بعض ممالک کی دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقومات سے مدد - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-03

بعض ممالک کی دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقومات سے مدد - وزیراعظم مودی

2/جون
بعض ممالک کی دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقومات سے مدد۔ مودی
سینٹ پیٹرس برگ
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر میں عسکریت پسندوں کو اسلحہ اور رقومات سے مدد کرنے کا پاکستان پر بظاہر الزام لگاتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے یکجا ہوجائے جسے انہوں نے انسانیت کے دشمن سے تعبیر کیا ۔ صدر روس ولادیمیر پوٹین سیٹ پیٹرس برگ بین الاقوامی معاشی فورم کے اجلاس میں مودی کے بازو بیٹھے تھے جہاں ا پنے خطاب میں مودی نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو اچھی اور بری دہشت گردی کی بحث میں پڑے بغیر دہشت گردوں خے فنڈ، اسلحہ اور ترسیل پر روک لگانا چاہئے ۔ انہوں نے بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع کنونشن پر جلد از جلد فیصلہ لینے کی بھی دنیا سے اپیل کی ۔ یہ قرار داد اقوام متحدہ میں گزشتہ چالیس برسوں سے زیر التوا ہے ۔مودی کی تائید کرتے ہوئے پوٹین نے کہا کہ ہندوستان دہشت گردی کے حوالے سے سنگین مسئلہ کا سامنا کررہا ہے اور یہ محض تخیل یا تصور نہیں ہے ۔ فورم سے خطاب کے بعد سوال و جواب کے سیشن میں مودی نے کہا کہ دہشت گرد اسلحہ سازی نہیں کرتے بلکہ چند ممالک ہیں جو انہیں بندوقیں سپلائی کرتے ہیں ۔ دہشت گرد کرنسی نوٹ نہیں چھاپتے بلکہ انہیں حوالہ کے ذریعہ رقومات فراہم کی جاتی ہیں۔ دہشت گرد وں کا اپنا کوئی مواصلاتی نظام نہیں اور سماجی میڈیا نیٹ ورک نہیں ہوتا بلکہ چند ممالک ہیں جو ان کی مدد کرتے ہیں ۔ مودی نے اگرچہ کسی ملک کا نام نہیں لیا لیکن ان کا واضح اشارہ پاکستان کی طرف تھا جس کے بارے میں ہندوستان ہمیشہ کہتا رہا ہے کہ وہ کشمیر میں ایسی تمام سر گرمیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم مخصوص واقعات سے پرے اقدامات کریں۔ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے ، اس کا مقابلہ کرنے سبھی کو یکجا ہوجانا چاہئے ۔ یہ یاد دلاتے ہوئے کہ حاضرین نے سکریٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گیٹرس بھی موجود ہیں وزیر اعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع کنونشن قرار داد چالیس برسوں سے عالمی ادارہ میں زیر التوا ہے ۔ یہ قرار داد دہشت گردی کی تعریف اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں کی وضاحت سے متعلق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر محض زبانی ہمدردی کی گئی ۔ کوئی بحث یا فیصلہ نہیں یا گیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پوٹین نے کل بر سر عام کہا کہ قرار داد پر بحث کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری دہشت گردی، تیری دہشت گردی، اچھی اور بری دہشت گردی کی بحث سے ہمیں نکلنا چاہئے یہ انسانیت کا مسئلہ ہے ۔ سوچنا یہ ہے کہ دہشت گردی سے کیسے مقابلہ کیاجائے ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان چالیس برسوں سے سرحد پار دہشت گردی کا شکار ہے اور ہزاروں بے قصور شہری ہلاک ہوچکے ہیں لیکن دنیا دہشت گردی کو صرف نظم و ضبط کا مسئلہ سمجھتی رہی ۔9/11کے بعد ہی دنیا جاگی کہ دہشت گرد کتنی دور تک نشانہ باندھ سکتے ہیں اور کسی قد خوف و دہشت پھیلا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی سرحدیں نہیں ہوتی اس کا مقابلہ تمام ملکوں کو مل کر کرنا چاہئے ۔پوٹین نے مودی سے اتفاق کرتے ہوئے دہشت گردی کو ایک مشترکہ خطرہ قرار دیا جس پر سب کو متحد ہونا چاہئے ۔

Some nations arming, funding terrorists: PM Modi attacks Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں