جموں و کشمیر میں دوبارہ حملہ - 7 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-05-02

جموں و کشمیر میں دوبارہ حملہ - 7 ہلاک

1/مئی
سری نگر
یو این آئی
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کے روز مشتبہ جنگجوؤں کی جانب سے جموں و کشمیر بینک کی کیش وین پر کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ریاستی پولیس کے پانچ اہلکار اور بینک کے دو ملازم جاں بحق ہوگئے ہیں۔ مسلح حملہ آورمارے گئے پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی اڑا کر لے گئے ہیں۔ وادی میں سر گرم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ تاہم تنظیم نے دعوی کیا ہے کہ بینک ملازموں کو جنگجوؤں نے نہیں بلکہ سی آر پی ایف اہلکاروں نے ہلاک کیا ہے۔ وادی میں یہ کسی غیر سیکوریٹی ادارے کی گاڑی پر اپنی نوعیت کا پہلا حمل ہے ۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو حملے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ جنگجوؤں نے پیر کی سہ پہر کے قریب ساڑھے چار بجے ضلع کولگامکے پو مبئی نامی گاؤں میں جموں و کشمیر بینک کی کیش وین کو روک کر اس پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ وین نہامہ بینک شاخ میں کیش جمع کرنے کے بعد کولگام ٹاؤن کی طرف آرہی تھی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ مشتبہ جنگجوؤں نے اس وین کو روکتے ہوئے چاروں اطراف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جس کے نتیجے میں ریاستی پولیس کے پانچ اہلکار اور بینک کے دو ملازم موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور جنگجو مارے گئے پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی اڑا کر لے گئے ہیں۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈنکالنے کے لئے علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے ۔مہلوک پولیس اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد یوسف، کانستیبل، فاروق احمد ، کانسٹیبل محمد یوسف ، کانسٹیبل محمد قاسم، اور کانسٹیبل اشفاق احمد، جب کہ مہلوک بینک سیکوریٹی محافظین کی شناخت جاوید احمد بٹ اور مظفر احمد کے طور پر کی گئی ہے ۔ دریں اثناء وادی میں سر گرم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔تنظیم کے آپریشنل ترجمان برہان الدین نے ایک مقامی نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ اس حملے کو تنظیم سے وابستہ خصوصی اسکواڈ نے انجام دیا ہے۔ حزب المجاہدین ترجمان نے کہا ہے کہ خصوصی اسکوڈ نے پولیس کو جانی نقصان سے دوچار کرنے کے علاوہ چار پولیس اہلکارو کی سروس رائفلیں بھی چھین لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کیش لوٹنے کے ارادے کے ساتھ گاڑی پر حملہ نہیں کیا ہے۔ ہمارے پاس کافی کیش ہے۔ ہم دو بینک ملازموں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انہیں جنگجوؤں نے نہیں بلکہ سی آر پی ایف اہلکار نے ہلاک کیا ہے ۔ برہان الدین نے کہا ہے کہ جنگجو کبھی بھی معصوم کشمیریوں کو نشانہ نہیںبناسکتے ہیں۔
Kashmir: 5 policemen among 7 killed in terrorist attack in Kulgam

حج کی تیاریوں کے سلسلے میں نقوی اور سعودی سفیر کے درمیان تبادلہ خیال
نئی دہلی
یو این آئی
اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی اور ہندوستان میں سعودی سفیر سعود بن محمد الساطی نے آج یہاں سال2017کی حج کی تیاریوں اور اس سے متعلق دیگر امور پر بات چیت کی ۔ سعودی سفیر نے بعد میں بتایا کہ نقوی کے ساتھ ان کی بات چیت کافی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور یہ کافی سود مند رہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حج کے سلسلے میں مختلف امور پر بات چیت کی۔ مسٹر نقوی نے بعد میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال حج کی تیاریایوں تقریبا مکمل ہوگئی ہیں۔ حج کی تیاریوں کے سلسلے میں ہنودستان کے ایک وفد نے گزشتہ دنون سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے اس سال عازمین حج کی تعداد میں تقریبا چونتیس ہزار کے اضافہ کے لئے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ امسال لگ بھگ ایک لاکھ ستر ہزار ہندوستانی مقدس فریضہ ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے رشتے بہت مستحکم ہیں اور موجودہ نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ تمام ملکوں اور بالخصوص مسلم ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات بہتر اور مستحکم ہورہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر نقوی نے بتایا کہ ہم اگلے سال یعنی2018ء سے پانی کے جہاز کے ذریعہ بھی ہندوستان سے عازمین کو حج پر بھیجنے کے سلسلے میں غور کررہے ہیں اور اس سلسلے میں سعودی افسران سے صلاح و مشورہ جاری ہے ۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ پانی کے جہاز سے سفر کرنے میں بہت زیادہ وقت لگے گا ۔ اور کہا کہ تیس سال پہلے کے مقابلے، جب پانی کے جہاز کے ذریعہ سفر حج کو منقطع کیاگیا تھا، آج تیکنالوجی اور دیگر سہولتوں کے لحاظ سے کافی ترقی ہوچکی ہے ۔ اور اب دو سے تین دن کے اندر پانی کے جہاز سے ہندوستان سے سعودی عرب پہنچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے غریبوں کو حج کرنے کی تمنا پوری ہوجائے گی کیونکہ اس پر ہوائی جہاز کے مقابلے تقریبا آدھا خرچ آئے گا ۔ پانی کے جہاز کے ذریعہ حج پر جانے والوں کو سبسیڈی دینے کے متعلق پوچھے جانے پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نے کہا کہ سپریم کورٹ نے2012ء میں حج سبسیڈی کو مرحلہ وار ختم کرنے کا حکم دیا تھا ۔ ہم کوشش کریں گے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو نافذ کرنے کے باوجود حج پر جانے والوں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔ تین طلاق کے سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں مسٹر نقوی نے کہا کہ یہ کوئی مذہبی معاملہ نہیں ہے ، بلکہ یہ ایک سماجی مسئلہ ہے اور سماجی اصلاح سے اس کا تعلق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم سماج کے لوگوں کو خود آگے آکر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر جو صھت مند مثبت بحث و مباحثہ کا سلسلہ شروع ہوا ہے ، یہ اچھی بات ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں