اترپردیش میں مدارس کے آن لائن رجسٹریشن کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-19

اترپردیش میں مدارس کے آن لائن رجسٹریشن کی ہدایت

اترپردیش میں مدارس کے آن لائن رجسٹریشن کی ہدایت
انتظامیہ، اساتذہ اور مدرسہ کی تمام تفصیلات کا اندراج ہوگا، پورٹل کا آغاز
لکھنو
پی ٹی آئی
اتر پردیش حکومت نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ مدارس میں بے قاعدگیاں پائی جاتی ہیں آج یوپی مدرسہ بورڈ کا ایک پورٹل جاری کیا جس پر تمام دینی مدارس کا آن لائن رجسٹریشن کروانا ہوگا ۔ اتر پردیش کے وزیر اوقاف محسن رضا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مدارس میں بے قاعدگیوں کی کئی ایک شکایات پائی جاتی ہیں چنانچہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام مدارس کا آن لائن رجسٹریشن کروایا جائے تاکہ ان مدارس، انتظامیہ ، اساتذہ وغیرہ کی تمام تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں ۔ یہ ڈیجٹلائزشن کی سمت ایک قدم ہے جو یوگی حکومت کی ترجیحات میں سے ایک ہے انہوں نے کہا کہ تمام مدارس کی آن لائن تفصیلات دستیاب ہونے سے شفافیت آئے گی ۔ کابینی وزرا برائے اقلیتی بہبود لکشمی نارائن چودھری نے اس موقع پر کہا کہ مدرسہ کی تعلیم کو بھی دیگر تعلیمی ادارہ جات کی طرح عصری بنانا ہوگا جہاں طلبہ کو فنی تعلیم بھی دی جائے تاکہ مدرسہ سے فارغ ہونے کے بعد انہیں بہتر روزگار کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں19ہزار سے زائد مسئلہ اور507امدادی مدارس ہیں ۔ چودھری نے سابقہ غیر بی جے پی حکومتوں پر مدارس کو خوشامدی اور ووٹ بینک کے لئے استعمال کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان مدارس کے اساتہ، طلبا فیسوں وغیرہ کی وصولی اور دیگر اسکیمات کا کوئی تفصیلی ریکارڈ نہیں ہے ۔ بعد میں صحافیوں کی جانب سے یہ پوچھنے کہ یوم آزادی پر قومی ترانہ نا پرھنے والے مدارس کے خلاف آیا کوئی کارروائی کی جائے گی، چودھری نے کہا کہ ایسے مدارس میں حب الوطنی کا فقدان پایاجاتا ہے ان کے خلاف کارروائی حق بجانب ہے ، مدارس سے جو رپورٹیں موصول ہورہی ہیں ان کا جائزہ لیاجارہا ہے تاہم انہوں نے کارروائی کی وضاحت نہیں کی۔ قبل ازیں مملکتی وزیر اقلیتی بلدیہ اولاک نے ایسے مدارس کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔ یوم آزادی سے قبل اتر پردیش کی حکومت نے تمام مدارس میں قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ گانے کی ویڈیو گرافی کی ہدایت دی تھی۔

Portal launched for online registration of madrasas in UP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں