رجنی کانت کی طرف سے اپنی سیاسی ویب سائٹ کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-01-01

رجنی کانت کی طرف سے اپنی سیاسی ویب سائٹ کا آغاز

نئی دہلی
ایجنسیاں
تمل سپر اسٹار رجنی کانت نے پیر کے روز اپنی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن کا آغاز کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر ایک ویڈیو پوسٹ کر کے اعلان کیا کہ اس کا مقصد لوگوں کو اپنے ساتھ منسلک کرنا ہے۔ لوگ اپنے نام اور ووٹر شناختی نمبر درج کرکے اس ویب سائٹ پر خود کو رجسٹر کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کل اتوار کو رجنی کانت نے سیاست میں داخلے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2021 کے تامل ناڈو اسمبلی انتخابات میں تمام 234 نشستوں پر وہ اپنی امیدوار کھڑے کریں گے۔

ویڈیو میں، رجنی کانت نے اپنی پارٹی سے واپستہ ہونے کی لوگوں سے اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا، "میں نے اپنے مداحین اور رضاکاروں سے جڑنے کے لیے rajinimandram.org نام سے ویب سائٹ کا آغاز کیا ہے۔ جو بھی افراد موجودہ سیاست میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں وہ اپنے نام اور ووٹر شناختی نمبر کے ساتھ خود کو ویب سائٹ پر رجسٹر کریں۔"

اپنی مختصر تقریر میں، رجنی کانت نے کہا، "موجودہ نظام کو تبدیل کرنے اور بدعنوانی سے لڑنے کی ضرورت ہے۔"
"جمہوریت کے نام پر سیاست داں ہمارا سرمایہ چھین رہے ہیں۔ ایسی نازک صورتحال میں اگر میں سیاست میں نہ آیا تو یہ میرے لئے شرم کی بات ہوگی، کیونکہ لوگوں نے مجھے ہمیشہ اپنا پیار دیا ہے۔ یہ کوئی فلم نہیں ہے، یہ سچ ہے۔ "

واضح رہے کہ تامل ناڈو کی سیاست میں فلمی اداکاروں کا دبدبہ ہمیشہ قائم رہا ہے۔ گزشتہ 60 برسوں کے دوران ریاست میں سب سے طویل وقت تک وزیر اعلی رہے ایم كروناندھی، ایم جی رامچندرن اور جے للیتا ، تینوں ہی فلمی صنعت سے تعلق رکھتے تھے۔

سوپر اسٹار امیتابھ بچن اور کمل ہاسن نے رجنی کانت کی سیاست میں داخلے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔
امیتابھ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، "میرے پیارے دوست اور ساتھی رجنی کانت نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی کامیابی کے لئے میری نیک خواہشات پیش ہیں"

جنوبی ہند کے مقبول کمل ہاسن نے ٹویٹ کیا، " میں رجنی بھائی کی جانب سے سماجی ذمہ داری نبھانے اور سیاست میں ان کے داخلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ "

ایک نیوز ایجنسی کے بموجب، بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے رجنی کانت کے لئے اتوار کو کہا تھا، '' انہوں نے صرف اعلان کیا ہے کہ وہ سیاست میں آ رہے ہیں۔ سیاست سے متعلق نہ انہیں معلومات حاصل ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی سیاسی منشور ہے۔ یہ صرف میڈیا کی تشہیر ہے، جبکہ تامل ناڈو کے باشندے اس معاملے میں کافی باشعور ہیں"

رجنی کانت کی طرف سے علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کے اعلان کے بعد تمل ناڈو بی جے پی کے صدر سودر راجن نے ٹویٹ کرتے ہوئے دعوی کیا، "رجنی کانت 2021 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے، لیکن اس سے قبل وہ 2019 میں مودی کی قیادت والے اتحاد کا حصہ ہوں گے۔ وہ بی جے پی کے فطری سیاسی اتحادی ہیں اور عام انتخابات میں بی جے پی کی فتح کے لئے اپنی پوری کوشش کریں گے۔ "
rajinikanth launches his website posts video on twitter asks for support

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں