Trinamool Congress real alternative for the country: Mamata
یہاں ایک بڑی ریالی میں ترنمول کانگریس کی لوک سبھا مہم کا آغاز کرتے ہوئے پارٹی کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی اور انہوں نے وفاقی محاذ کیلئے اپنی اپیل کا اعادہ کیا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے مزید کہاکہ ترنمول کانگریس ملک کیلئے واحد متبادل ہے۔ ہماری لڑائی بی جے پی کے خلاف ہے۔ کانگریس کے خلاف ہے اور سی پی آئی ایم کے خلاف ہے اور کرپشن کے خلاف ہے۔ ممتا کی اس ریالی میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جو وسیع و عریض بریگیڈ پلے گراونڈ پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ایسی حکومت نہیں چاہئے جو فسادات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ آنے والے دنوں میں بنگال ہندوستان کو راستہ دکھائے گا۔ انہوں نے اپنی کٹر حریف سی پی آئی ایم اور کانگریس کو شکست فاش دینے کامطالبہ کیا۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ترنمول کانگریس واحد متبادل ہے انہوں نے کہاکہ بی جے پی، کانگریس کا متبادل نہیں ہے اور کانگریس بی جے پی کا متبادل نہیں ہے۔ ہم بادشاہی نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہاکہ ایک وفاقی محاذ قائم کیاجانا چاہئے۔ ہم دہلی میں حکومت میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ اس تبدیلی کیلئے ہم بنگال سے اپیل کررہے ہیں۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ ترنمول کانگریس لوک سبھا انتخابات کے بعد تشکیل حکومت میں فیصلہ کن رول ادا کرے گی۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ہمیں بنگال سے زیادہ سے زیادہ نشستیں جیتنی ہوں گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ بنگال کلیدی رول ادا کرے۔ نیتاجی سبھاش چندر بوس کی دلی چلو للکار کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال نے بار بار "دہلی چلو" "دہلی چلو" کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہاکہ مروت کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حد سے زیادہ اعتماد اور مخالفین کو کمزور سمجھنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ بنگال میں 42نشستیں ہیں۔ لوک سبھا کی یہ تمام نشستیں ہمیں جیتنی ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ میں کرسی نہیں چاہتی ہوں میں عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ ہمیں کرپشن کو ختم کرکے ملک کو بچانا ہوگا۔ ہم ایک متحدہ ہندوستان چاہتے ہیں۔ ہم ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جو اتحاد اور یکجہتی کیلئے کام کرے۔ بنرجی نے تالیوں کی گونج میں یہ تقریر کی۔ قیمتوں میں اضافہ اور کرپشن کیلئے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری لڑائی کرپشن اور مہنگائی کے خلاف ہے۔ ہم اتحاد، یکجہتی اور فرقہ وارانہ یکجہتی کیلئے لڑیں گے۔ ہم عوامی فلاحی حکومت کا قیام چاہتے ہیں۔ انسانی سروں کے سمندر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کی یہ ریالی نہ صرف تاریخی ہے بلکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بنگالی پھر ایک مرتبہ ملک کی قیادت کریں گے۔ آج بنگال جو سوچے گا ہندوستان وہ کل سوچے گا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے جنرل سکریٹری مکل رائے نے مجھے بتایاکہ اس ریالی میں شرکت کیلئے 20سے 25لاکھ عوام آئے ہیں۔ ہم آنے والے لوک سبھا انتخابات جیتنے کے بعد بریگیڈ میدان میں ایک اور ریالی منعقد کریں گے۔ بنرجی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس ملک بھر میں مختلف نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی اور وہ شخصی طورپر اس مہم میں حصہ لیں گی۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں