الہ آباد کا نیا نام ہوگا - پریاگ راج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-13

الہ آباد کا نیا نام ہوگا - پریاگ راج

الہ آباد کا نیا نام ہوگا’پریاگ راج‘
اکھاڑا پریشد کا مطالبہ چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے قبول
لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش کے مشہور شہر الہ آباد کا نام بدل دیاجائے گا ، اور وہ’پریاگ راج‘کہلائے گا۔ چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سلسلہ میں اکھاڑا پریشد کے مطالبہ کو قبول کرلیا ہے ۔ اکھاڑا پریشد کے ارکان نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج رکھنے کا مطالبہ کیا جسے چیف منسٹر نے فوراً ہی قبول کرلیا ۔اکھاڑا کے صدر مہنت نریندر گری نے تقریباً ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے بعد صحافیوں کو یہ بات بتائی ۔ یہ میٹنگ اگرچہ2019ء کے اوائل میں الہ آباد میں منعقد شدنی اردھ کمبھ میلہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ہوئی تھی ، لیکن اکھاڑا پریشد کے اکارن نے ملک میں فرضی باباؤں کا مسئلہ بھی اٹھایا جس سے ہندو مذہب بدنام ہورہا ہے ۔ اس میٹنگ میں ملک کے13اکھاڑوں کی نمائندگی کرنے والے تقریبا چھبیس سادھو موجود تھے ۔ مہنت گری نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہمٰیں یقین دلایا ہے کہ نقلی باباؤں کے خلاف وہ سخت اقدامات کریں گے اور آنے والے اردھ کمبھ میلہ میں انہیں کوئی سہولت نہیں دیں گے ۔ 2001ء میں اس وقت کے چیف منسٹر راج ناتھ سنگھ اور اس وقت کے گورنر بشنو کانت شاستری نے بھی الہ آباد کا نام تبدیل کرتے ہوئے پریاگ راج کرنے کا کمبھ میلہ میں یقین دلایا تھا، لیکن یہ وعدہ پورا نہیں ہوسکا ۔ سابق مرکزی وزیر کلراج مشرا اس وقت بی جے پی کے صدر تھے ۔ بتایاجاتا ہے کہ الہ آباد کا قبل ازیں نام پریاگ تھا لیکن1580ء میں مغل شہنشانہ اکبر نے اسکا نام الہ آباد رکھا۔کیونکہ اس کا کہنا تھا کہ یہ مقام اللہ کا ہے ۔ اور اس کا نام اللہ آباد ہونا چاہئے ۔ اسی دوران اکھاڑا پریشد کے خلاف رد عمل شروع ہوگیا ہے جس میں گرمیت سنگھ ، آسام رام باپو، رادھے ماں کے بشمول چودہ باباؤں کو فرضی قرار دیا ۔ ان میں سے ایک جیوتی گری نے اس فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے اکھاڑا پریشد کو نوٹس بھیج دی ہے۔ جیوتی گری نے کہا کہ کسی کو فرضی قرار دینے کا پریشد کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ اکھاڑا پریشد نے اپنے اعلان میں کہا تھا کہ وہ ان چودہ باباؤں کا بائیکاٹ کرے گا اور عوام سے اپیل کرے گا کہ ان کی اقتداء نہ کریں۔ اکھاڑا کا کہنا ہے کہ ان جھوٹے سادھو، سنتوں کی وجہ سے سناتھن دھرم کو نقصان پہنچا ہے اور اس کی بدنامی ہوئی ہے چنانچہ انہیں سزا دی جانی چاہئے ۔

Yogi govt to rename Allahabad as Prayagraj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں