چمپئنس ٹرافی - پاکستان فاتح - ہندوستان کو 180 رنوں سے شکست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-19

چمپئنس ٹرافی - پاکستان فاتح - ہندوستان کو 180 رنوں سے شکست

18/جون
لندن
پی ٹی آئی
جارحانہ اوپنر فخر زماں کی شاندار سنچری اور محمد عامر کی سنسنی خیز بولنگ کی بدولت ایک پرجوش پاکستان نے آج ہندوستان کو180رنوں سے روندتے ہوئے آئی سی چمپئنس ٹروفی جیت لی ۔ یہ2009ء میں ورلڈ ٹوئنٹی20کی کامیابی کے بعد پاکستان کا پہلا آئی سی سی خطاب ہے لیکن یہ کافی اہم کامیابی ہے کیونکہ اس کے ذریعہ بڑے میاچس میں ہندوستان کے خلاف مظاہرہ نہ کرنے کی روایت ٹوٹی ہے۔ ایک ایسی ٹیم کے لئے جو سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر اپنے وطن میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکی ، یہ کامیابی دور رس اثرات کی حامل ہے ۔ فخر زماں نے میاچ کا فیصلہ کرنے والے اننگز کے ذریعہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے وجود کا احساس دلایا جس کے بعد عامر کے غضبناک اسپیل کی وجہ سے پاکستان کے کرکٹ شیدائی جھومنے لگے ۔ سرفراز احمد کی ٹیم نے اسے زیادہ اہمیت نہیں دی جارہی تھی ۔ تمام شعبوں میں بہتر مظاہرہ کیا ۔ زماں کی سنچری کی بدولت پاکستان نے چار وکٹ پر338رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا جس کے بعد عامر نے ایک طوفانی اسپیل کے ذریعہ ہندوستانی بیاٹسمنوں کو تہس نہس کردیا ۔ عامر نے6اوورس میں16رن دے کر تین وکٹ لئے اور دو میڈن اوورس پھینکے ۔ اس مظاہرہ کی بدولت موجودہ چمپئن ہندوستان صرف30.3اوورس میں158پر ڈھیر ہوگیا ۔ ویراٹ کوہلی کی کپتان کے لئے یہ سب برا میاچ ثابت ہوا۔ اس میاچ میں ہندوستانی ٹیم کے لئے ٹاس جیتنے کے بعد سب کچھ برا ہوا ۔ اس فلیٹ وکٹ پر کوہلی نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا ۔ اسکورس کا پیچھا کرنے کے موجودہ صلاحیت سے متاثر ہوکر شاید یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔ عامر نے اپنے تباہ کن اسپیل میں تین خطرناک گیندوں کے ذریعہ روہت شرما صفر شکھر دھون اکیس اور ویراٹ کوہلی پانچ کو چلتا کیا اور اس وقت عملاً میاچ کا نتیجہ نکل گیا ۔ ہاردیک پانڈیا نے43گیندوں میں76رنز بنائے ۔ جن میں چھ چھکے شامل ہے۔ اس مظاہرہ کے ذریعہ انہوں نے تماشائی کو کچھ تفریح فراہم کی لیکن اس کے بعد جڈیجہ کے ساتھ غلط فہمی میں رن آؤٹ ہوگئے ۔ جیسے ہی آخری وکٹ گری اوول کے میدان میں ہر طرف سبز رنگ نظر آرہا تھا ۔ میدان پر پاکستانی کھلاڑی بھی جشن منانے لگے ۔ یہ کامیابی ایک ان فام اور شہرت یافتہ ٹیم کے خلاف حاصل کی گئی جس کے لئے پاکستانی کپتان سرفراز کی کافی ستائش کی جارہی ہے ، جنہوں نے ا پنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اچھے فیصلے کئے ۔میاچ کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یہ دن صرف آج یا کل نہیں بلکہ آنے والے کئی برسوں تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دوسرے ملکوں سے جذباتی اپیل کی کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں۔2009ء میں سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گرد حملہ کے بعد کوئی بڑی ٹیم پاکستان میں نہیں کھیل رہی ہے ۔ سرفراز نے کہا یہ پاکستانی کھلاڑیوں کا ایک عظیم کارنامہ ہے اور سہرا ان کے سر جاتا ہے ۔ یہ کارنامہ ہر کوئی یاد رکھے گاصرف آج یا کل نہیں بلکہ ایک لمبے عرصہ تک پاکستانی کرکٹ میں یہ دن یاد رکھاجائے گا۔ آج کھلاڑی کافی پرجوش تھے ۔ ہم 8ویں رینک کے ساتھ یہاں آئے تھے اور ٹورنمنٹ جیتا۔ وہ امید کرتے ہیں کہ اب پاکستان میں کھیلنے کے لئے دوسری ٹیمیں آئیں گی ۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ فخر زماں پر قابو پانا بہت مشکل تھا اور ان کے80فیصد جوکھم بھرے شاٹس اچھے جارہے تھے ۔

کراچی
پی ٹی آئی
چیمپئنس ٹرافی فائنل میں ہندوستان کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد پورے پاکستان میں خوشی کا ماحول دیکھا گیا جیسے ہی میاچ کا نتیجہ آیا لوگ سڑکوں پر گاڑیوں اور کاروں میں نکل پڑے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی ۔ لوگ خوشی سے جھوم رہے تھے اور پاکستان میں جھنڈے لہرا رہے تھے ۔ پاکستان کی جرسی پہنے لڑکے اور لڑکیاں ڈھول کی تاپ پر رقص کررہے تھے ۔ کئی لوگوں نے مٹھائی تقسیم کی اور اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ کراچی کے مختلف حصوں میں ہوائی فائرنگ کی وجہ سے کم سے کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر مبارکبا د دی۔ انہوں نے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مبارکبادی کا پیغام روانہ کیا۔ وزیر اعظم نے ویڈیو پیام میں کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ہمارا سر فخر سے اونچا کیا ہے ۔ صدر ممنون حسین، سابق کرکٹ کپتان وسیاستداں عمران خان ، آرمی چیف قمر جاوید باجوا، چیف جسٹس آف پاکستان اور دوسری کئی شخصیتوں نے مبارکباد دی۔ سابق ٹسٹ کپتان وکھلاڑیوں نے بھی مبارکبا ددی۔

Pakistan beat India by 180 runs to win ICC Champions Trophy 2017

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں