ووٹ بینک کی سیاست کے لئے گائے اور رام مندر کا استعمال - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-01

ووٹ بینک کی سیاست کے لئے گائے اور رام مندر کا استعمال - کانگریس

31/مئی
ووٹ بینک کی سیاست کے لئے گائے اور رام مندر کا استعمال:کانگریس
چنڈی گڑھ
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج مرکز کی بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی تیسری سالگرہ کے موقع پر اس پر الزام عائد کیا کہ وہ تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے اور وہ ووٹ بینک کی سیاست کے لئے گائے اور رام مندر جیسے مسائل کا استعمال کررہی ہے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کانگریس نے کبھی گاؤ کشی کی تائید نہیں کی، پارٹی کے ترجمان راجیو شکلا نے کہا کہ کیرالا کے ضلع کنور میں بر سر عام بچھڑا ذبح کرنے پر کانگریس کے تین یوتھ کارکنوں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس ہمیشہ سے گاؤ کشی کی مخالف رہی ہے ، تاہم بی جے پی ا س مسئلہ کو سیاسی رنگ دیتی رہی ہے اور اسے ووٹ بینک کی سیاست سے جوڑتی رہی ہے ۔ رام مندر کے مسئلہ پر شکلا نے کہا کہ بی جے پی کے لئے رام مندر کا مسئلہ صرف اس وقت اٹھتا ہے جب انتخابات قریب ہوتے ہیں۔جب انتخابات ختم ہوجاتے ہیں تو وہ بھگوان رام کو بھول جاتے ہیں ۔ 25سال سے یہی ہوتا آرہا ہے اور وہ لوگوں کو اس مسئلہ پر گمراہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ(بی جے پی) ووٹ بینک کی سیاست کے لئے رام مندر مسئلہ کا استعمال کرتی ہے ۔ جہاں تک کانگریس کا تعلق ہے عدالت کا ہر فیصلہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا ۔ شکلا نے کہا کہ جب بی جے پی حکومت اور اس کے وزراء کٹہرے میں ہوتے ہیں تو اپنے آپ کو ونوبا بھاوے(مجاہد آزادی و سماجی مصلح) ظاہر کرتے ہیں اور خاموش رہتے ہیں ۔ صدارتی انتخابات کے مسئلہ پر شکلانے کہا کہ اگر ایسا کوئی امید وار ہو جس کے بارے میں اتفاق رائے قائم کیا جاسکتا ہو تو ہمارے لئے ٹھیک ہے، تاہم اتفاق رائے نہ ہو نے کی صورت میں اپوزیشن کوئی فیصلہ کرے گی ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ روایتی طور پر حکومت ہی صدارتی امید وار کے مسئلہ پر پہل کرتی ہے ۔ ہم اس مسئلہ پر ان کی پہل کے منتظر ہیں ۔ مسئلہ کشمیر کے بارے میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن مساعی کا احیاء کیاجانا چاہئے، عوام کو اعتماد جیتا جانا چاہئے اور جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ وادی میں سنگباری کے مسئلہ پر شکلا نے کہا کہ اس سے نمٹنے کے لئے فوج جو بھی قدم اٹھاتی ہے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اس سوال پر کہ کانگریس نے اتر پردیش کے انتخابات میں ناقص مظاہرہ کیوں کیا، انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت لہر اس کی وجہ تھی ، چونکہ بی جے پی مرکز میں بر سر اقتدار ہے اس لئے انہوں نے اس کا فائدہ اٹھایا اور فرقہ وارانہ تقسیم میں بھی ملوث ہوئے ۔ بہر حال اس نتیجہ کے باوجود کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اکھلیش یادو کی حکومت نے ترقیاتی کام نہیں کیے۔ سماج وادی پارٹی کو2012ء کی طرح ہر حلقہ میں کم از کم80تا90ہزار ووٹ حاصل ہوئے ، تاہم بی جے پی کو چند ہزار ووٹ زیادہ ملے ۔

BJP using cow slaughter, Ram temple as vote bank politics: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں