاہیے۔چیف منسٹر بہار نے کہا کہ وہ(مودی) اتوارکو یہاں بی جے پی کی ریالی سے خطاب کے دوران جس طرح اپناپسینہ پوچھ رہے تھے اور بار بار پانی پی رہے تھے،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مجھ پر حملہ بولنا چاہتے تھے۔نتیش کمار نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ17سالہ قدیم اتحادختم کرنے کے وہ ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ بی جے پی ہی اس کے ذمہ دار ہے جس نے ایسے حالات پیداکئے جن کے نتیجہ میں علیحد گی اختیار کرنی پڑی۔انھوں نے کہا کہ اس پھوٹ کے لیے بی جے پی ہی ذمہ دار ہے۔نتیش کمارنے کہا کہ گجراتی عوام مٹھائیوں کے شوقین ہونے کے لیے مشہور ہیں لیکن مودی جس انداز میں اپنی بات کہتے ہیں اس میں کوئی مٹھاس نہیں ہوتی۔ایجنسیز کی اطلاع کے بموجب انھوں نے مودی پر سیاسی موقع پرستی اور بہار سے دھوکہ دہی کابھی الزام عائدکیا۔

Your Red Fort dream will remain a dream: Nitish Kumar on Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں