اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری ضروری - مرکزی وزیر مختار عباس نقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-26

اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری ضروری - مرکزی وزیر مختار عباس نقوی

اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری ضروری ۔مرکزی وزیر مختار عباس نقوی
کوزی کوڈ
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا ہے کہ مرکزمیں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے وعدہ کی پابند ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتی فرقوں کے طلباء کے لئے بھی کئی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، تاکہ وہ زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر مستقبل کو درخشاں بناسکیں ۔ یہاں ایک تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے کہ اقلیتی فرقوں کے طلباء کو بھی حصول تعلیم کی خاطر خواہ سہولتیں حاصل ہوسکیں ۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ طلباء کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایاجاسکے ۔ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے علاوہ نظام تعلیم کو بھی اس طرح بنایاجارہا ہے کہ طلباء کے لئے تعلیمی اخراجات کوئی بوجھ نہ ہوں ۔ اس سلسلہ میں ہم نے تحریک تعلیم مہم شروع کی ہے ۔ تاکہ اقلیتوں کو تعلیم کے تعلق سے راغب کرتے ہوئے شعور بیدار کیاجاسکے ۔ وزارت کی جانب سے اس سلسلہ میں تقریبا65فیصد بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلباء میں مہارت پید اکرنے کے لئے بھی حکومت منصوبہ بنارہی ہے ۔وزیرا عظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے وعدہ کی پابند ہے ۔ سماج کے تمام طبقات جس میں اقلیتیں بھی شامل ہیں۔ انہیں معیاری تعلیم کی سہولتیں حاصل ہوں گی ۔ اور تعلیم کے لئے درکار اخراجات ان پر کوئی بوجھ نہیں ہوں گے ۔ تمام طلباء آسانی کے ساتھ تعلیمی اخراجات اداکرنے کے موقف میں رہیں گے ۔ اقلیتی فرقوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں ۔ مرکز کی جانب سے بطور شادی شگون51ہزار روپے ایسی لڑکیوں کے لئے فراہم کئے جائیں گے جنہوں نے اپنی گریجویشن کی تعلیم مکمل کرلی ہے ۔ یہ بات جاری کردہ ایک ریلیز میں بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے وزارت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات جیسے ہنر ہاتھ، سیکھو اور کام کرو، نئی منزل، غریب نواز اسکل ڈیولپمنٹ اسکیم اور نئی روشنی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ مذکورہ اسکیمات کے ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ اقلیتی فرقوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا سو نوجوان اس سال سیول سرویس امتحانات کے لئے منتخب ہوئے ہیں جن میں سے52کا تعلق مسلم فرقہ سے ہے۔

نوشاد کا یوم پیدائش ، ممتا بنرجی اور لتا منگیشکر کا خراج
کولکتہ
یو این آئی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج فلمی دنیا کے موسیقار اعظم نوشاد کو ان کے98ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج پیش کیااور اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ہندی فلمی گیتوں کے مشہور کمپوزر کو ہم آج یاد کرتے ہیں ۔ بلبل ہند بھارت رتن یافتہ لتا منگیشکر نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا ہے کہ نمسکار، آج مہان سنگیت کار نوشاد صاحب کی جینتی ہے میں ان کی شخصیت کو اور سنگیت کو نمن کرتی ہوں ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ نوشاد صاحب25دسمبر1919کو لکھنو میں پیدا ہوئے ۔ وہ ہندی فلموں کے لئے موسیقار اعظم کی حیثیت سے جانے جاتے تھے ۔ بالخصوص انہوں نے فلموں میں کلاسیکی موسیقی کو فروغ دیا ۔ ایک آزاد میوزک ڈائرکٹر کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم پریم نگر تھی جو1940میں ریلیز ہوئی تھی۔ ان کی پہلی موسیقی کی رتن فلم تھی جو1949میں جاری ہوئی تھی۔ بعد میں ان کی35فلمیں سیلور جوبلی ہٹ ،12فلمیں گولڈن جوبلی اور تین فلمیں ڈائمنڈ جوبلی کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔

ممبئی میں پہلی ایر کنڈیشنڈ لوکل ٹرین کا آغاز
ممبئی
آئی اے این ایس
انڈین ریلویز نے1867ء میں بھانپ انجن کی پہلی لوکل ٹرین کے افتتاح کے150سالہ بعد ممبئی مسافرین کے لئے ملک کی پہلی ایر کنڈیشنڈ لوکل ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ کرسمس اور ماقبل سال نو کے موقع پر پہلی اے سی لوکل ٹرین میڈیا، عہدیداروں ، کچھ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے لئے بوریولی اور چرچ گیٹ اسٹیشن کے درمیان چلائی گئی ۔ عام تعطیل ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مشتاق مسافرین کا ہجوم بوریولی اور دیگر اسٹیشنوں پر پہنچ گیا۔ ٹرین یکم جنوری2018ء سے اپنی مکمل خدمات کا آغاز کرے گی۔ اور دن میں بارہ چکر لگائے گی۔ ڈبلیوآر کے چیف ترجمان رویندر بھاکر کے مطابق ہفتہ کے تمام دن لوکل روٹ پر چھ واپسی کی خدمات (جملہ بارہ خدمات) فراہم کرے گی۔ موجودہ منصوبوں کے مطابق روزانہ بارہ چکروں میں سے آٹھ چکر بطور فاسٹ ٹرین چرچ گیٹ۔ ورار(پال گھر) جب کہ تین چرچ گیٹ۔ بوریولی پر چلائی جائیں گی دونوں ٹرینیں بڑے اسٹیشنوں پر ہی توقف کریں گی جبکہ ایک ٹرین سلوسرویس کے طور پر تمام اسٹیشنوں پر توقف کرتے ہوئے مہالکشمی ، اور بوریولی کے درمیان چلے گی۔ ریلوے نے افتتاحی کرایہ کا بھی اعلان کردیا جو فرسٹ کلاس یک رخی عام ٹکٹ کا1.2گنا اضافہ اور بعدازاں1.3گنا اضافہ ہوگا جو اوسطاًاقل ترین60روپے اور اعظم ترین205روپے ہوتا ہے ۔ مسافر کے لئے ماہانہ سیزن ٹکٹ570اور2070روپے کے درمیان ہوگا ۔ انٹیگرل کوچ فیکٹری چینائی میں تیار کردہ مکمل طور پر اے سی ایر سسپنشن کو چس میں تقریبا چھ ہزار مسافرین کی گنجائش ہے۔ اس کے دروازوں کا خود کار کھلنے اور بند ہونے کا نظام ہے ۔ علاوہ ازیں ایل ڈی لائٹس ، مسافرین اور گارڈ کے درمیان ایمر جنسی ٹاک پیاک سسٹم کے علاوہ پبلک ایڈریس سسٹم، عصری جی پی پر مبنی مسافر کی تفصیلات کا نظام،100کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار، تمام بارہ کوچس کو جوڑنے والا ہوا بند وسیٹی بیولس اور دیگر جدید سہولتوں کے علاوہ مسافرین کے لئے حفاظتی خصوصیات سے آراستہ ہے ۔ اس پیش رفت کو ممبئی کی شہ رگ لوکل ٹرین نیٹ ورک کے لئے تاریخی قرار دیا گیا جسکا آغاز1867ء میں پہلی بھانپ انجن کی لوکل ٹرین سے ہوا تھا۔ تاہم ریلوے کی تاریخ اس سے بھی14سال قبل تحریر ہوگئی تھی جب16اپریل1853ء میں ہندوستان کی پہلی ٹرین بوری بندر (موجودہ چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمینس) سے تھانے چلائی گئی تھی، جس نے34کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا ۔ ساٹھ سال بعد5جنوری1928ء کو پہلی الکٹرک ای ایم یو ٹرین متعارف کرائی گئی اور لوکل ٹرین کا نیٹ ورک 90سالوں میں بتدریج ترقی کرتا گیا۔
India's first air-conditioned local train flagged off in Mumbai today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں