PCI chief Markandey Katju appeals for release of Sanaullah
پریس کونسل آف انڈیا کے چیرمین مرکنڈے کاٹجو نے آج مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی قیدی ثناء اﷲ خان کو رہا کر دے جو جموں کی جیل میں ایک جھڑپ میں شدید زخمی ہوئے ہیں اور اس وقت چندی گڑھ کے ایک دواخانہ میں زیر علاج ہیں ۔ جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے کہاکہ میں حکومت ہند سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فی الفور ثناء اﷲ خان کو پاکستان واپس بھیج دے ۔ پاکستانی قیدی حملہ کے بعد کوما میں چلا گیا ہے جیسا کہ حکومت پاکستان نے درخواست کی ہے کہ انہیں روانہ کر دیا جائے تو ضروری ہے کہ حکومت ہند اس پر عمل کرے ۔ انسانی قدروں کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت کو فوری قدم اٹھانا چاہئے ۔ پریس کونسل آف انڈیا کے چیرمین نے دونوں ملکوں ہندوستا ن اور پاکستان سے اپیل کی کہ تمام قیدیوں کے کیسوں کا جائزہ لینے کیلئے فوری کمیٹیاں تشکیل دیں اور ان کی فوری رہائی کیلئے میکانزم وضع کریں ۔ اس دوران پاکستانی قیدی ثناء اﷲ کی حالت ہنوز نازک ہو گئی ہے ۔ انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے اور ان پر شدید غشی طاری ہے ۔ دواخانہ کے ذرائع نے کہاکہ ثناء اﷲ کی نفس بھی سست چل رہی ہے ۔ جموں سے انہیں جمعہ کی شام پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ لایا گیا تھا۔ 52 سالہ ثناء اﷲ کا نیرولوجسٹ کے بمشول ڈاکٹروں کی ایک ٹیم علاج کر رہی ہے ۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیداروں نے دواخانہ پہنچ کر ان کی صحت کا جائزہ لیا۔ پاکستان میں سیالکوٹ کے شہری ثناء اﷲ کی صحت کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ سے پاکستانی عہدیداروں کو واقف کروایا گیا۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں