معاشی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلوں کا عمل جاری رہے گا - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-10-23

معاشی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلوں کا عمل جاری رہے گا - وزیر اعظم مودی

معاشی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلوں کا عمل جاری رہے گا۔ گجرات میں وزیر اعظم کا خطاب
دہیج(گجرات)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج زور دے کر کہا کہ معاشی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلے لینے کا عمل جاری رہے گا۔ وزیر اعظم کا یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا جب کہ اپوزیشن جماعتیں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے حوالے سے حکومت پر سخت تنقیدیں کررہی ہیں۔ گجرات کے ایک روزہ طویل دورہ کے موقع پر مودی نے تاجروں کا دل جیتنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ان کے ماضی کے ریکارڈس کی جانچ پڑٹال نہیں کی جائے گی بشرط یہ کہ وہ جی ایس ٹی نظام کے تحت خود کا اندراج کرواتے ہوئے رائج معیشت کا حصہ بن جائیں۔ مودی نے یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات اور سخت فیصلوں کے بعد بالآخر ملک کی معیشت درست سمت میں آگئی ہے اور صحیح رخ پر جارہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی ماہرین معاشیات متفقہ طور پر سمجھتے ہیں کہ معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں ۔ اگر حال ہی میں آنے والے اعداد و شمار کا جائزہ لیںتو دیکھیں گے کہ کوئلہ برقی، قدرتی گیس اور دیگر اشیاء کی پیداوار میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ بیرونی سرمایہ کاروں نے ملک میں ریکارڈس سرمایہ کاری کی ہے۔ ملک کے بیرونی زورمبادلہ کے ذخائر30ہزار کروڑ ڈالر سے بڑھ کر چالیس ہزار کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلے کئے اور یہ عمل جاری رہے گا تاہم اصلاحات کے دوران ملک کی معیشت کو مستحکم رکھاجائے گا ۔ سرمایہ کاری میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لئے ہم تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ جی ایس ٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ تاجرین کی بڑی تعداد نئے بالواسطہ ٹیکس نظام کا حصہ بن گئی ہیا ور اس میں د ن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران 27لاکھ سے زائد نئے افراد نے اس ٹیکس نظام میں خود کو شامل کیا ہے ۔ اب کوئی بھی تاجر ٹیکس چوری نہیں چاہتا۔ ٹیکس قواعد نظام اور عہدیدار حتی کے سیاستداں بھی انہیں اس کے لئے مجبور کررہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس نظام کا حصہ بننے والے تاجرین کو ان کے ماضی کے ریکارڈس کی جانچ پڑتال کا خوف ہے لیکن وہ یقین دلاتے ہیں کہ کسی بھی ٹیکس عہدیدار کو اصل دھارے میں شامل ہونے والے تاجرین کے ماضی میں جھانکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) سے ہر ریاست کی سرحدوں پر قائم چوکیوں سے کرپشن بند ہوگیا ہے ۔ اب ٹرکس کو کئی کئی دن سرحدوں پر انتظام کی ضرورت نہیں رہی ۔ البتہ ان ٹرکس کو گزرنے کی راہ فراہم کرنے ک لئے رشوت لینے والے ضرور مجھ پر برہم ہیں ۔ مودی نے ایک نیا منتر دیتے ہوئے کہا کہ خوشحالی کے لئے بندرگاہیں ان کا نیا منتر ہے ۔ مودی نے گوگھا سے کشتی کے ذریعہ سفر کا افتتاح کرنے کے بعداپنے خطاب میں یہ بات کہی ۔ مودی نے کہا کہ ملک میں آبی گزرگاہیں خوشحالی کا باعث بن سکتی ہیں کیونکہ آبی راستہ سے سامان کی منتقلی پر فی ٹن20پیسے کی لاگت آئے گی جب کہ ریلویز کے ذریعہ اس پر ایک روپیہ اور سڑک کے ذریعہ1.5روپیہ کی لاگت آتی ہے ۔ ماضی کی حکومتوں نے حمل و نقل کے لئے آبی گزر گاہوں کو کوئی اہمیت نہیں دی ۔ انہوں نے بتایا کہ100سے آبی گزرگاہوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس وقت ملک میں تقریبا اکیس ہزار کلو میٹر آبی سفری راستے دستیاب ہیں جن میں7500ساحلی اور14ہزار دریاؤں کے ذریعہ گزرگاہیں شامل ہیں۔ ہندوستان قدرتی طور پر ان وسائل سے مالا مال ہے لیکن سابقہ حکومتوں نے اس کو نظر انداز کردیا۔ مودی نے کہا کہ دیگر ممالک میں تیس فیصد حمل و نقل آبی راستوں سے ہوتا ہے جب کہ ہندوستان میں صرف پانچ فیصد ہے۔ ان راستوں کا احیاء کیے بغیر ملک میں خوشحالی ممکن نہیں ہے ۔

ہندوستان نے ایشیا کپ ہاکی جیت لیا
ڈھاکہ
یو این آئی
ہندوستانی ہاکی ٹیم نے آج یہاں نہایت دلچسپ فائنل مقابلے میں ملائشیا کو ایک گول کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنمنٹ جیت لیا ۔ ہندوستان نے جلد ہی2-0سے برتری حاصل کرلی تھی لیکن پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے والی ملائشیا کی ٹیم نے کھیل کے پچاس ویں منٹ میں شاندار گول کرکے مقابلہ کو دلچسپ بنادیا۔ ہندوستان کو آخری5منٹ میں ملائشیا کو اوپن گول پوسٹ تک آنے میں روکنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا پڑا ۔ ہندوستان2-1سے برتری کھیل کے آخر تک بر قرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ ہندوستان نے اس سے قبل2003ء میں کوالالمپور اور2007ء میں چینائی میں ایشیاء کپ جیتا تھا ۔ ہندوستان کو اس کے بعد دس سال تک انتظار کرنا پڑا ۔ ہندوستان کی جانب سے رمن دیپ سنگھ نے تیسرے اور للت اپادھیائے نے29ویں منٹ میں گول داغے ۔ ملائشیا کے لیے واحد گول شہارل صبا نے کھیل کے پچاس ویں منٹ میں کیا۔ ایشیا کپ کا پہلی بار فائنل کھیلنے والی ملائیشیانے زبردست جدو جہد کی لیکن وہ جیت سے محروم رہے۔
India wins 2017 Asia Cup hockey title

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں