پانچ براعظموں کی اردو بستیوں سے اردو کے ادیبوں اور دانشوروں کی شرکت
اردو زبان کو قومی اور عالمی سطح پر فروغ دینے کا لائحہ عمل طے ہوگا
پروفیسر وسیم بریلوی اور ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین کی مشترکہ پریس کانفرنس
اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی اور فروغ اردو مشن کے لیے کام کرنے والے مرکزی حکومت کے سب سے بڑے ادارے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان دہلی میں ایک بین الاقوامی اردو کانفرنس کا انعقاد کررہی ہے جس کا افتتاح مرکزی وزیر برائے امور خارجہ عالی جناب سلمان خورشید کریں گے اور صدارت مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل عالی جناب ایم ایم پلّم راجو فرمائیں گے۔افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کے وزرائے مملکت عالی جناب جتن پرساد اور عالی جناب ششی تھرور ہوں گے۔ دیگر خصوصی مہمانوں میں لیفٹیننٹ جنرل ضمیرالدین شاہ،پروفیسر گوپی چند نارنگ ،سید محمد اشرف، پروفیسر ایس کے سوپوری، جناب اشوک ٹھاکر اور جناب اننت کمار سنگھ شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب کل شام پانچ بجے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے کنونشن سینٹرمیں منعقد ہوگی ۔ یہ سہ روزہ کانفرنس 4ستمبر سے 6ستمبر تک چلے گی اور اس میں قومی و عالمی سطح پر اردو زبان و ادب کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے اردو کی توسیع و ترویج اور تعلیم و تدریس سے متعلق مسائل اور ان کے حل پر غور کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک مربوط لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
قومی اردو کونسل کے وائس چیئر مین پروفیسر وسیم بریلوی اور ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے آج ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ا س بین الاقوامی اردو کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور دیگر تفصیلات سے میڈیا کوواقف کراتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں پانچ بر اعظموں آسٹریلیا، امریکہ، یوروپ، افریقہ اور ایشیا کے ایک درجن سے زائد ملکوں سے اردوکے ادیب، نقاد اور شعرا بطور مندوبین شرکت کریں گے اور کانفرنس کے مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ان ملکوں میں امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ، کناڈا، روس،ترکی، مصر،ایران، پاکستان، سعودی عرب،دوبئی،دوحہ قطر اور ماریشس شامل ہیں۔ ملک اور بیرون ملک سے جودیگر مشاہیر اس کانفرنس میں شریک ہورہے ہیں ان میں جسٹس راجندر سچّر، پروفیسر شمس الرحمن فاروقی،جناب جاوید اختر، جناب رضا علی عابدی،پروفیسر مظفر حنفی،جناب عطاء الحق قاسمی،جناب محمد علوی،جناب تقی عابدی، ڈاکٹر راحت اندوری اورڈاکٹر نواز دیوبندی قابل ذکر ہیں۔کانفرنس کے پہلے دن ساڑھے چھ بجے شامِ غزل کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ممبئی کی مشہور گلوکارہ پوجا چرن گوئٹنڈے غزلیں سنائیں گی۔
دوسرے دن"اردو کے فروغ میں سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کا کردار "کے موضوع پر اجلاس ہوگا جس کی مجلس صدارت میں پروفیسر وسیم بریلوی کے ساتھ محمد علی اشرف فاطمی، جسٹس راجندر سچّر، مولانا ولی رحمانی، پروفیسر محمد میاں اور ڈاکٹر ظہیر قاضی شریک ہوں گے اور پروفیسر عبدالحق، ڈاکٹر اطہر فاروقی، جناب خوشتر نورانی، جناب انیس اعظمی، ڈاکٹر ظفر محمود ، جناب اے رحمان خاں، جناب نسیم عارفی اور خواجہ محمد اکرام الدین مقالے پیش کریں گے۔ اسی روز دوسرے اجلاس کا موضوع ہوگا"اردو کا عالمی تناظر:تہذیب و ادب کے حوالے سے"۔ اس کی مجلس صدارت قومی اردو کونسل کے وائس چانسلر کے علاوہ پروفیسر شمس الرحمن فاروقی، عطاء الحق قاسمی، سید تقی عابدی اور پروفیسر عبدالحق پر مشتمل ہوگی۔ محترمہ عشرت آفریں جعفری(امریکہ)ڈاکٹر لدمیلا واسیلیوا (روس) ڈاکٹر احمد محمد احمد عبدالرحمن (مصر)جناب عنایت حسین عیدن(ماریشس) پروفیسر جلال السعید مصطفیٰ الحفناوی(مصر)پروفیسر حلیل طوقار (ترکی) ڈاکٹر وفا یزداں منیش (ایران) اور ڈاکٹر احمد رحمت علی (ماریشس) مقالے پڑھیں گے۔ اس روز شام ساڑھے پانچ بجے بین الاقوامی مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں پروفیسر وسیم بریلوی، جاوید اختر، راحت اندوری، انور جلال پوری ، فرحت شہزاد (امریکہ) عباس تابش (پاکستان) ڈاکٹر عبداﷲ و عشرت آفریں (امریکہ) ڈاکٹر زبیر(دبئی) عمر سلیم العدروس(سعودی عرب) عزیز نبیل و جلیل نظامی (دوحہ) اشفاق حسین زیدی (کناڈا) ڈاکٹر نگہت نسیم (آسٹریلیا) عطاء الحق قاسمی (پاکستان) نسیم نکہت، نواز دیو بندی، سریندر شجر، شجر، محمد علوی،مظفر حنفی، شاہد عدیلی، پرمود تیواری اور مہتاب عالم اپنا کلام پیش کریں گے۔
تیسرے دن کاپہلا اجلاس "اردو کے فروغ میں فلم اور میڈیا کا کردار" پر مرکوز ہوگا جس کی مجلس صدارت رضا علی عابدی، جاوید اختر، ایس ایم خان، زاہد علی خان اور محترمہ کامنا پرشاد پر مشتمل ہوگی۔ اس میں ڈاکٹر نگہت نسیم ، شکیل حسن شمسی، تحسین فراقی(پاکستان) عبید اﷲ شریف، سید فیصل علی، آصف اعظمی اور مشرف عالم ذوقی مقالے پیش کریں گے۔ دوسرے اجلاس کا موضوع" انسان دوستی کے فروغ میں اردو کا کردار" ہوگا، جس کی صدارت پروفیسر گوپی چند نارنگ، پروفیسر شمیم حنفی، پروفیسر اخترالواسع، پروفیسر عتیق اللہ اور پروفیسروبھوتی نرائن رائے کریں گے۔ اردو کے نامور قلم کار و ادیب اس اجلاس میں اپنے قیمتی مقالات پڑھیں گے۔6 ستمبر کا آخری اجلاس سفارشات و تجاویز پر مبنی ہوگا۔ اجلاس کے دوران جو سفارشات اور تجاویز آئیں گی کونسل انھیں عملی شکل دینے کا اعلان کرے گی۔
قومی اردوکونسل کے وائس چیئر مین اور ڈائرکٹر نے بتایا کہ کونسل فروغ اردو مشن کے تحت متعدد اسکیموں کے علاوہ اردو زبان کے مسائل اور اس کی اہمیت اور ترقی کے موضوع پر ملک کے مختلف علاقوں میں سیمینار و سمپوزیم وغیرہ کا بھی انعقاد کرتی آئی ہے اور اب کونسل عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد اس لیے کررہی ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی تناظر میں اردو زبان کے فروغ کے امکانات کو تلاش کیا جاسکے اور اس کی ہمہ جہت ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا اردو خالصتاً آریائی زبان ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی رابطے کی بھی زبان ہے اور آج یہ زبان امریکہ، کناڈا، برطانیہ، روس، مصر، ترکی، ایران، ماریشس جیسے ممالک میں بھی مقبول ہوتی جارہی ہے۔ اردو کی نئی بستیوں سے اردو زبان و ادب کو ایک نئی جہت ملی ہے اوربین الاقوامی اردو کانفرنس کا انعقاد اسی پس منظر میں کیا جارہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ اپنی نوعیت کی یہ پہلی بڑی کانفرنس ہے جس کا اہتمام قومی اردو کونسل نے کیا ہے۔ کانفرنس کے تمام اجلاس، شام غزل اور مشاعرہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوں گے۔ پروفیسر وسیم بریلوی اور ڈاکٹر خواجہ محمداکرام الدین نے ملک کے تمام محبان اردو سے اس عالمی کانفرنس میں شرکت کرکے کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی اور امید ظاہر کی کہ تمام اردو برادری اس اردو کانفرنس میں شریک ہوکر فروغ اردو مشن کو مزید آگے بڑھانے میں کونسل کی معاونت کرے گی۔
(رابطہ عامہ سیل)
Inauguration of International urdu conference today at JNU New Delhi by NCPUL
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں