2050 تک دنیا کی آبادی 10 بلین ہوجائے گی - اقوام متحدہ کی رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-23

2050 تک دنیا کی آبادی 10 بلین ہوجائے گی - اقوام متحدہ کی رپورٹ

22/جون
نیویارک
رائٹر
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق سال2050ء میں عالمی آبادی7.6بلین سے تجاوز کر کے 9.8بلین ہوجائے گی ۔ اس عرصے میں دنیا کی نصف آبادی جن نو ممالک پر مشتمل ہوگی ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے شعبہ اقتصادیات و سماجی معاملات کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن2050تک امریکہ کی جگہ لیتے ہوئے نائیجیریا دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔ رپورٹ کے مصنفین کے مطابق دنیا کی آبادی میں ہر سال قریب83ملین افراد کا اضافہ ہورہا ہے جب کہ آبادی میں اضافے کا یہ رجحان باوجود ان اندازوں کے جاری رہنے کی توقع ہے جن کے مطابق آئندہ سالوں میں باروری کی سطح مستقل طو رپر گرتی جائے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس حساب سے سن2030ء میں دنیا کی آبادی8.6بلین ، سن2050ء میں9.8بلین جب کہ سن2100میں11.2بلین تک پہنچ جائے گی۔ ہندستان جو1.3بلین نفوس کے ساتھ دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، سن2024ء تک 1.4آبادی والے ملک چین کو پیچھے چھوڑ دے گا ۔ رپورٹ کے تخمینوں کے مطابق 2050تک دنیا کی نصف آبادی صرف9ممالک پر مرکو ز ہوگی۔ ان ممالک میں ہندوستان ، پاکستان، کانگو، نائیجیریا، ایتھوپیا، تنزانیہ، امریکہ، یوگنڈا اور انڈونیشیا شامل ہیں ۔ رپورٹ میں درج ہے کہ مذکورہ نو ممالک کو عالمی آبادی میں ان کی متوقع حصہ داری کی بنا پر شامل کیا یا ہے تاہم رپورٹ سے واضح ہورہا ہے کہ نائیجیریا کی آبادی جس تیزی سے بڑھ رہی ہے اس سے یہ امکان ہے کہ سن2050ء تک چھبیس افریقی ممالک کی آبادی کم از کم دو گنی ہوجائے گی۔ اسی عرصے میں ساٹھ سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد دوگنا ہوجانے کی توقع ہے ۔

World's Population May Near 10 Billion By 2050

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں