کانگریس دور میں من کی بات کہی نہیں بلکہ سنی جائے گی - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-11-14

کانگریس دور میں من کی بات کہی نہیں بلکہ سنی جائے گی - راہول

کانگریس دور میں من کی بات کہی نہیں بلکہ سنی جائے گی - راہول
بیچاراجی(گجرات)
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی تنقیدوں کو جاری رکھتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پیر کو گجرات میں ایک بڑے اجتماع میں بتایا کہ جس طرح این ڈی اے حکومت نے نوٹ بندی اور اشیاء و خدمات ٹیکس( جی ایس ٹی) کا راتوں رات اعلان کیا تھا مشہور فلم شعلے کا بدنام زمانہ ویلن گبر سنگھ بھی آدھی رات کو عوام پر حملے کرتا تھا۔ نوٹ بندی کا خطرناک قدم نصف شب ہی اٹھایا گیا تھا ۔ جی ایس ٹی بھی بارہ بجے رات لاگو کیا گیا۔ گبر سنگھ بھی آدھی رات کو حملے کرتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاٹیدار انامت اندولن سمیتی(PAAS) کا ایک رکن نریندر پٹیل شہ نشین پر آج(راہول گاندھی) کے ساتھ دیکھا گیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ سیاست کے دورہ کے موقع پر عوام مجھ سے دست بستہ گزارش کررہے ہیں کہ براہ کرم ہمیں مودی جی سے بچائیں۔ جی ایس ٹی نے عوام کو کچل کر رکھ دیا ہے۔ موجودہ جی ایس ٹی پر ہنوز نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔ عام آدمی کی روز مرہ کی اشیائے ضروریہ کو جی ایس ٹی سے مستثنی کیاجانا چاہئے ۔ ایک واحد جی ایس ٹی کی ضرورت ہے۔ گاندھی خاندان کے چشم و چراغ نے شمالی گجرات کے دورہ کے آخری دن عالمی ورثہ کے سائٹ پٹن کی ایک باؤلی ران راؤ کا دورہ کیا۔ پٹن سے بیچارا جی روانہ ہوتے وقت انہوں نے کسانوں ، زرعی مزدوروں سے موضع میلہ میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ سیلفی لی ۔ عوامی اجلاس سے راہول گاندھی نے کہا کہ جہاں کہیں مودی جاتے ہیں گجرات مین کرپشن کے خاتمہ کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں تاہم جب میں سورت گیا تو بیشتر افراد نے مجھے بتایا کہ ہر جگہ کرپشن ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے جب کہ ہندوستان میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مودی کے ریڈیو پروگرام من کی بات کا ذکر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ دسمبر میں کانگریس اقتدار پر آئے گی اور ہم من کی بات نہیں کریں گے بلکہ آپ کے من کی بات سنیں گے ۔ شہ نشین پر راہل گاندھی کے ساتھ موجود نریندر پٹیل نے بی جے پی کے ریاستی صدر پر اسے بی جے پی میں شامل ہونے دس لاکھ روپے رشوت کا الزام لگایا تھا۔راہول گاندھی کے دورہ کا اختتام گجرات میں بی جے پی کے گڑھ مہسانہ اور ویس نگر میں عمل میں آئے گا۔
'Will listen to your mann ki baat': Rahul Gandhi takes a dig at PM Modi

کشمیر میں جاریہ سال سنگباری کے واقعات میں90فیصد کمی
جموں
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ ایس پی وید نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں جاریہ سال سنگباری کے واقعات میں گزشتہ سال کے مقابل90فیصد کمی آئی ہے ۔انہوں نے صورتحال میں بہتری کا سہرا کشمیر کے عوام کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کی صورت حال میں تبدیلی صرف این آئی اے کے د ھاووں کی وجہ سے نہیں آئی ہے جس کی کئی وجوہات ہیںِ جن میں نوٹ بندی اور سرکردہ عسکری کمانڈرس کے خلاف کارروائی بھی شامل ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ گزشتہ سال تقریبا ہر روز سنگباری کے چالیس تا پچاس واقعات پیش آتے تھے ۔ گزشتہ سال کے مقابل جاریہ سال وادی کشمیر میں سنگباری کے واقعات میں90فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ اور یہ بڑی بھاری کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتے ایسے بھی گزرے جب سنگباری کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا جب کہ گزشتہ سال تقریبا ہرروز پچاس سے بھی زیادہ واقعات پیش آتے تھے۔عوام کے موڈ میں بڑی تبدیلی دیکھی جارہی ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے ، کشمیر میں نظم و ضبط کی صورتحال کا کوئی بھی مشاہدہ کرسکتا ہے ، بالخصوص کشمیر میں رہنے والے جنہیں اس سے نمٹنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو بھی جب کہ(گزشتہ سال) سنگباری کے چالیس تا پچاس واقعات معمول کی بات تھی، جاریہ سال ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ وید نے کہا کہ سنگباری کے واقعات میں کمی صرف این آئی اے کے دھاووں کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے ۔ عوامی سلامتی قانون کے تحت گرفتاریاں بھی ان کی ایک وجہ ہے ۔ میں سیاسی سر گرمی کے دوبارہ آغاز کو بھی اس کی ایک وجہ سمجھتا ہوں ۔ سیاسی سر گرمی میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور اس نے بھی اپنا رول ادا کیا ہے۔ تمام سیاسی افراد بھی اس میں اپنا مثبت رول ادا کررہے ہیں ۔ اس سوا ل پر کہ آیا ریشمی دستانے میں آہنی مکا کی پالیسی کی سبب صورت حال میں تبدیلی آئی ہے ، پولیس سربراہ نے کہا کہ آپریشن آل آؤٹ میں ابھی تک کافی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔ اس کا سہرا ان عہدیداروں اور جوانوں کے سر جاتا ہے جو میدان میں موجود ہیں ۔ پولیس، فوج اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں میں بہترین تال میل پایاجاتا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں