کشمیر میں امر ناتھ یاتریوں پر دہشت گردوں کا حملہ - 7 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-07-11

کشمیر میں امر ناتھ یاتریوں پر دہشت گردوں کا حملہ - 7 ہلاک

اننت ناگ
آئی اے این ایس
پولیس نے بتایا کہ چھ امر ناتھ یاتری ہلاک ہوگئے اور دیگر بارہ افراد جن میں ملازمین پولیس بھی شامل ہیں آج زخم آئے جبکہ یاتریوں کی بس جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں انتہا پسندوں اور ایک پولیس پارٹی کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ کے دوران زد میں آگئی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس منیر خان نے اس بات کی توثیق کی کہ چھ یاتریوں کی ہلاکت واقع ہوگئی اور دیگر بارہ کو زخم آئے جن میں سیکوریٹی ملازمین بھی شامل ہیںں۔ یہ بس یاتریوں کو یاترا کے لئے بلتال سے لے جارہی تھی۔ سی آر پی ایف کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ بس سرکاری یاترا کا حصہ نہیں تھی اور اس کو ام رناتھ مندر بورڈ کے یہاں رجسٹرڈ نہیں کرایا گیا تھا۔ یہ حملہ جموں و کشمیر پولیس کے اس دعوے کے بعد کیا گیا کہ اس نے اتر پردیش کے شہر مظفر نگر کے رہنے والے سندیپ کمار شرما عرف عادل کے بشمول دو افراد کی گرفتاری کے ساتھ ہی لشکر طیبہ کے موڈیول کو بے نقاب کیا ہے۔ محبوبہ مفتی کی زیر قیادت حکومت کے سینئر وزیر نعیم اختر نے حملہ کو کشمیر کی تاریخ پر ایک سیاہ داغ قرار دیا۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے فوری رد عمل کا اظہار کیا اور کہا حملہ کی کافی پرزور انداز میں مذمت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایسا حملہ حسب توقع تھا کیونکہ سیکوریٹی فورسس کی جانب سے حال ہی میں انتہا پسندوں کے خلاف کئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا یہ وہ چیز ہے جس کا ہم سب نے اندیشہ ظاہر کیا تھا اور یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یاترا کے دوران حملہ ہوسکتا ہے ۔امر ناتھ یاترا کو ہفتہ کے دن جموں سے معطل کردیا گیا تھا کیونکہ انتہا پسند کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر وادی کشمیر کی لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال خراب تھی اور کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ اسی دوران موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب دہشت گردوں نے آج رات گجرات سے تعلق رکھنے والے سات امر ناتھ یاتریوں کو ہلاک کردیا اور بتیس کو زخمی کردیا۔ مہلوکین میں چھ خواتین بھی شامل ہیں یہ یاتری ضلع اننت ناگ میں ایک بس میں پھنس گئے تھے ۔ سال2000ء سے شروع ہوئی امر ناتھ یاترا پر یہ بد ترین حملہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ بس یاتریوں کی اس قافلہ کا حصہ نہیں تھی جس کو معقول سیکوریٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ دریں اثناء نئی دہلی سے موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کشمیر میں امر ناتھ یاتریوں پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کی اور پرزور الفاظ میں کہا کہ ہندوستان ایسے بزدلانہ حملوں اور نفرت پھیلانے کے ناپاک منصوبوں سے مرعوب نہیں ہوگا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا اور چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے بات کی اور درکار ہر ممکنہ مدد کا یقین دلایا۔ مودی نے ٹویٹ کیا جموں و کشمیر میں پر امن امر ناتھ یاتریوں پر بزدلانہ حملہ سے جو تکلیف ہوئی اس کا اظہار کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ یہ حملہ ہر ایک کی جانب سے شدید ترین مذمت کے قابل ہے ۔
Terrorists kill 7 Amarnath Yatra pilgrims, injure 32 in Anantnag

وزارت اقلیتی امور، اسکیمات پر مناسب عمل آوری کے لئے کوشاں: نقوی
نئی دہلی
یو این آئی
مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ایم اے ای ایف) کے280عہدیدار اب وزارت اقلیتی امور کی اسکیمات پر مناسب عمل آوری کے لئے نگراں کے طور پر کام کریں گے ۔ وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ ہم فاؤنڈیشن کے دو سو اسی عہدیداروں کی جو معائنہ کے کام پر متعین ہیں، خدمات وزارت اقلیتی امور کی مختلف اسکیمات اور پروگراموں پر مناسب عمل آوری کی نگرانی کے لئے استعمال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہدیدار ہماری فلاحی خدمات کے نگراں کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے ۔ ان عہدیداروں میں اعلیٰ سطحی ریٹائرڈ سرکاری عہدیدار اور شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد شامل ہیں۔ ایم اے ای ایف کی جانب سے مختلف اداروں کے معائنہ کے بعد گرانٹ ان اڈ وی جاتی ہے اور معائنہ کرنے والے عہدیدار رپورٹ داخل کرتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے آج یہاں ایک ورکشاپ کا افتتاح کیا ، جو عہدیداروں کو وزارت اقلیتی امور کی مختلف اسکیمات کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے وزارت کی جانب سے غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر اداروں کو ان اسکیمات پر عمل آوری کے لئے مالی امداد کی فراہمی کے طریقہ کار سے بھی واقف کرایا گیا۔ نقوی نے مطلع کیا کہ چوں کہ وزارت مکمل طور پر آن لائن ہوچکی ہے، ڈیجیٹل نظام نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ مختلف اسکیمات کے فوائد راست طور پر سماج تک پہنچیں ۔ وزارت نے مکمل شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے راست طور پر طلبہ کے بینک کھاتوں میں اسکالر شپس فراہم کی ہیں اور ترقیاتی اسکیمات و امور حج کے لئے شفافیت کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کی وجہ سے درمیانی افراد کی کوئی گنجائش نہیں رہی ، جس سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکا ہے کہ ترقی کے فوائد راست طور پر ہر ضرورت مند تک پہنچ رہے ہیں۔ نقوی نے کہا کہ انہوں نے اپنی وزارت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مختلف اسکیمات اور پروگراموں کے نفاذ کا جائزہ لینے بنیادی سطح پر عوام تک رسائی حاصل کریں ،کیونکہ نئی اسکیمات کے اعلان سے زیادہ یہ چیز اہم ہے۔

امریکہ اور جاپان کے ساتھ ہندوستان کی بحری مشقوں کا آغاز
نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان اور چین کے مابین سرحدی تنازعہ اور بحیرہ چین خطہ میں چین کی جانب سے غلبہ حاصل کرنے کی کوششوں سے جنوب مشرقی ایشیا میں پیدا شدہ ارضی سیاست کے بحران کے مابین ، امریکہ جاپان اور ہندوستان نے باہم مضبوط دفاعی تعاون کی بہترین مثال پیش کرتے ہوئے آج سے خلیج بنگال میں اپنی مشترکہ مالا بار بحری مشق شروع کردی ہے ۔ ماا بار۔17مشقوں کا21واں دور10سے17جولائی تک خلیج بنگال میں جاری رہے گا۔ اس بحری مشق سے تینوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ عمل کے امکانات اور بحری سلامتی اقدامات میں مشترکہ مفاہمت میں اضافہ ہوگا ۔ مالا بار۔17کے امکانات میں چینائی میں10سے13جولائی تک بحری مرحلہ کے پیشہ وارانہ مذاکرات اور14سے 17جولائی کے دوران بحری مرحلے میں عملی سر گرمیاں شامل ہیں۔ ان مشق کا اصل مقصد تینوں ممالک کی بحریہ کے مابین سمندر میں چلائی جانے والی سیکوریٹی مہموں میں بہترین باہمی سمجھ اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ۔ اس بار اس مشق میں خاص طور سے طیارہ بردار جہازوں، ہوائی سیکوریٹی، میزائل شکن اور آبدوز شکن جنگی نظام اور دفاع اور راحت کے لئے چلائی جانے والی مشترکہ کوششوں پر خصوصی زور دیاجارہا ہے ۔ ہندوستان کی جانب سے اس مشق میں آئی این ایس وکرانت، میزائل شکن نظام سے لیس جہاز رنویر، ملک میں بنائے گئے اسٹیلتھ فریگیٹ شوالک اور سہیادری ، میزائلوں سے لیس جہازکورا اور کرپان، سندھو گھوش زمرہ کی ایک آبدوز، آئی این ایس جیوتی اور طویل دوری تک پرواز کرنے کے قابل گشتی طیارہ پی8آئی حصہ لے رہے ہیں۔ امریکہ کی نمائندگی امریکہ کے ساتویں بحری بیڑے کا اہم جنگی جہازنیم تز، کروز میزائلوں سے لیس جہاز پرنسٹن، میزائل شکن نظام سے لیس یو ایس ایس ہادرڈ، یو ایس ایس شوپ اور یو ایس ایس کڈ کررہا ہے ۔ ان کے ساتھ ہی لاس اینجلس فاسٹ ٹریک آبدوز اور گشتی طیارہ پی آٹھ اے بھی امریکہ کی شان میں اضافہ کررہے ہیں۔ جاپان نے مشق میں اپنے دفاعی جنگی جہاز جے ایس اجو، مو اور جے ایس ساجانامی کو بھیجا ہے ۔ اس کے کچھ سمندری گشتی طیارے بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ مشق کے دوران تینوں بحریہ کے مابین راحت و بچاؤ مہموں میں آہم آہنگی کے ساتھ ہی جنگ کی صورتحال میں بھی باہم تعاون کے طریقوں کی وشاکھام پٹنم میں شاندار نمائش کی جائے گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں