گجرات اور ہماچل میں بی جے پی کا ا قتدار یقینی - مختلف اگزٹ پولس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-15

گجرات اور ہماچل میں بی جے پی کا ا قتدار یقینی - مختلف اگزٹ پولس

گجرات اور ہماچل میں بی جے پی کا ا قتدار یقینی
مختلف میڈیا اداروں کا اگزٹ پول
نئی دہلی
پی ٹی آئی
گجرات اور ہماچل پردیش کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی بہ آسانی کامیابیاں نظر آتی ہیں۔ مختلف میڈیا تنظیموں کی جانب سے منظم کردہ اگزٹ پولس میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ تقریباً تمام اگزٹ پولس میں گجرات میں بی جے پی کے لئے زائد از100نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ گزشتہ لگ بھگ بیس سال سے بی جے پی، اس ریاست میں بر سر اقتدار ہے۔ ہماچل پردیش میں رائے دہندوں نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کو اب تک یکے بعد دیگرے یا متبادل کے طور پر چنا ہے ۔ اگزٹ پولس میں بی جے پی کو واضح اکثریت ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا کہ کانگریس اس ریاست میں اقتدار کھودے گی۔ گجرات میں بی جے پی کو135نشستیں ملنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے جب کہ کانگریس کو47نشستیں ملنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ موجودہ اسمبلی میں کانگریسی ارکان کی تعداد61ہے ۔ اگزٹ پولس میں بی جے پی کو49فیصد اور کانگریس کو38فیصد ووٹ ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ گجرات میں تشکیل حکومت کے لئے182رکن اسمبلی میں کسی بھی پارٹی یا اتحاد کو کم از کم92نشستوں پر کامیابی درکار ہے ۔2012ء میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے115سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریسی ارکان نے61سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دیگر پارٹیوں کی تعداد چھ تھی۔ چینل ٹائمز ناؤ، وی ایم آر کے اگزٹ پولس میں بی جے پی کے لئے115، کانگریس کے لئے64اور ماباقی نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ریپلک۔ سی، ووٹر اگزٹ پولس نے بی جے پی کے لئے108اور کانگریس کے لئے74نشستوں کی پیش قیاسی کی ہے۔ اے بی پی۔ سی ایس ڈی ایس، اگزٹ سروے میں جو اے بی پی نیوز نے کیا ہے، بی جے پی کو117سیٹوں اور کانگریس کو64سیٹوں پر کامیاب بتایا گیا ہے ۔ این ڈی ٹی وی کے اگزٹ پولس کے بموجب بی جے پی کو112اور کانگریس کو70نشستیں ملنے کا امکان ہے ۔ آج تک نیوز چینل نے بھی گجرات میں بی جے پی کے بر سر اقتدار رہنے کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ اس پارٹی کو99اور 113نشستوں کے درمیان تعداد میں سیٹیں ملیں گی۔ آج تک کا واحد سروے ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی ارکان کی تعداد100سے کم بھی ہوسکتی ہے ۔کانگریس کے لئے اس چینل نے62تا82نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ ای وی۔ وی ایم آر کے سروے میں بھی بی جے پی کی کامیابی کی پیش گوئی کی گئی ہے اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ پارٹی108اور118نشستوں کے درمیان سیٹیں حاصل کرے گی۔ کانگریس61تا71سیٹیں جیت سکتی ہے۔سروے میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کو48فیصد، کانگریس کو41فیصد اور دیگر امید واروں کو 11فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے ۔ اگزٹ پولس میں ہماچل پردیش میں بی جے پی کی، اقتدار پر بہ آسانی واپسی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ٹائمس ناؤ۔ وی ایم آر اور زی نیوز۔ ایکسس اگزٹ پول میں بی جے پی کے لئے51نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ریاست ہماچل پردیش میں اسمبلی ارکان کی تعداد68ہے۔ ایوان میں سادہ اکثریت کے لئے کسی پارٹی کو35سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ آج تک۔ ایسس اگزٹ پولس میں بھگوا پارٹی کے لئے55-47،کانگریس کے لئے13-20اور دیگر امید واروں کو صفر تا2نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔

Exit polls predict BJP's win in Himachal Pradesh and Gujarat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں