2019 لوک سبھا و اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا - شیوسینا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-01-23

2019 لوک سبھا و اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا - شیوسینا

ممبئی
ایجنسیاں
shivsena-2019-elections
مرکز میں حکمراں جماعت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی تقریباً دو دہائیوں تک اہم اتحادی برقرار رہی شیو سینا نے آج ایک طاقتور جھٹکا دیا ہے۔ منگل کو شیو سینا کے قومی اجلاس میں یہ طے کیا گیا ہے کہ 2019 کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شیوسینا اپنی حلیف جماعت بی-جے-پی سے علیحدہ ہو کر اپنی قوت آزمائے گی۔ واضح رہے کہ فی الحال مہاراشٹر اور مرکز میں شیوسینا، بی جے پی کی ایک اہم حلیف جماعت ہے ونیز مہاراشٹر میں دونوں جماعتوں کی مخلوط حکومت جاری ہے۔
ایگزیکٹو میٹنگ میں، شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ان کی پارٹی ہر ریاست کے انتخابات میں ہندتوا کی حفاظت کی خاطر مقابلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ ریاست اور مرکز کی سطح پر شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان تعلقات میں ایک طویل سردمہری جاری ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کچھ دن قبل دھمکی دی تھی کہ اگر ضرورت ہو تو وہ اپنی پارٹی کو این ڈی اے سے علیحدہ کر لیں گے۔ پارٹی رہنما سنجے راوت نے کہا کہ ان کی پارٹی 2019 کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی۔

شیوا سینا کا یہ فیصلہ ادھو کے بیان کے پس منظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ 2014 ء اسمبلی انتخابات میں نشستوں کی تقسیم کے اختلاف پر بی جے پی اور شیو سینا نے الگ الگ طور سے حصہ لیا تھا۔ اس انتخاب میں، بی جے پی ہی سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئی اور شیو سینا نے انتخابی نتیجے کے بعد بی جے پی سے اتحاد کر کے حکومت قائم کی تھی۔

حالیہ دنوں میں، مہاراشٹر حکومت میں شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان تنازعہ جاری ہے۔ دونوں جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے پر مخالفانہ بیان بازی کر رہے ہیں۔ شیو سینا نے اپنے اخبار 'سامنا' کے ذریعہ حالیہ دنوں میں نریندر مودی حکومت کے لاتعداد مسائل پر تنقید کی ہے۔ علاوہ ازیں شیو سینا مودی حکومت کے نوٹ بندی فیصلے کی مسلسل مخالفت پر کمربستہ ہے۔
سرحد پر پاکستانی گولہ باری کے موضوع پر بھی مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بلٹ ٹرین پروجیکٹ پر بھی شیوسینا نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کے نشانے پر لیا تھا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کے دیوندر فڈنویس حکومت کی 39 رکنی کابینہ میں، شیو سینا کے 12 وزراء ہیں۔ ان میں 5 کابینہ سطح کے وزراء شامل ہیں۔ مرکزی حکومت میں شیوسینا کے ایک ریاستی وزیر اننت گیتے شامل ہیں۔

Shiv Sena will contest 2019 Assembly and Lok Sabha elections solo, no alliance with BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں