عمران خان نے ریحام خان سے شادی کر لی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

عمران خان نے ریحام خان سے شادی کر لی

Imran-Khan-marries-Reham-Khan
اسلام آباد
آئی اے این ایس
کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان نے آج بی بی سی جرنلسٹ ریحام خان سے سادگی کے ساتھ شادی کرلی ۔ تقریب نکاح اسلام آباد میں عمران خان کی قیام گاہ پر منعقد ہوئی ۔ اس کے بعد نو بیاہتا جوڑے نے تصاویر کھنچوائیں ۔ ڈان آن لائن نے یہ اطلاع دی ۔ اسی دوران امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ’’ہم عمران خان کی کامیابی کے لئے دعا کرتے ہیں ۔‘‘ قبل ازیں آج دن میں پاکستان تحریک انصاف کی ایک لیڈر شیریں مزاری نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ اس شادی کی تقریب کو لاہور میں قائم شوکت خانم میموریل کینسر ہاسپٹل کے لئے فنڈس اکٹھا کرنے کے مقصد سے استعمال کیاجائے گا۔( عمران خان نے یہ ہسپتال اپنی والدہ کی یاد میں قائم کیا ہے۔)شیری مزاری نے کہا کہ’’جہاں تک میں جانتی ہوں، شادی کی یہ تقریب کلیتاً ایک خانگی معاملہ ہے ، نہ تو ٹکٹس کے حامل کارڈس تیار کئے گئے ہیں اور نہ ہی کوئی شاہانہ تقریب منعقد کی جارہی ہے ۔ ‘‘پشاور المیہ کے بعد عمران خان ، کوئی جشن منانے کے موڈ میں نہیں ہیں۔‘‘ یہاں یہ بات بھی بتادی جائے کہ عمران خان کی دلہن ریحام خان ایک برطانوی ، پاکستانی صحافی ہیں جنہوں نے اپنا کیرئیر بی بی سی میں موسمی پیش قیاسی کرنے والی رپورٹر کی حیثیت سے شروع کیا تھا ۔ بعد میں وہ بی بی سی نیٹ ورک کے لئے نشریاتی صحافی بن گئیں ۔ اب وہ ڈان آن لائن کی اینکرکی حیثیت سے کام کررہی ہیں ۔
ماضی میں عمران خان نے برطانوی صحافی اور حقوق کارکن جمیمہ گولڈ اسمتھ سے شادی کی تھی جو 9سال تک برقرار رہی ۔2004ء میں اس شادی کو باہمی رضا مندی سے ختم کردیا گیا ۔ جمیمہ نے بتایا کہ وہ پاکستان میں اپنی زندگی کو ہم آہنگ کرنے کے موقف میں نہیں تھیں ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ منگل کو جمیمہ نے ٹوئٹر کے ذریعہ عمران خان کو’’نئی زندگی کے آغاز پر‘‘ مبارکباد دی ۔ پی ٹی آئی کے بموجب شادی کا استقبالیہ یا ولیمہ نہیں ہوگا البتہ کل غریب بچوں میں غذائی اشیا ء تقسیم کی جائیں گی ۔ شیریں مزاری نے تاہم یہ تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ عمران خان اور ریحام خان کے درمیان آیا پہلے نکاح ہوا تھا۔ بتایاجاتا ہے کہ ایک لاکھ روپے مہر مقرر کیا گیا ہے ۔ نکاح تحریک انصاف پارٹی سربراہ نے بنی گالا فام ہاؤز میں ہوا جو اسلام آباد کے مضافات میں واقع ہے ۔ خطبہ نکاح مفتی سعید نے پڑھا ۔ عمران خان کی عمر62سال ہے جب کہ ریحام خان 42سال کی ہیں۔ عمران خان کی 4بہنوں میں سے کسی نے بھی تقریب نکاح میں شرکت نہیں کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ وہ اس شادی کے حق میں نہیں تھیں۔ ریحام خان کی پیدائش لیبیا میں ہوئی ۔ انہیں اپنے پچھلے شوہر سے جو ڈاکٹر ہیں تین بچے ہیں۔ وہ فی الحال ڈان نیوز پر ایک سیاسی ٹاک شو’’ ان فوکس وتھ رحم خان‘‘ پیش کرتی ہیں ۔ عمران سے ان کی شادی کی خبروں کے بعد اس شوکی ریٹنگ کافی بڑھ گئی ۔

Imran Khan marries ex-BBC journalist Reham Khan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں