عام آدمی کو فضائی سفر کی سہولت - وزیراعظم مودی کی اڑان اسکیم کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-28

عام آدمی کو فضائی سفر کی سہولت - وزیراعظم مودی کی اڑان اسکیم کا آغاز

27/اپریل
عام آدمی کو فضائی سفر کی سہولت کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا غیر معمولی اقدام۔ اڑان اسکیم کا آغاز
جوبرہاٹی،شملہ
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج فضائی ارتباط کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اسے ترقی کا انجن قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے عام آدمی کو پرواز کرنے کے قابل بنایاجاسکے گا ۔ نریندر مودی نے علاقائی ارتباط اسکیم(آر سی ایس ) جسے اڑے دیش کا عام ناگرگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، کا یہاں جوبر ہاٹی ایر پورٹ سے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہوائی چپل والے لوگ بھی ہوائی جہاز کی سیر کرسکیں۔ وزیر اعظم نے اس اسکیم کے تحت شملہ تا دہلی اولین پرواز کو جھنڈی دکھائی ۔ لائنس ایر جو ایر انڈیا کی ذیلی کمپنی ہے ، یہ پروازیں چلا رہی ہے ۔ اس نے ایک42نشستی اے ٹی آر طیارہ بھی مامور کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کڑپہ تا حیدرآباد اور ناندیڑ تا حیدرآباد سیکٹر س پر پروازوں کا بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ افتتاح کیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس اسکیم کے تحت بہت جلد ممبئی تا ناندیڑ سیکٹر پر پروازیں شروع کی جائیں گی۔ بعد ازاں انہوں نے بلاسپور میں ہائیڈروانجینئرنگ کالج کا سنگ بنیاد آن لائن رکھا ۔ مودی نے کہا کہ قبل ازیں یہ تصور کیاجاتا تھا کہ فضائی سفر راجہ مہاراجاؤں یا اونچے طبقہ کے لئے ہے۔ ایر انڈیا کی علامت بھی ایک مہاراجہ ہی تھا۔ وزیر اعظم نے یادہانی کرائی کہ انہوں نے اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر شہری ہوا بازی رہ چکے راجیو پرتاپ روڑی کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ کارٹون نگار آر کے لکشمن کا عام آدمی بھی اس ایر لائن کی علامت ہونی چاہئے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج حکومت کی اڑان اسکیم کے تحت یہاں سے2500روپے کے عوض اولین ایک گھنٹہ کی پرواز کو جھنڈی دکھائی ۔ اس اسکیم کے تحت فضائی سفر کو سستا بنایا گیا ہے اور ہندوستان کے نچلے متوسط طبقہ کے خاندانوں کے لئے قابل رسائی بنایا گیا ہے ۔ملک بھر کے مزیدایر پورٹس کے ساتھ ررابطہ میں اضافہ کا منصوبہ ہے ۔ اڑے دیش کا عام ناگرگ اسکیم کے تحت پہلی علاقائی پرواز کو شملہ تا دہلی کے بیچ جھنڈی دکھاکر روانہ کیا گیا ۔ ایر انڈیا کی ذیلی کمپنی الائنس ایر جو دہلی تا شملہ پروازیں چلائے گی۔2036روپے کرایہ مقرر کیا ہے ۔ مودی نے یہاں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں غریب عوام کو اڑتے دیکھنا چاہتا ہوں۔ اگر ہمارے ملک کے متوسط طبقہ کو موقع ملے تو وہ اس شبیہ اور ملک کی منزل کو تبدیل کردیں گے ۔ متوسط طبقہ کی امنگوں میں اضافہ ہورہا ہے اور ان کی زندگی میں تبدیلی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے ہماچل پردیش اور دیگر مقامات جہاں یہ اسکیم جلد شروع کی جائے گی ، سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا ۔ ہوا بازی اسکیم کے تحت ایک گھنٹہ کے تقریبا500کلو میٹر یا بذریعہ ہیلی کاپٹر تیس منٹ کے سفر کے لئے ڈھائی ہزار روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اڑان اسکیم، قومی شہری ہوا بازی پالیسی(این سی اے پی) کا ایک اہم جزو ہے ۔ یہ پالیسی گزشتہ سال15جون کو جاری کی گئی تھی۔ جاریہ سال30مارچ کو مرکزی حکومت نے اس اسکیم کے تحت128روٹس پر جو70ایر پورٹس کو مربوط کریں گی، پروازیں چلانے کا کنٹراکٹ دیا تھا۔

UDAN Scheme: PM Modi flags off UDAN flight scheme

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں