ٹاملناڈو میں نیوکلیر پلانٹ یونٹس کے لئے ہند روس معاہدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-02

ٹاملناڈو میں نیوکلیر پلانٹ یونٹس کے لئے ہند روس معاہدہ

1/جون
ٹاملناڈو میں نیوکلیر پلانٹ یونٹس کے لئے ہند روس معاہدہ
سینٹ پیٹرس برگ
پی ٹی آئی
ہندوستان اور روس نے آج ٹاملناڈو میں نیو کلیر پاور پلانٹ کی مزید دو یونٹس کے قیام کے لئے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیاجارہا تھا ۔ دونوں ملکوں نے دو عظیم طاقتوں کے درمیان دفاعی تعاون کو ایک نئی سمت دینے کا بھی فیصلہ کیا۔ دونوں ملکوں نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ وہ اس سال اندر2017نام سے ایک منصوبہ شروع کریںگے اور مشترکہ طور پر فوجی سامان تیار کریں گے ۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوٹین کے درمیان وسیع بات چیت کے دوران کیا گیا ۔ اس بات چیت میں دہشت گردی ، تجارت اور سرمایہ کاری کے بشمول کئی مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ بات چیت کے بعد پوٹین کے ساتھ مشترکہ طور پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان تعلقات اٹوٹ ہیں جو باہمی محبت، احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں ۔ پوٹین نے بات چیت کو خاطر خواہ قرار دیا اور کہا کہ ہند۔ روس شراکت خصوصی رشتے میں تبدیل ہورہی ہے ۔ انہوں نے بات چیت کو تعمیری اور کار آمد قرار دیا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی مضبوط ہوگی ۔ بات چیت کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ یہ رشتہ تعاون کے تمام شعبوں کا احاطہ کرے گا۔ ہندوستان اور روس نے تمام ممالک سے کہا کہ وہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکیں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے کسی دوہرے معیار و امتیازی رویے کے بغیر مشترکہ طور پر فیصلہ کن کارروائی کریں ۔ پوٹین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ روس کے بہت قریبی فوجی تعلقات نہیں ہیں اور ہندوستان کے ساتھ اس کی قریبی دوستی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔ پوٹین نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر مودی نے دہلی کے سفارتی علاقہ چانکیہ پوری کی ایک سڑک کو روس کے سابق سفیر برائے ہند الیکزنڈر کڈا کن کا نام دینے کا اعلان کیا۔ مودی نے محدود ملاقات کے دوران پوٹین کو بتایا کہ بہ حیثیت وزیر اعظم انہیں پوٹین کے آبائی شہر کا دورہ کرکے خوشی ہورہی ہے ۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہند، روس چوٹی ملاقات ماسکو سے باہر سینٹ پیٹرس برگ میں منعقد ہورہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عام طور پر بین الاقوامی تعلقات میں اتار چڑھاؤ دیکھاجاتا ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ ہند۔ روس تعلقات میں کبھی اتار چڑھاؤ نہیں آیا ۔ انہوں نے روس کے صدر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں ہندوستان کی شمولیت میں اہم رول ادا کیا ۔ پوٹین نے کہ اکہ ہندوستان ایک ہفتہ میں شنگھائی تعاون کونسل کا مستقل رکن بن جائے گا ۔ مودی نے پوٹین کو آج صبح ایک قدیم قبرستان کے اپنے دورہ سے واقف کروایا جہاں انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے مہلوکین کو خراج پیش کیا تھا ۔ مودی نے پوٹین سے کہا کہ آپ وہ لیڈر ہیں جن کے خاندان نے کئی قربانیاں دیں۔ آپ کے بھائی شہید ہوئے ۔

India and Russia sign agreement for Kundankulam Nuclear Plant in TN

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں