چارہ اسکام کیس - لالو یادو پر جرم ثابت - جیل منتقل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-24

چارہ اسکام کیس - لالو یادو پر جرم ثابت - جیل منتقل

چارہ اسکام کیس: لالو یادو پر جرم ثابت، جیل منتقل
دیگر پندرہ ملزمین بھی خاطی ۔ سابق چیف منسٹر جگناتھ مشرا بشمول چھ ملزمین بری۔ 3جنوری کو سزا کا اعلان
رانچی
پی ٹی آئی
آر جے ڈی کو آج ایک بڑا دھکہ اس وقت پہنچا جب سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے سابق چیف منسٹر بہاربہار لالو پرساد اور دیگر پندرہ کو آج اکیس سال پہلے کے چارہ اسکام کیس میں خاطی قرار دیا ۔عدالت نے ایک اور سابق چیف منسٹر جگناتھ مشرا کے بشمول دیگر چھ ملزمین کو بری کردیا۔ خصوصی جج شیو پال سنگھ نے عوام سے کھچا کھچ بھرے کمرہ عدالت میں فیصلہ سنایا۔ یہ مقدمہ1991اور1994کے درمیان دیو گڑھ خزانہ دے دھوکہ دہی کے ذریعہ89.27لاکھ روپے نکالنے سے متعلق ہے ۔ عدالت 3جنوری کو سزا کااعلان کرے گی ۔ فیصلہ کی کاپی فوری طور پر دستیاب نہ ہوسکی۔69سالہ لالو پرساد اور دیگر خاطیوں کو فیصلہ صادرہونے کے فوری بعد حراست میں لے لیا گیا اور انہیں جیل منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو جو بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن ہیں عدالت میں موجود تھے ۔ رانچی کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں13دسمبر کو سماعت مکمل ہوگئی تھی۔ اس کیس کے مجموعی طور پر34ملزمین ہیں جن کے منجملہ گیارہ مقدمہ کی سماعت کے دوران فوت ہوگئے جب کہ ایک ملزم سی بی آئی کا معافی یافتہ گواہ بن گیا اس نے اقبال جرم کرلیا ہے۔ لالو پرساد کو جیل بھیج دیا گیا ۔ برہم آر جے ڈی کارکنوں نے پولیس کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس میں لالو پرساد کو جیل لیجایاجارہا تھا۔ خصوصی سی بی آئی جج شیو پال سنگھ تقریباً3:40بجے فیصلہ صادر کیا۔ ملزمین گیارہ بجے دن سی بی آئی عدالت میں حاضر ہوئے تھے اور فیصلہ کو3:00بجے دن تک ملتوی کیا گیا تھا ۔ ایک وکیل کے مطابق اس کیس میں 34ملزم تھے ۔ سی بی آئی جج نے پہلے وہ چھ نام پڑھے جنہیں رہا کیا گیا ہے ۔ بری کئے جانے والوں میں بہار کے سابق وزیر ودیا ساگر نشاد اور اس وقت کے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے صدر نشین دھروا بھگت بھی شامل ہیں ۔ سینئر آر جے ڈی قائد رگھونس پرساد سنگھ نے فیصلہ کے بارے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ اس فیصلہ سے ہمیں مایوسی ہوئی ہے ۔ اسی کیس میں جگناتھ مشرا کوبری کردیا گیا ہے ۔ لالو کو جیل ملی ہے جب کہ مشرا کو بیل(ضمانت) ملی ہے ۔ یہ نریندر مودی کا کھیل ہے ۔ واضح رہے کہ لالو پرساد اور جگناتھ مشرا دونوں ہی2013ء میں چارہ اسکام کیس میں خاطی قرار دئیے جاچکے ہیں اور ضمانت پر رہا ہوئے تھے ۔ دونوں چارہ اسکام سے متعلق چار کیس کے ملزمین ہیں ۔ دیگر دو کیسس میں رانچی کی خصوصی سی بی آئی عدالتوں میں مقدمات جاری ہیں ۔ تین کیسس کی رفتار میں جاریہ سال مئی میں اس وقت تیزی آئی جب سپریم کورٹ نے ہدایت دی کہ مقدمہ کو نو ماہ کے اندر مکمل کیاجائے۔ پٹنہ سے موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق سابق چیف منسٹر بہار و آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کو رانچی کی خصوصی عدالت کی جانب سے آج چارہ اسکام سے متعلق ایک کیس میں خاطی قرار دئیے جانے کے چند ہی منٹوں بعد پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ اس فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیالنج کرے گی۔ سینئر پارٹی قائد جگدانند سنگھ نے جو لالو پرساد کے قریبی تصور کئے جاتے ہیں، یہاں میدیا کو بتایا کہ آر جے ڈی خصوصی سی بی آئی عدالت کے حکم کو جلد ہی اعلیٰ عدالت میں چیالنج کرے گی۔ سابق ریاستی وزیر جگدانند سنگھ نے سی بی آئی کو بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کا’’ طوطا‘‘ اور روبوٹ قرار دیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آر جے ڈی متحد ہے اور متحد رہے گی ۔ سنگھ نے کہا کہ ہم فرقہ پرست اور فاشسٹ طاقتوں کے خلاف سیاسی جنگ لڑیں گے کیونکہ ہمارے قائد لالو پرساد نے ان کے آگے جھکنے سے انکار کردیا ہے ۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب چارہ اسکام کیس میں صدر آر جے ڈی لالو پرساد یادو کو خاطی قرار دئیے جانے کے خصوصی عدالت کے فیصلہ کے چند ہی منٹ بعد صدر آر جے ڈی لالو پرساد نے بی جے پی کی معاندانہ سیاست پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ سارا بہار میرے ساتھ ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹس میں کہا کہ دھرم یدھ میں لالو اکیلا نہیں ، پورا بہار میرے ساتھ ہے ۔ اگرنیلسن منڈیلا، مارٹن لوتھر کنگ، بابا صاحب امبیڈ کر جیسی شخصیتیں اپنی کوششوں میں ناکام ہوجاتے تو تاریخ انہیں ویلن بتاتی ۔ بعض جانبدار، نسل پرست اور ذات پات کا میلان رکھنے والے ذہنوں کے لئے مذکورہ شخصیتیں ہنوز ویلن ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ خصوصی عدالت سی بی آئی نے دودہے قدیم چارہ اسکام کیس میں سابق چیف منسٹر بہار لالو پرساد کو آج خاطی قرا ر دیا۔ لالو پرساد نے مزید کہا کہ با اثر لوگ اور با اثر طبقات ہمیشہ ہی سماج کو حکمراں اور زیر حکومت طبقات میں تقسیم کرتے ہیں اور جب کبھی کمتر سطح سے اس غیر منصفانہ طریقہ کو چیلنج کیاجاتا ہے تو یہ چیلنج کرنے والے کو عمداً سزا دی جاتی ہے ۔

Fodder Scam Case Verdict: Lalu Yadav Convicted

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں