عصری انگریزی اصطلاح Lynching کا اردو مترادف کیا ہو؟ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-07-21

عصری انگریزی اصطلاح Lynching کا اردو مترادف کیا ہو؟

پچھلے دنوں نوجوان صحافی حمزہ اصلاحی نے فیس بک پیغام کے ذریعے پوچھا کہ ۔۔۔ Lynching کا اصطلاحی اردو ترجمہ کیا ہو سکتا ہے؟ روزنامہ انقلاب نے اپنے اداریے میں جان لیوا پٹائی لکھا ہے، روزنامہ اردو نیوز نے اپنے اداریے میں گروہی تشدد لکھا تھا۔ پیٹ پیٹ کر مارڈالنا یا جلانا بھی تشدد میں شامل ہے جبکہ انگریزی میں یہ لفظ کسی عدالتی کارروائی اور ثبوت کے بغیر بھیڑ کے ذریعہ قتل کو کہتے ہیں۔ کوئی متبادل اردو لفظ سوجھ ہی نہیں رہا ہے، پتہ نہیں یہ اردو کی تنگ دامنی ہے یا اردو والوں کی؟
راقم نے بہتر سمجھا کہ مختلف ادبی و لسانی واٹس اپ گروپ میں اس موضوع پر مکالمہ کیا جائے۔ اردو ویکیپیڈیا (ہند و پاک ویکیپیڈیا ناظمین)، قرطاس و قلم (کولکاتا) اور ہندوستانی بزم اردو (ریاض) واٹس اپ گروپس میں ہوئے الگ الگ مکالمہ کی ایک مشترکہ روداد ذیل میں پیش ہے۔ ماہرین نے تین اصطلاحات کے استعمال پر زیادہ اتفاق کیا ہے۔ یعنی بلوا ، اجتماعی زد و کوب اور ہجومی قتل۔

مکرم نیاز: Lynching کا اردو مترادف کیا ہونا چاہیے؟ راقم کی ذاتی رائے میں، "ماورائے عدالت ہجومی قتل" بہتر ہے۔
جاوید نہال حشمی: ہجومی قتل کہنا کافی ہے۔ کیا بحکم عدالت بھی ہجومی قتل ہوتا ہے؟ (اسلامی قانون میں زنا کے مجرم کو دی جانے والی سزا کی طرح)۔ ویسے معنوی اعتبار سے "جان لیوا پٹائی" موزوں ترین ہے میری ذاتی رائے میں۔
محمد شعیب: Mob lynching کے لیے ہجومی تشدد اچھا متبادل ہے، اس میں ماورائے عدالت کا مفہوم بھی ہے۔ ویسے lynch تو نام ہے، کیا فارسی کی طرح ہم بھی لنچ کاری جیسا کچھ اختیار کر سکتے ہیں؟
عبید رضا: پٹائی عوامی بول چال میں آتا ہے۔
منصور قیصرانی: مہلک تشدد
عبید رضا: بلوا مستعمل ہے اسی مفہوم میں۔ بلوا riot کا متبادل ہے، جو کم از کم تین افراد کے غیر قانونی عوامی فساد، شورش دنگے، ہنگاموں کے لیے استعمال ہوتا ہے، اسی سے
race riot, riot act, rioter, riotous, riotously
نکلے ہیں، جو سب کے سب انگریزی میں اسی مفہوم کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ مقتدرہ پاکستان قومی زبان لغت میں "بلوا" درج ہے۔ تقسیم ہند سے متعلق کہانیوں میں بلوا اور بلوائی استعمال ہوتا رہا ہے، نور اللغات میں بلوا کے تحت لکھا ہے: بہت سے آدمیوں کی فساد پر آمادگی اور جھگڑا کرنے کی نیت سے ہجوم میں شرکت۔
منصور قیصرانی: بلوہ کہ بلوا؟
عبید رضا: بلوا۔ تب ہی بلوائی بنیں گے، جیسے حلوا سے حلوائی۔ ویسے پورے کے پورے مفہوم کو ظفر علی خان بیان کر چکے اس شعر کے ذریعے:
کہیں گائے کی پونچھ پر سر پھٹول
کہیں باجا بجنے بجانے پہ بلوا
بہارستان، 1931 ، صفحہ:749
نعیم الرحمن صدیقی: اجتماعی زدوکوبی !
محمد شعیب: اجتماعی دراصل Mass کے متبادل کے طور پر استعمال ہوتا ہے
عبید رضا: mob کے مختلف معنوں میں مقتدرہ پاکستان قومی لغت میں "بلوائی، بلوا کرنا" بھی درج ہے
محمد شعیب: ہمیں lynching کے کسی مناسب متبادل پر اب اتفاق کر لینا چاہیے
عبید رضا: میں نے بلوا کے متعلق بہت کچھ اوپر کہا ہے، بلوا استعمال ہوتا رہا ہے اردو ویکی کے علاوہ بھی اور عام لغات میں بھی ہے اور قانونی لغت میں بھی۔
محمد شعیب: بلوے کا مفہوم کچھ ایسا ہے کہ پورا علاقہ اس کی لپیٹ میں آ جائے۔ جبکہ یہاں کچھ لوگ ایک یا چند اشخاص کو مار رہے ہیں۔
عبید رضا: بلوا ہجوم کے دنگے فساد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
‪محمد عارف سومرو‬: جب تک کوئی دوسرا متبادل لفظ نہیں تب تک "بلوا" ہی استعمال کیا جانا چاہیے
محمد شعیب: متفق
مکرم نیاز: بی بی سی نے اپنی ایک نیوز اسٹوری میں "ہجومی بربریت" کی اصطلاح استعمال کی ہے
محمد شعیب: بی بی سی کبھی ہجومی تشدد استعمال کرتا ہے کبھی ہجومی بربریت۔
مکرم نیاز: اب تک کی تجویز کردہ مترادف اردو اصطلاحات ۔۔۔ ہجومی بربریت (بی بی سی کی اختیار کردہ اصطلاح)، ہجومی تشدد، ہجومی قتل، جان لیوا پٹائی، مہلک تشدد، بلوا اور اجتماعی زد و کوبی۔
محمد شعیب: بلوے میں پٹائی ہونا یا قتل کرنا ضروری نہیں شاید؟ اس کے بغیر بھی بلوا ہو جائے گا؟
عبید رضا: پھر تو وہ احتجاج کہلائے گا!
مکرم نیاز: ہجومی بربریت میری نظر میں مناسب اصطلاح ہے۔
خورشید اقبال: میرے خیال سے ہجومی تشدد ہی سب سے بہتر لگ رہا ہے۔
مکرم نیاز: بربریت سے قتل و خون کا تاثر ذہن میں آتا ہے۔ تشدد تو اسکول کے بچوں پر بھی ہوتا ہے اور گھریلو تشدد بھی۔
محمد شعیب: بعض لوگ کہیں گے کہ بربریت کا استعمال نسلی تحقیر کا اشارہ دے گا۔
حمزہ اصلاحی : کچھ اہل علم کو بربریت پر اعتراض ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بربر ایک قبیلہ ہے جو اسلام قبول کر چکا ہے اور اب مہذب معاشرے کے ساتھ رہتا ہے۔
جاوید نہال حشمی: تشدد میں موت ضروری نہیں، لیکن lynching میں موت لازمی نتیجہ ہے۔ لہذا ہجومی تشدد کسی طور مناسب نہیں۔
احمد کمال حشمی: انگریزی لفظ کا مکمل اور مربوط اردو ترجمہ ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔ قریبی مفہوم دیتے ہوئے کسی لفظ کا استعمال کرکے کام چلانا چاہئے۔ ہوبہو ترجمہ پر بضد حضرات پہلے اسٹیشن اور پلیٹ فارم کا ترجمہ کر لیں پھر آگے بڑھیں۔ اور میری طرف سے "ہجومی قتل" تجویز ہے۔
جاوید نہال حشمی: اسی لئے تو کہا ہے کہ معنوی اعتبار سے "جان لیوا پٹائی" موزوں ترین ہے۔
خورشید اقبال: جان لیوا پٹائی کوئی ایک شخص بھی تو کر سکتا ہے۔ ہجومی قتل ہی مناسب ہے۔
جاوید نہال حشمی: درست کہا۔۔۔ اس پہلو سے نظر چوک گئی تھی۔
نعیم الرحمن صدیقی: پروفیسر محمد شافع قدوائی شعبہ صحافت و ابلاغ عامہ ، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی نے اس کا اردو متبادل "اجتماعی زد و کوبی" بتایا ہے۔
غوث ارسلان: اجتماعی عصمت ریزی کی طرح اجتماعی زدوکوبی مناسب معلوم ہوتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اجتماعی فعل ہے یا مفعول؟ انگریزی کی طرح ایک لفظی اصطلاح کی وضع پر غور کرنا ہوگا۔ اور مولانا آزاد قومی اردو یونی ورسٹی کے شعبۂ ترجمہ کی کیا رائے ہے؟
محمد شعیب: اجتماعی پر اعتراض ہے۔ یہ Mass کا متبادل ہے، فعل کیا کہلائے گا؟
‪نفیس ندوی‬: جیسے مہلک مرض۔۔ خونی درندہ۔۔ ویسے قاتل بھیڑ نہیں چلے گا؟
عبید رضا: جاسوسی ناولوں کے نام۔۔؟
‪نفیس ندوی‬: یا کہیں کہ وحشی بھیڑ نے جان لی، وحشی بھیڑ میں ذہنیت کی بھی عکاسی ہو سکتی ہے۔
منصور قیصرانی: معرب ہو تو۔ ورنہ لوگ سوچیں گے کہ بھیڑ بھیڑیا بن گئی؟
نفیس ندوی‬: عملاً تو یہی ہو رہا ہے۔
طاہر محمود: بلوا مناسب لفظ ہے۔ بلوا میں تشدد کا عنصر ہوتا ہے۔ بلوائی تاریخی کتب میں بھی پر تشدد ہجوم کے لیے عام استعمال ہوا ہے۔
محمد عارف سومرو‬: تائید کرتا ہوں۔ تقسیم کے وقت ہونے والے فسادات کے پس منظر میں لکھے گئے افسانوں اور ناولوں میں بلوا لفظ ہی استعمال ہوا ہے۔
مکرم نیاز: بلوا اب متروک لفظ بن چکا ہے۔
عبید رضا: متروک اس کو کہتے ہیں جس کا متبادل استعمال ہو رہا ہے، مقتدرہ پاکستان کی قانونی اور انگریزی اردو لغت میں موجود ہے، جو حالیہ ہیں، اردو لغت تاریخی اصول پر، اس میں بھی موجود ہے۔ ریختہ ہر بھی تلاش کر لیں۔
محمد عارف سومرو‬: متروک الفاظ استعمال کرنے سے ہی زبان زندہ رہتی ہے
عبید رضا: بلوا، بلوائیت، بلوائی، بلوے، ایسے ہی ہجوم کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ کبھی کبھار یہ بغاوت جیسے فعل کے لیے استعمال ہوتا ہے، اصطلاح سازی سے بہتر ہے اگر کوئی قریبی مفہوم والا متبادل موجود ہے تو اسے استعمال کیا، یوں خود بخود اس کا یہ معنی بھی بن جائے گا، جیسے ہر شعبے میں ہوتا ہے۔

***

The Urdu alternate of Lynching, dialogue at WhatsApp groups.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں