عید الفطر پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-27

عید الفطر پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

26/جون
نئی دہلی
ایس این بی
راجدھانی میں عبدالفطر پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ تاریخی جامع مسجد، شاہی مسجد فتح پوری، عید گاہ قریش نگر، جامع مسجد نئید ہ لی، شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ ، جامع مسجد جامعہ ملیہ اسلامیہ ، اور عید گاہ جعفر آباد سمیت دہلی کی تقریباً ایک ہزار سے زیادہ مساجد، مدارس اور عید گاہوں میں لاکھوں فرزندان توحید نے عیدالفطر کی نماز ادا کی اور ملک و قوم کی خوشحالی ، ترقی اور امن کے لئے دعائیں کی گئیں۔ نماز کے بعد حسب روایت لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

حیدرآباد
ایس این بی
مولانا ڈاکٹر سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے کہا ہے کہ قرآن مجید رمضان المبارک کا تحفہ ہے جسے اس ماہ مقدس میں شب قدر میں حضور ؐ پر نازل فرمایا گیا ۔ شب قدر کی بڑی فضیلت آئی ہے ۔ اس سے بڑی کوئی رات نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ کو یہ بہترین تحفہ دیا ہے لیکن ہم نے آج قرآن مجید کو چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر نوجوانوں کے ہاتھوں میں موبائل کی جگہ قرآن مجید ہوتا تو اغیار ہمارے ہاتھ چومتے ۔ مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نے عید الفطر بیان کرتے ہوئے یہ بات کہی جہاں فرزندان توحید کا سب سے بڑا اجتماع عید کے موقع پر دیکھا گیا۔ عید کے موقع پر تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی مولانا جعفر پاشاہ نے ستائش کی ۔ حافظ رضوان قریشی امام و خطیب مکہ مسجد نے امامت کی ۔ سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز عیدالفطر ادا کی، عید گاہ میں نماز کے سلسلہ میں مناسب انتظامات کئے گئے تھے تاہم بارش کے سبب جائے نماوں کے گیلے ہوجانے کے سبب مصلیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔ عید گاہ کے قریب وضو کے لئے پانی کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ مجلس کی طرف سے والنٹر ز کیمپ لگایا گیا تھا۔ واٹر بورڈ کی جانب سے پینے کے پیکٹس فراہم کئے گئے ۔

رانچی
ایس این بی
رانچی میں خوشیوں کا تہوا عیدالفطر دھوم دھام سے منائی گئی ۔ شہر کی مساجد اور عید گاہوں میں عقیدت کے ساتھ عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی ۔ نماز ادا کرکے نمازیوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔ عید گاہوں اور مساجد میں امن و آشتی کی دعائیں کی گئیں۔ عید کے موقع پر عید گاہ کے پاس کئی تنظیموں کے ذریعہ استقبالیہ کیمپ لگا کر عید کی مبارکباد پیش کی ۔ ڈورنڈا عید گاہ ہر مو عید گاہ، کانکے عید گاہ اور بریاتو عید گاہ کے علاوہ تھڑپکنا، رنگساز مسجد، ڈاکٹر فتح اللہ مسجد، حواری مسجد ، اہل حدیث مسجد، چاندنی مسجد، قصا ب محلہ مسجد وغیرہ میں بھی نماز عید الفطر ادا کی گئی ۔

ہگلی،بارکپور
ایس این بی
مغربی بنگال سمیت پورے ملک میں عیدالفطر کا تہوار سوموار26جون کو روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور سبھی مقامات پر عالم اسلام میں امن و امان اور اخوت کی دعا مانگی گئی ۔ مغربی بنگال کے دیگر علاقوں کے علاوہ ہگلی اور شمالی چوبیس پرگنہ کے مختلف علاقوں کی عید گاہوں اور مسجدوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی اور نماز عید کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکبا د دی۔ کانکی نارہ، جگتدل کی تما م مساجد اور گول گھر عید گاہ میں نماز عید ادا کی گئی ۔ نماز کے دوران ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی لیکن تیز بارش کہیں نہیں ہوئی۔ کانکی تارہ جامع مسجد میں حافظ سفیان نے نماز عید پڑھائی۔

ممبئی
ایس این بی
ممبئی سمیت مہاراشٹرا بھر عیدا الفطر مذہبی جذبہ اور شان و شوکت کے ساتھ منائی گئی ۔ اس دوران ہمیشہ کی طرح مساجد اور عید گاہوں میں نماز دوگانہ ادا کی گئی، بارش کی وجہ سے مساجد میں متعدد جماعتوں کا اہتمام کیا گیا ۔ فرزندان توحید نے ملک کی خوشحالی اور عالم اسلام میں امن و امان کے لئے اپنے رب سے گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کیں۔ ممبئی کے پڑوسی شہر تھانے، ممبرا، میرا روڈ ، بھیونڈی اورمالیگاؤں ، پونے، شولا پور جلگاؤں جالنہ اور دوسری راجدھانیوں میں جگہ جگہ عید کی نماز ادا کی گئی اور لاکھوں مسلمانوں نے نماز ادا کی، بارش کے سبب عید گاہوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے جب کہ مساجد میں دوسری اور تیسری جماعتیں کی گئیں۔ تاکہ مقتدیوں کا دشواری نہ پیش آئے۔ پولیس نے بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش آنے پر فوری طورپر نمٹا جاسکے ۔ ممبئی میں جنوبی ممبئی میں جامع مسجد ، مینارہ مسجد، زکریا مسجد، مدنپورہ مسجد ، چونا بھٹی، مرکز مسجد، شیخ مصری اور حاجی اسماعیل الانا سینی ٹوریم مسجد، جوہوگارڈن مسجد اور مضافی علاقوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ مالیگاؤں اور بھیونڈی میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز ادا کی ۔ ائمہ اور خطیبوں نے عالم اسلام میں امن و امان اتحاد اور ہندوستان میں خوشحالی کے لئے دعائیں کیں ۔ جبکہ مسجدوں کے باہر پولیس کا سخت بندوبست دیکھا گیا اور بعد نماز عید پولیس اعلیٰ افسران اور مقامی تھانیداروں نے نمازیوں کو عید کی مبارک پیش کرتے ہوئے گلاب کے پھول پیش کئے ۔

Eid-ul-Fitr celebrated in India with great religious zeal, fervor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں