میت فریزر کا استعمال اور تدفین میں تاخیر: شرعی احکام کیا ہیں؟

Dead Body Freezer Use in Islam: Shariah Guidelines
dead-body-freezer-islamic-ruling-burial-delay

جیسے جیسے دنیا مختلف امور میں ترقی کر رہی ہے، ویسے ویسے شرعی امور میں بھی ترقی کے نام پر تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ اس وقت جگہ جگہ میت فریزر کا استعمال عام ہوگیا ہے۔ کہیں کسی کا انتقال ہوتا ہے تو فوراً میت فریزر منگوایا جاتا ہے اور بلا ضرورت میت کو اس میں رکھ دیا جاتا ہے یہ کہتے ہوئے کہ میت کا بیٹا آ رہا ہے، فلاں رشتہ دار آ رہے ہیں، انہیں پہنچنے میں وقت لگے گا، اور ان کے انتظار میں تکفین و تدفین میں تاخیر کی جاتی ہے۔
یہ فریزر نہ جانے کتنے میتوں کی تکفین و تدفین کو بلا ضرورت مؤخر کروا رہا ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کے صریح خلاف ہے:
«أَسْرِعُوا بِالْجَنَازَةِ، فَإِنْ تَكُ صَالِحَةً فَخَيْرٌ تُقَدِّمُونَهَا إِلَيْهِ، وَإِنْ تَكُ غَيْرَ ذَلِكَ فَشَرٌّ تَضَعُونَهُ عَنْ رِقَابِكُمْ»
"جنازے میں جلدی کرو، اگر میت نیک ہے تو تم اسے خیر کی طرف جلد پہنچا رہے ہو، اور اگر وہ اس کے علاوہ ہے تو ایک برائی ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتار رہے ہو۔" (صحیح البخاری: 1315، صحیح مسلم: 944)

اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حتی الامکان سنت نبوی کے مطابق تکفین و تدفین میں جلدی کرنی چاہیے۔ لہٰذا محض اس وجہ سے کہ میت کا بیٹا یا کوئی رشتہ دار دور سے آ رہا ہے اور اسے پہنچنے میں ایک دو دن لگ جائیں گے، میت کو فریزر میں رکھ کر تدفین میں تاخیر کرنا مناسب نہیں ہے۔
اس حدیث کی عملی مثال ہمارے دور کے معروف محدث علامہ محمد ناصر الدین البانی رحمہ اللہ کی وفات کے موقع پر بھی ملتی ہے۔ انہوں نے اپنی وفات سے قبل وصیت فرمائی تھی کہ ان کی تکفین و تدفین میں جلدی کی جائے، جو قریب ہیں وہی لوگ نماز جنازہ کی ادائیگی کرلیں اور جو دور ہوں ان لوگوں کو وفات کی اطلاع جنازے کے بعد دی جائے؛ تاکہ لوگوں کے انتظار میں جنازے میں تاخیر نہ ہو۔ اور ایسا ہی ہوا، ان کی وفات کے تقریباً تین گھنٹے بعد نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ اس وصیت سے یہ معلوم ہوتا ہے دور کے رشتہ داروں کے انتظار میں جنازے کو مؤخر کرنا مناسب نہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ کیا کوئی زندہ انسان فریزر میں رہ سکتا ہے؟
جواب ہوگا: نہیں۔
تو پھر ایک مردہ انسان کو بلا ضرورت فریزر میں رکھ کر اس کے جسم کے ساتھ یہ سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ میت کے ساتھ بھی احترام کا معاملہ رکھنا چاہیے۔

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
«كَسْرُ عَظْمِ الْمَيِّتِ كَكَسْرِهِ حَيًّا» "میت کی ہڈی توڑنا ایسے ہی ہے جیسے زندہ شخص کی ہڈی توڑنا۔" (سنن ابی داود: 3207، سنن ابن ماجہ: 1616)امام نووی [خلاصة الأحكام(2/1035)]
اور ابن الملقن [البدر المنير(٦/٧٦٩)] وغيرہ نے اس کی سند کو صحیح کہا ہے۔
ابن الملک (ت854) رحمہ اللہ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں: هذا إشارة إلى أن الميت يتألم، أو إلى أنه لا يُهانَ ميتًا، كما لا يهانَ حيًّا. [شرح المصابيح (2/ 373)]
"یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ میت کو بھی تکلیف محسوس ہوتی ہے، یا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ جس طرح زندہ شخص کی بے حرمتی درست نہیں ہے ایسے ہی میت کی بھی بے حرمتی درست نہیں ہے۔"
ابن حجر ہیتمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: يستفاد منه...أنَّ الميت يتألم بجميع ما يتألم به الحي، ومِن لازمه أنه يستلذ بما يستلذ به الحي.
"اس سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ میت کو بھی ہر اس چیز سے تکلیف محسوس ہوتی ہے جس سے زندہ شخص تکلیف محسوس کرتا ہے، اس کا لازمی امر یہ ہے کہ میت بھی ان چیزوں سے لذت حاصل کرتی ہے جن سے زندہ شخص لذت حاصل کرتا ہے۔" [فتح الإله (6/123)]

گویا جس چیز سے ایک زندہ انسان کو تکلیف پہونچتی ہے اس سے میت کو بھی تکلیف پہونچ سکتی ہے لہذا احتیاط ضروری ہے۔
معاشرہ کے مقبول و معتبر علماء کرام کو چاہیے کہ اس معاملے میں عوام کو تنبیہ کریں، اگر اس معاملے میں شروع ہی سے احتیاط نہ کی گئی تو وہ وقت دور نہیں جب لوگ دو دو، تین تین دن تک صرف رشتہ داروں کے انتظار میں میت کو فریزر میں رکھے رہیں گے۔ پھر جب انہیں اس بارے میں تنبیہ کی جائے گی تو ممکن ہے وہ یہ کہیں کہ لوگ اتنے عرصے سے ایسا کرتے آ رہے ہیں، کسی نے ہمیں نہیں روکا اور آج آپ نئی نئی باتیں پیش کر رہے ہیں۔
اس لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے میں ابتدا ہی سے لوگوں کو سنت کے مطابق میت کی تکفین و تدفین میں تاخیر سے بچنے کی تلقین کی جائے۔ اللہ ہمیں شریعت کے مطابق چلنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

***
بشکریہ: رسالہ "نور توحید"، شمارہ: اکتوبر 2026ء
ادارتی وضاحت (ادارہ تعمیر نیوز):
اس مضمون میں مصنف نے میت فریزر کے بڑھتے ہوئے استعمال اور رشتہ داروں کے انتظار میں تکفین و تدفین مؤخر کرنے کے رجحان پر شرعی نقطۂ نظر سے اظہارِ خیال کیا ہے۔ تاہم اس ضمن میں یہ وضاحت ضروری ہے کہ محض رشتہ داروں کے انتظار میں بلا ضرورت تدفین میں تاخیر کرنا اور طبی، قانونی یا دیگر ناگزیر حالات میں میت کو محفوظ رکھنے کے لیے فریزر کا استعمال کرنا دو الگ نوعیت کے معاملات ہیں۔ اول الذکر پر شرعی اعتراض اپنی جگہ، لیکن مؤخر الذکر کو بھی اسی حکم کے تحت رکھنا درست نہیں ہوگا۔ ایسے معاملات میں حالات، ضرورت اور متعلقہ شرعی رہنمائی کو پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔ اس مضمون میں پیش کردہ آرا مصنف کے اپنے فقہی استدلال کی نمائندگی کرتی ہیں، جنہیں تمام حالات پر یکساں طور پر لاگو ہونے والا متفقہ شرعی فیصلہ نہیں سمجھنا چاہیے۔
Keywords: Dead Body Freezer in Islam, Islamic Burial Guidelines, Delaying Burial in Islam, Islamic Funeral Rites, Janazah in Islam, Muslim Burial Practices, Shariah Ruling on Freezers, Dead Body Preservation in Islam, Islamic Funeral Traditions, Respect for the Deceased in Islam, Burial Delay for Relatives, Hadith on Quick Burial, Islamic Funeral Ethics, Muslim Funeral Guidelines, Islamic Rulings on Burial, Refrigeration of Dead Bodies, Ghusl and Kafan in Islam, Islamic Burial Customs in India, Janazah Prayer, Islamic Religious Guidance
Dead Body Freezer Use in Islam: Shariah Guidelines
Islamic Guidelines on Dead Body Freezers: Delaying Burial, Funeral Rites and Respect for the Deceased