ہندوستان تیزی سے آزادانہ معیشت بن رہا ہے - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-09-05

ہندوستان تیزی سے آزادانہ معیشت بن رہا ہے - وزیر اعظم مودی

ہندوستان تیزی سے آزادانہ معیشت بن رہا ہے ، جی ایس ٹی عظیم ترین اصلاح۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر
ژیامین(چین)
رائٹر، پی ٹی آئی
برکس نے آج طالبان، داعش اور القاعدہ کے ساتھ ساتھ لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسی پاکستانی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن اقدام کی اپیل کی اور تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی سر زمین سے دہشت گرد سر گرمیوں کو روکیں اور دہشت گردی کو مالیہ کی فراہمی کا سد باب کریں۔ برکس چوٹی اجلاس کے پلینری سیشن کے اختتام پر ژیامین اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک حقیقی و سیع بین الاقوامی انسداد دہشت گردی اتحاد قائم کریں اور اس بات پر زو ردیا کہ جو لوگ دہشت گردانہ سر گرمیوں کا ارتکاب کررہے ہیں ، منظم کررہے ہیں یا تعاون کررہے ہیں ۔ انہیں لازما جواب دہ بنانا ہوگا اور اقوام متحدہ کی جانب سے بین الاقوامی دہشت گردی پر ایک جامع کنونشن(سی سی آئی ٹی) کو فی الفور قطعیت دینے اور اختیار کرنے پر زور دیا۔ مشترکہ اعلامیہ پر میزبان چین کے صدر ژی جن پنگ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ روس کے صدر ولادیمیرپوتین، جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما اور برازیل کے صدر مشیل تیمیر نے دستخط کئے ہیں ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہم خطہ میں طالبان داعش ، القاعدہ اور ان کی معاون تنظیموں مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ ، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، حقانی نیٹ ورک ، لشکر طیبہ اور جیش محمد ، تحریک طالبان پاکستان، حزب التحریر وغیرہ کے تشدد کی باعث سلامتی کی نازک صورتحال پر فکر مند ہیں۔ قابل زکر ہے کہ برکس کانفرنس سے پہلے ہفتے چینی حکومت نے بیجنگ میں کہا تھا کہ ہندوستان کو برکس اجلاس میں پاکستان اور دہشت گردی کا مسئلہ نہیں اٹھانا چاہئے۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہو چیتنگ نے کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اقدامات سب سے آگے ہے اور اس نے اس کے لئے قربانی دی ہے ۔ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی شراکت اور قربانی کو تسلیم کرنا چاہئے ۔ چین کے اس موقف کے باوجود اعلامیہ میں پاکستان سے سر گرم عمل عسکری تنظیموں کے ناموں کی شمولیت کو ہندوستان کی اہم سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے اتوار کی شام یہاں پہنچے تھے ۔ انہوں نے رات کو ہی ہندوستانی برادری کے لوگوں سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کل چین کے صدر زی جن پنگ سے ملاقات کریں گے جو گزشتہ ماہ ڈوکلم تناؤ کے اختتام کے بعد پہلی ملاقات ہے۔ برکس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں چین کے قریبی حلیف پاکستان کا نام نہیں لیا گیا ہے ، تاہم ایک واضح حوالہ دیتے ہوئے ان ممالک کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کاروائی کی ضرورت ظاہر کی گئی ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہم دنیا بھر میں بشمول برکس ممالک میں تمام دہشت گرد حملوں پر افسوس ظاہر کرتے ہیں اور دہشت گردی کی تمام شکلوں اور صورتوں کی مذمت کرتے ہیں ، جن کا کسی کی جانب سے بھی ارتکاب کیا گیا ہو اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دہشت گردی کے کسی اقدام کو کسی بھی طرح سے منصفانہ قرار نہیں دیاجاسکتا ۔ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ جو لوگ دہشت گرد سر گرمیوں کا ارتکاب کرنے، منظم کرنے یا حمایت کرنے کے ذمہ دار ہیں، انہیں لازما جواب دہ بنانا ہوگا ۔ اعلامیہ میں شمالی کوریا کے نیو کلیئر تجربہ پر بھی شدید تاثر ظاہر کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہم اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی فریم ورک کی اثر پذیری میں اضافہ پر اپ نے عہدہ کا اعادہ کرتے ہیں۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اختراعیت پر برکس کی مضبوط شراکت پر زور دیا اور کہا کہ ڈیجیٹل معیشت ترقی کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے اور ترقی کے پائیدار اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگی ۔ انہوں نے برکس ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کی نہایت آزادانہ معیشتوں میں سے ایک ہے، جس نے ایک متحدہ مارکٹ کی طرف آگے بڑھنے کے لئے اب تک کی سب سے بڑی اصلاح جی ایس ٹی کی شکل میں متعارف کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کے اسمارٹ سٹیز۔ آفات سے نمٹنے سے لے کر شہروں کی ترقی کے شعبہ میں آپسی تعاون بڑھائے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپسی تعاون سے ہی ترقی ممکن ہے اور ایک مضبو ط برکس ساجھیداری اور اختراعیت، ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔ شمسی توانائی ایجنڈا کو مضبوطی دینے کے لئے برکس ممالک بین الاقوامی شمسی اتحاد( آئی ایس اے) کے ساتھ کام کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا مشترکہ شراکت کے تحت نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں جوڑنے ، مہارت کی ترقی میں تعاون بڑھانے اور اعلی تکنیکی درجہ کے کاموں میں لین دین کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ ان کا ملک بہت جلد برکس ممالک کے لئے ایک معاشی تعاون کے منصوبہ کا اجراء کرے گا۔
بیجنگ
پی ٹی آئی
چین نے آج جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر اقوام متحدہ کے امتناع میں حائل ہونے کے اپنے موقف میں کسی تبدیلی سے متعلق سوالات کو ٹال دیا ، حالانکہ برکس سمٹ کے اعلامیہ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے علاقہ میں تشدد پھیلانے والے گروپوں کے ساتھ اس دہشت گرد تنظیم کا نام شامل کیا گیا ہے ۔ سلامتی کونسل میں ویٹو کا حق رکھنے والے مستقل رکن چین نے بار بار کونسل کی القاعدہ تحدیدات کمیٹی کے تحت مسعود اظہر پر پابندنی کے اقدامات میں رکاوٹ پیدا کی ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی مہم میں ہماری شرکت پر ہمارا موقف مستقل اور مضبوط ہے ۔ تاہم انہوںنے اس سوال کا راست جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا برکس کی جانب سے جیش محمد کا نام لینا اس بات کی علامت ہے کہ بیجنگ مسعود اظہر کے خلاف پابندی کی مخالفت کے اپنے موقف میں تبدیلی کی ہے؟ گینگ نے کہا میں نے برکس کا مشترکہ اعلامیہ نہیں دیکھا اور اس کے متن سے واقف نہیں ہوں ۔
India becoming rapidly independent economy PM Modi

اقلیتوں کی تعلیم، روزگار اور با اختیار بنانے پر توجہ مرکوز: نقوی
نئی دہلی
یو این آئی
مختار عباس نقوی جنہیں مرکزی مملکتی وزیر سے ترقی دے کر کابینی وزیر بنایا گیا ہے ، نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تینE(ایجوکیشن، ایمپلائمنٹ، اور ایمپاور منٹ) پر توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم وقار کے ساتھ ترقی کی وعدہ کیا ہے اور تین ای تعلیم، روزگار اور با اختیار بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس نعرہ ہماری ترقی کا ایجنڈہ ہیا ور ہم چاہتے ہیں کہ ترقی کی ثمرات کو غریب سے غریب تر افراد تک پہنچایاجائے ۔ نئی حج پالیسی کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ تقریبا تیار ہے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد اسے لاگو کیاجائے گا ۔ سمندر کے راستے سے حج کے بارے میں نقوی نے کہا کہ اس بارے میں جہاز رانی کے وزیر نتن گڈ کری کے ساتھ28ستمبر کو میٹنگ منعقد ہوگی، حج کے تمام پہلوؤں کا مطالعہ کیاجارہا ہے اور یہ معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کے بعد فیصلہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے اقلیتوں سے متعلق تمام اسکیموں کو زمین پر اتارنے کا کام کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں ترقی اور اعتماد کا ماحول پیدا ہورہا ہے اور اسے مزید رفتار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے تعلیم، روزگار اور بااختیار بنانے کو اہم مقصد بنایا ہیا ور اس پر ہم تیزی سے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم کا نظریہ ہے کہ معاشرے میں آخری سرے پر کھڑے افراد تک ترقی کی روشنی پہنچے اور ہم اس عہد کے پابند ہیں۔ نقوی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی حکمرانی میں ترقی کے ماحول کو مضبوطی ملی ہے اور گزشتہ سال میں حکومت کی اسکیموں کے نفاذ میں واضح طور پر تبدیلی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کی مہم بھی چھیڑی گئی لیکن عوام کے بھروسے کی وجہ سے ایسی طاقتوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔، حکومت کی توجہ صرف اور صرف ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے معاملے پر کسی اور چیز پر غالب ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے منہ بھرائی کے بغیر اقلیتوں کو با اختیار بنانے کا کام کیا ہے ۔ اسی دوران وزارت اقلیتی امور کے نئے وزیر مملکت دیریندر کمار نے بھی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کی کوشش رہے گی کہ تربیت کو مہارت سے جوڑ کر ہنر مندوں کے لئے مارکیٹ مہیا کرایاجائے ۔ مہارت کو ترقی ہماری اولین ترجیح رہے گی ۔ وزارت اقلیتی امور کی اکثر اسکیمات خصوصاً ہنر ہاٹ نہایت کامیاب رہی ہیں۔ حکومت ہنر ہارٹ کے ذریعہ اقلیتوں کے لئے مارکیٹ اور مواقع فراہم کررہی ہے ۔

بلو وہیل گیم پر پابندی کے امکانات کا جائزہ لیاجائے
مرکز اور ٹاملناڈو حکومت کو مدراس ہائی کورٹ کی ہدایت
مدورائی
پی ٹی آئی
بلو وہیل چیلنج گیم کا سنجیدہ نوٹ لیتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ نے آج مرکز اور ٹاملناڈو حکومتوں کو ہدایت دی کہ وہ اس پر امتناع کے امکانات تلاش کریں۔ اس معاملہ میں اپنے طور پر کارروائی شروع کرتے ہوئے جسٹس کے کے سسی دھرن اور جی آر سوامی ناتھن کی مدورائی بنچ نے مرکزی سکریٹری برائے اطلاعات ونشریات اور ریاستی سکریٹری داخلہ اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کی ہے اور کئی تجاویز پیش کی ہیں۔ بنچ نے انہیں اس کھیل پر پابندی کے امکان کا جائزہ لینے کے لئے کہا اور ہدایت دی کہ اس طرح کی آن لائن گیمس پر پا بندی کے لئے تجاویز پیش کرنے کے لئے آئی آئی ٹی مدراس ڈائرکٹر کی خدمات لی جائیں ۔ معاملہ کی سماعت کے دوران ریاستی حکومت نے عدالت کو مطلع کیا کہ ایک طالب علم جس نے اپنی زندگی ختم کرلی ، دیگر75افراد سے اس گیم کو شیئر کیا تھا۔ تاہم ان تمام افراد کو گیم کھیلنے سے روک دیا گیا ، حکومت کے وکیل نے یہ بات بتائی ۔ ججس نے ریاستی ڈی جی پی اور سکریٹری داخلہ کو تجویز پیش کی کہ اس خطرناک گیآن لائن گیم کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے والے افراد کو سخت انتباہ جاری کیاجائے۔ یکم ستمبر کو وکیل کرشنا مورتی نے جب اس گیم پرپابندی عائد کرنے کی وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت دینے کی اپیل کی تو عدالت نے کہا تھا کہ وہ اس معاملہ کا اپنے طور پر جائزہ لے گی ۔ اس دوران مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ ہیڈ کوارٹر پر ایک اسکول کے سولہ سالہ لڑکے کے مبینہ طورپر سوسائڈ گیم بلو وہیل کے اثر مین آکر ٹرین کے سامنے بیٹھ کر خود کشی کرنے کے معاملہ کی باریک بینی سے جانچ شروع کردی گئی ہے ۔ اس معاملہ میں سائبر ماہرین کی مدد لی جارہی ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں