نتیش کمار کی بحیثیت وزیراعلیٰ بہار حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-07-28

نتیش کمار کی بحیثیت وزیراعلیٰ بہار حلف برداری

پٹنہ
پی ٹی آئی
نتیش کمار نے آج بی جے پی کی تائید سے ایک بار پھر چیف منسٹر بہار کی حیثیت سے حلف لیا جس کے ساتھ ہی اپوزیشن کا اتحاد بکھر گیا اور2019ء کے عام انتخابات میں بھگوا جماعت کا مقابلہ کرنے اس کی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔66سالہ نتیش کمار نے اپنی حلیف جماعتوں، لالو پرساد یادو کی آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ اتحاد توڑتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے صرف بارہ گھنٹے بعد وہ راج بھون میں گورنر بہار کیسری ناتھ ترپاٹھی کی جانب سے حلف دلائے جانے کے ساتھ ہی دوبارہ عہدہ پر واپس ہوگئے ۔ سینئر بی جے پی قائد سشیل کمار مودی کو بھی حلف دلایا گیا اور وہ ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے ۔ جنتادل یو کے صدر نتیش کمار کی جانب سے اس ماہرانی سیاسی داؤ پیچ نے اپوزیشن کو ششدر کردیا کیونکہ انہوں نے دوست سے دشمن بنی بی جے پی کو دوبارہ دوست بناتے ہوئے اس کے ساتھ اتحاد کرلیا ہے ۔ یہ دونوں جماعتیں 2013تک تقریباً17سال تک ایک دوسرے کی اتحادی تھیں۔ نریندر مودی کو2014ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کی انتخابی مہم کمیٹی کا صدر نشین منتخب کیا گیا تو نتیش کمار نے این ڈی اے سے ناطہ توڑ لیا تھا ۔ بعد ازاں مودی کو وزارت عظمیٰ کا امید وار قرار دیا گیا تھا ۔ بہر حال ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نتیش کمار نے بھی اس عام سو چ کو تسلیم کرلیا ہے کہ دو سال بعد بھی مودی کی لہر جاری رہ سکتی ہے جب کہ کانگریس کے گھٹتے اثر کے بیچ انہیں2019ء میں مودی کا امکانی مد مقابل تصور کیاجارہا تھا ۔ گورنر نے نتیش کمار کو کل ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نتیش کمار نے حلف برداری تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو بھی فیصلہ کیا ہے وہ بہار اور اس کے عوام کے مفاد میں ہے ۔اس فیصلہ سے ترقی اور انصاف کو یقینی بنایاجاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اجتماعی فیصلہ ہے ۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ بہار کے عوام کے تئیں ہم پابند عہد رہیں۔ مختصر سی تقریب میں جس میں صرف نتیش کمار اور سشیل مودی کو حلف دلایا گیا ، مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا اور بی جے پی قائد انیل جین بھی موجود تھے ۔ حلف برداری کے فوری بعد جنتادل یو نے اعلان کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی تائید کرے گی۔ حلف برداری تقریب کے ساتھ ہی ریاست میں دم بخود کردینے والے سیاسی اوقعات کا اختتام عمل میں آیا جب کہ نتیش کمار نے کل رات لالو پرساد اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف بد عنوانیوں کے الزامات پر آر جے ڈی کے ساتھ قطع تعلق کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ لالو پرساد کے لڑکے تیجسوی یادو پر سب سے زیادہ کرپشن کے الزامات ہیں جو سابق حکومت میں ڈپٹی چیف منسٹر تھے ۔ سی بی آئی کی جانب سے کرپشن کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد تیجسوی یادو نے مستعفیٰ ہونے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے اپنے رویے کی وضاحت کرنے نتیش کمار کے مشورہ کو بھی نظر انداز کردیا تھا۔ نتیش کمار نے بتایا کہ اسی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دیا اور بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے چھٹیوں مرتبہ چیف منسٹر بنے ۔ اپوزیشن نے توقع کے مطابق سخت تنقیدیں کیں۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہاکہ انہوں(نتیش کمار) نے فرقہ پرستی کے خلاف لڑائی میں ہمارے ساتھ ہاتھ ملایا تھا لیکن اپنی شخصی سیاست کے لے انہوں نے اپنے ان ہی لوگوں سے ہاتھ ملا لیا ہے جن کے خلاف لڑائی کی تھی۔ لوگ اپنے خود غرضانہ مقاصد کے لئے کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔ کوئی اصول نہیں، کوئی اعتبار نہیں۔ وہ اقتدار کے لئے کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔ مودی نے نتیش کمار کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ بہار کی خوشحالی کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بالترتیب چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے پر نتیش کمار اور سشیل کمار مودی کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ بہار کے خوشحالی کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے متمنی ہیں ۔ انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ نتیش کمار جی اور سشیل مودی جی کو مبارکباد۔ بہار کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہوں۔

Nitish Kumar takes oath as Bihar chief minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں