اترپردیش ٹرین حادثہ کے بعد سخت کارروائی - 4 عہدیدار معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-21

اترپردیش ٹرین حادثہ کے بعد سخت کارروائی - 4 عہدیدار معطل

مظفر نگر، نئی دہلی
پی ٹی آئی
ریلویز نے اتھکل ٹرین حادثہ کے پس منظر میں کارروائی کرتے ہوئے آج رات سکریٹری سطح کے ریلوے بورڈ عہدیدار کے بشمول تین سرکردہ حکام کو رخصت پر بھیج دیا ہے ، اور چار کو معطل کردیا ہے۔ نیز ایک عہدیدار کا تبادلہ کردیا گیا ۔ بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ حادثہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا ۔ ریلوے بورڈ کے رکن ٹریفک محمد جمشید نے اشارہ دیا کہ ٹرین کے پٹری سے اترنے کے حادثہ کے بظاہر وجہ غفلت نظر آتی ہے جس کے بعد ان آٹھ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس حادثہ میں کم از کم چوبیس افراد ہلاک اور156افراد زخم ہوئے جن میں سے چھبیس کی حالت نازک ہے ۔ ریلوے بورڈ کے رکن (انجینئر) آدتیہ کمار متل شمالی ریلوے کے جنرل منیجر آر کے کلشر شیٹا اور ڈیویژنل ریلوے منیجر دہلی آر این سنگھ کو رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔ وزارت ریلوے کے ایک بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ سکریٹری سطح کے عہدیدار متل سینئر ترین عہدیدار ہیں جنہیں اس حادثہ کے پس منظر میں رخصت پر بھیجا گیا ۔ ریلوے کی ایک عہدیدار نے اسے ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا ہے ۔ عام طور پر حکام کو اس وقت تک رخصت پر بھیجاجاتا ہے جب تک تحقیقات پوری نہیں ہوجاتی اور ذمہ داری کا تعین نہیں ہوتا، کلشریشٹا اور آراین سنگھ نے کل رات حادثہ کے مقام کا دورہ کیا تھا اور متاثرہ ریلوے ٹریک کا معائنہ کرنے والی پہلی مرکزی ٹیم میں شامل تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سینئرڈیویژنل انجینئر دہلی ڈیویژن آر کے ورما، اسسٹنٹ انجینئر میرٹھ روہیت کمار، سینئر سیکشن انجینئر مظفر نگر اندر جیت سنگھ اور پرادیپ کمار جو نیر انجینرء کتھولی کو معطل کردیا گیا ہے ۔ چیف ٹریک انجینئر الوک انسل کا تبادلہ کردیا گیا ۔ یہ کارروائی ایک داخلی رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی ۔ قبل ازیں ریلوے بورڈ کے رکن ٹریفک محمد جمشید نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس لائن پر کچھ مرمتی کام جاری تھا۔ ہوسکتا ہے کہ اتکل ایکسپریس کے پٹریوں سے اترنے کا سبب بنا ہو ۔ سینئر عہدیدار نے جو حادثہ کے فوری بعد وہاں پہنچ گئے تھے ، کہا کہ انہوں نے پٹریوں پر مرمتی کاموں کے اوزار پڑے ہوئے دیکھے ہیں۔ ایک آڈیو کلپ بھی موجود ہے جس کی تحقیقات کی جائے گی۔ علاوہ ازیں جب ہم نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا تو وہاں ریلویز کے ایسے اوزار دیکھے ہیں جو پٹریوں کی مرمت کے لیے استعمال کئے جاتے ہیں ۔ ریلویز کے مطابق کم از کم اکیس افراد ہلاک اور97زخمی ہوئے ہیں جن میں چھبیس کی حالت تشویشناک ہے ۔ جمشید نے کہا کہ یہ کہا جارہا ہے کہ جائے حادثہ پر کچھ مرمتی کام کیاجارہا تھا لیکن درکار احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ اسی دوران اتر پردیش کی حکومت نے کہا ہے کہ مظفر نگر ٹرین ھادثہ میں زخمی ہونے والے پچاس سے زائد مسافرین کو ہاسپٹلوں سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ دیگر ایک سو دو مسافرین ہنوز زیر علاج ہیں۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے چیر مین ریلوے بورڈ کو آج ہدایت کی کہ بادی النظر میں شہادتوں کی بنیاد پر خاطیوں کی فوری طور پر نشاندہی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ٹرینوں کی بحالی ان کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیر موصوف نے مہلوکین کے ورثاء کو 3.5لاکھ روپے معاوضہ اور شدید زخمیوں کو پچاس ہزار اور معمولی زخمیوں کو پچیس ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔
Utkal Express derails: Officials suspended, probe report blames staff

دہشت گردی کا ثبوت نہیں ملا: یوپی پولیس
اتر پردیش پولیس کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل لا اینڈ آرڈر نے آج کہا ہے کہ اب تک اس ٹرین حادثہ میں کسی دہشت گرد تنظیم کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آنند کمار نے کہا کہ اے ٹی ایس کل سے وہاں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ اب تک کی تحقیقات کے مطابق ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے کسی دہشت گرد تنظیم کے رول کا اشارہ ملتا ہو۔ ایسے امکانات ہیں کہ کسی تکنیکی وجہ سے ٹرین کے ڈبے پٹریوں سے اترے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں