احمدآباد میں جاپانی وزیر اعظم کے ہاتھوں بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-14

احمدآباد میں جاپانی وزیر اعظم کے ہاتھوں بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد

شینزوایبے کی احمد آبادمیں آمد، مودی کے ساتھ روڈ شو
دونوں وزرائے اعظم آج بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد رکھیں گے
احمد آباد
یو این آئی
جاپان کے وزیر اعظم شینزو ایبے کا یہاں آمدپر سرخ قالین استقبال کیا گیا۔ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ دو روزہ چوٹی ملاقات کے سلسلہ میں یہاں آئے ہیں۔ جاپان کے وزیر اعظم کا دورہ توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کومزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دے گا ۔ خاص طور پر گجرات کی تجارتی برادری کو اس دورہ کا کافی فائدہ ہونے والا ہے ۔ جنوبی ایشیاء میں ہندوستان کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی اور شینزو ایبے ان تعلقات کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل ایر پورٹ پر بدھ مت کے راہبوں نے وزیراعظم ایبے کا روایتی خیر مقدم کیا۔ سرخ قالین کے دونوں طرف روایتی لباس میں ملبوس بدھ راہب قطار میں کھڑے تھے ۔ ایبے اور ان کی اہلیہ آکی ایبے کا وزیر اعظم نریندر مودی نے استقبال کیا اور اس کے بعد دونوں قائدین کھلی لیمو نوس کار میں تقریبا آٹھ کلو میٹر تک روڈ شو میں حصہ لیا ۔ اس دورہ کے لئے سیکوریٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے تھے، کئی گھیروں کی سیکوریٹی کے درمیا یہ روڈ شو منعقد کیا گیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر جیتو بھائی واگھوانے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہمارے وزیر اعظم کسی دوسرے ملک کے وزیر اعظم کے ساتھ روڈ شو میں حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پیام کے ساتھ ساتھ یہ روڈ شو ہندوستان اور جاپان کے درمیان تعاون اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔ جا پان کے وزیر اعظم دونوں شہروں احمد آباد اور گاندھی نگر کے دو روزہ دورہ پر آئے ہیں اس مرتبہ انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی کے بجائے نریندر مودی کی جانب سے کرم بھومی کہے جانے والے احمد آباد کا راست رخ کیا ہے۔ کل رات وہ ٹوکیو روانہ ہوجائیں گے ۔ اس دورہ کے دوران شینزو ایبے سابرمتی آشرم کے دورہ کے علاوہ سیدھی سید کی جالی کابھی کا دورہ کریں گے جو ہند۔ عرب آرکٹیکچر کا ایک نمونہ ہے ۔ 500سالہ قدیم سدھی سید کی مسجد لال دروازہ کے قریب واقع ہے جسے گجرات کے سابقہ سلطنت کی جانب سے تعمیر کیاگیا تھا۔ دونوں قائدین سابرمتی پر تعمیر سو برس پرانے بریج پر بھی چہل قدمی کریں گے ۔ منگل داس گردھا داس کے ریسٹورنٹس ہاؤز کے چھت پر وزیر اعظم مودی نے ایبے کے لئے عشائیہ کا اہتمام کیا ہے ۔ یہ ایک تاریخی یادگار ہوٹل ہے۔کل شینزو ایبے ممبئی، احمدآباد کے درمیان 508کلو میٹر طویل فاصلہ پر چلائے جانے والی انتہائی تیز رفتار بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد رکھیں گے جو کہ ملک کے لئے ایک تاریخی موقع ہوگا۔ بلٹ ٹرین پراجکٹ کو جدید ہندوستان کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیاجارہا ہے ۔ بلٹ ٹرین جو کم سے کم350کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی دو تجارتی شہروں کے درمیان سفر کے وقت کو انتہائی کم کردے گی ۔ ابھی تک ممبئی اور احمد آباد کے درمیان سفر پر سات تا آٹھ گھنٹے لگ جاتے ہیں تاہم بلٹ ٹرین یہ فاصلہ صرف دو گھنٹے میں مکمل کرے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے پیش نظر وزیر اعظم نے اس دورہ کو خصوصی اہمیت دی ہے اور بلٹ ٹرین کا سنگ بنیاد اسمبلی انتخابات میں یقینی طور پر بی جے پی کو فائدہ پہنچا سکتا ہے ۔ شینزو ایبے ڈنڈی کیٹیر کا بھی دورہ کریں گے جو گاندھی جی کی یاد میں تعمیر کیا گیا ہے ۔ 14ستمبر کو دوپہر دو بجے دونوں ممالک کے تجارتی مندوبین کے درمیان بات چیت ہوگی اور مختلف معاہدات پر دستخط بھی ہوں گے ۔ شینزو ایبے وزیر اعظم کے ساتھ ہند۔ جا پان بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے ۔ رات دیر گئے موصولہ اطلاع کے مطابق مودی نے ا پنے جاپانی ہم منصب اور ان کی اہلیہ کے لئے گجراتی غذاؤں خے لئے مشہور اگاشیبے ریسٹورینٹ کی چھت پر ڈنر کا اہتمام کیا۔
Modi, Abe lay foundation for India's first Ahmedabad-Mumbai bullet train

دہلی یونیورسٹی انتخابات میں این ایس یو آئی کی کامیابی
صدر اور نائب صدر کا عہدہ حاصل ۔ ملک کا ماحول بدل رہاہے : کانگریس
نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کی تائید یافتہ این ایس یو آئی کے آن دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین میں واپسی کرتے ہوئے صدر اور نائب صدر کے اہم عہدے آر ایس ایس سے ملحقہ اے بی وی پی سے چھین لئے اور اسے آزاد اقدار کی کامیابی قرار دیا۔ اے بی وی پی کو جو2013ء سے دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین پر قبضہ کئے ہوئے تھی ایک دھکا لگا ہے اور اسے صرف سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ اس چناؤ میں قوم پرستی اور اظہار خیال کی آزادی اہم موضوع تھے ۔ این ایس یو آئی نے جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ کے نتیجے کو عدالت میں چیالنج کرنے کا فیصلہ کیا۔ کانگریس نے دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں اپنی طلباء شاخ این ایس یو آئی کی کامیابی کا خیر مقدم کیا ہیا ور کہا یہ کہ یہ ملک میں بدلتے ہوئے ماحول کا ثبوت ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ نوجوانوں نے گمراہی کے بعد بھگوا بریگیڈ کو ایک سبق سکھایا ہے ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹرس میں بھی جشن کا ماحول ہے جہاں آتشبازی کی گئی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی قیامگاہ کے باہر بھی پٹاخے چھوٹے جارہے تھے اور رقص کیاجارہا تھا ۔ این ایس یو آئی کے قائدین نے سونیا گاندھی سے ملاقات جنہوں نے انہیں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے جو امریکہ کے دورے پر ہیں ٹویٹر پر کہا کہ ایک شاندار مظاہرے کے لئے این ایس یو آئی کو مبارکباد۔ دہلی یونیورسٹی کے طلباء کا شکریہ جنہوں نے کانگریس کے نظریے پر دو بارہ اعتماد کا اظہار کیا ۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے آر ایس ایس سے ملحقہ اے بی وی پی پر دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات میں دھاندلیوں کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس نتیجے سے وزیر اعظم نریند ر مودی کی آنکھیں کھل جانی چاہئے۔ این ایس یو آئی کے راکی تشید نے صدر کے عہدہ کے لئے اے بی وی پی کے رجت چودھری کو1590ووٹوں سے شکست دی۔ این ایس یو آئی کو صدر کے عہدہ کے لئے16299ووٹ ملے جب کہ اے بی وی پی کو14709ووٹ ملے ۔ طلباء نے نوٹا کا بھی جم کر استعمال کیا۔ صدارتی عہدہ کے لئے ہوئی ووٹنگ میں5162ووٹ نوٹا پر پڑے ۔ نائب صدر کے عہدہ پر این ایس یو آئی کے کنال سہراوت کو16431ووٹ ملے جب کہ اے بی وی پی کے پارتھ رانا کو16256اور نوٹا پر7684ووٹ پڑے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں