چارہ اسکام - لالو پرشاد یادو کی سزا کے فیصلے کا اعلان ملتوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-01-03

چارہ اسکام - لالو پرشاد یادو کی سزا کے فیصلے کا اعلان ملتوی

رانچی
ایجنسیاں
سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے مشہور زمانہ چارہ اسکام معاملہ میں، راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ اعلیٰ لالو پرساد یادو کی سزا کا اعلان آج کے بجائے کل جمعرات تک ملتوی کر دیا ہے۔ وکیل وندیشوری پرساد کے انتقال کے باعث فیصلہ کا اعلان جمعرات تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

لالو پرساد یادو کو سخت حفاظتی اقدامات کے درمیان برسا منڈا جیل سے رانچی میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں لایا گیا تھا۔ آر جے ڈی کے بیشمار کارکنان بھی لالو یادو کے ساتھ موجود تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 24/دسمبر کو سی بی آئی جج نے 1990-94 کے دوران سرکاری خزانے سے 89.27 لاکھ روپے کے تغلب کے معاملے میں لالو یادو کو ملزم قرار دیا تھا۔ عدالت نے 22 ملزمین میں سے 6 کو بری بھی کیا تھا جن میں ایک سابق وزیراعلیٰ جگناتھ مشرا بھی شامل تھے۔ اور لالو یادو سمیت باقی 16 ملزمین کو برسا منڈا جیل بھیج دیا گیا تھا۔

دریں اثنا سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آر جی جے پی رہنما رگھوونش پرشاد سنگھ، تیجسوی یادو اور منوج جھا کو توہینِ عدالت کا ملزم قرار دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے پر، منوج جھا نے کہا کہ یہ ہمارے لئے ایک پریشان کن فیصلہ ہے جبکہ ہم نے متذکرہ عدالتی مقدمے کے خلاف ایک بھی لفظ نہیں ادا نہیں کیا تھا۔

تاہم، اس فیصلے کے بعد، لالو یادو نے کہا تھا کہ انہیں اور دیگر سیاسی افراد کو بی جے پی نے ایک سازش کے تحت پھنسایا ہے۔ عدالت کے فیصلے کے خلاف لالو کے خاندان نے ہائیکورٹ میں اپیل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

یاد رہے کہ 2013 میں بھی عدالت نے انہیں چائی باسا سرکاری خزانے سے 37.5 کروڑ روپے غبن کے معاملے میں قصوروار قرار پانے پر پانچ سال کی جیل اور 25 لاکھ کی سزا سنائی تھی۔

اس معاملے سے منسلک سی بی آئی ذرائع کے مطابق، لالو کے نام پر پانچ کیس جھارکھنڈ میں اور ایک معاملہ بہار میں درج کیا گیا ہے۔ جھارکھنڈ کے 5 مقدمات میں سے لالو دو میں مجرم قرار دیے جا چکے ہیں۔ باقی 3 معاملات میں، مقدمے کی سماعت جاری ہے۔ ان میں دمکا ٹریژری سے 97.3 کروڑ روپے، چائی باسا ٹریژری سے 36 کروڑ روپے، ڈورنڈا ٹریژری سے 184 کروڑ روپے اور بہار کی بھاگلپور ٹریژری سے 45 لاکھ روپے کے غبن کے مقدمات شامل ہیں۔

fodder scam case quantum of sentence for lalu prasad yadav to be pronounced tomorrow in cbi special court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں