معروف ادیب مقصود الٰہی شیخ کو بریڈفورڈ یونیوسٹی کی ڈاکٹریٹ کا اعزاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-20

معروف ادیب مقصود الٰہی شیخ کو بریڈفورڈ یونیوسٹی کی ڈاکٹریٹ کا اعزاز

Maqsood Elahi Sheikh Doctoral Degree Bradford University
برطانیہ میں مقیم مشہور ناول نگار، افسانہ نویس اور شاعر مقصود الہى شيخ کو برطانيہ ميں اردو ادب کى خدمات کے عوض بريڈ فورڈ يونيورسٹى نے آج ڈاکٹريٹ کى اعزازى ڈگرى عطا کی ہے۔ ان کى شناخت "پوپ کہانی [Pop Story]" کو ادبی دنیا میں متعارف کرانے کے طور پر بھى ہے۔
وہ برطانیہ سے شائع ہونے والے ضحیم ادبی رسالہ "مخزن" کے مدیر ہیں۔ بیرِون ممالک اردو کی ترویج و اشاعت اور متعارف کرانے میں وہ نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اردو کو کبھی روزی روٹی کا ذریعہ نہیں بنایا لیکن اردو کے فروغ میں انہوں نے ناقابل فراموش اور گراں قدر حصہ ادا کیا۔ آج برطانیہ، ناروے، امریکہ سمیت دیگر ممالک سے اردو کے اخبارات ، ہفتہ روزہ یا رسالے نکل رہے ہیں تو ان لوگوں میں مقصود الہی شیخ کا نام شامل ہے۔ وہ اردو کے بہت مخلص خادم ہیں ۔ انہوں نے کسمپرسی کی حالت میں بھی اردو کا علم تھام رکھا ہے۔ عمر کے اس پڑاؤ میں بھی وہ تندہی کے ساتھ اردو کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
ان کا رسالہ "مخزن" ضخامت کے ساتھ ساتھ برصغیر کے ادیبوں کے احاطہ سمیت دنیا میں پھیلے اردو ادیب اور شاعروں کو ایک لڑی میں پرونے میں مصروف ہے۔ ضخیم رسالہ مخزن کی ادارت کے فرائض انجام دیتے ہوئے انہوں نے یقیناً اردو کے لئے لافانی کام کیا ہے۔

وہ اردو کے مشہور ادیب ہیں۔ انہوں نے صحافت ، مضمون نگاری، افسانہ نگاری، ناول نگاری سمیت اردو کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ان کی ادبی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے انہیں باوقار ایوارڈ "نشان امتیاز" سے نوازا ہے۔ اس کے علاوہ اردو دنیا سے وابستہ کئی اداورں اور تنظیموں نے ان کی ادبی خدمات کا بجا اعتراف کرتے ہوئے بیشمار اعزازات عطا کیے ہے۔
وہ کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔جہاں ایک طرف شاعر ہیں وہیں بہترین افسانہ نگار بھی ہیں، اسی کے ساتھ "پوپ کہانی" بھی ان کی ایجاد ہے۔
انہوں نے برطانیہ میں جس طرح اردو کا علم بلند کرکھا ہے یہ انہی کے بس کی بات ہے۔ وہ برطانیہ سے نکلنے والے ہفت روزہ "راوی" کے 1973 سے 1999 تک ایڈیٹر بھی رہے ہیں۔
پاکستان کے گورنمنٹ کالج (یونیورسٹی فیصل آباد) کی طالبہ میمونہ روحی نے "معروف ادیب مقصود الہی شیخ کی ادبی خدمات" کے عنوان سے ایم فل کا مقالہ تحریر کیا ہے۔

Doctorate degree to Maqsood Elahi Sheikh by Bradford University

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں