چھتیس گڑھ میں سی آر پی ایف پر ماؤ نوازوں کا حملہ - 25 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-25

چھتیس گڑھ میں سی آر پی ایف پر ماؤ نوازوں کا حملہ - 25 ہلاک

24/اپریل
چھتیس گڑھ میں سی آر پی ایف پر ماؤ نوازوں کا حملہ،25ہلاک
رائے پور
آئی اے این ایس
سینکڑوں ماؤسٹوں نے پیر کے دن گھات لگا کر کم از کم24سی آر پی ایف جوانوں کو ہلاک کردیا ، چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں جاریہ سال کا یہ خونیں حملہ ہے۔ سنٹرل ریزرو پولیس فورس نے کہا کہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے گھات لگا کر حملہ اس وقت ہوا جب اس کی74ویں بٹالین چنتا گپھا کے قریب کالا پتھر کے جنگلاتی علاقہ میں پہنچی تھی ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف ایم وینا کرن نے بتایا کہ ابتدا میں گیارہ نعشیں برآمد ہوئیں ، اور بارہ واں جوان رائے پور کے ہسپتال میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ بعد ازاں علاقہ کی تلاشی لی گئی تو مزید بارہ نعشیں برامد ہوئیں۔ حملہ میں بچ جانے والے ایک جوان نے بتایا کہ تقریبا تین سو ماؤسٹوں نے نیم فوجی فورس کے جوانوں کو اس وقت حیرت زدہ کردیا جب وہ لنچ کی تیاری میں تھے ۔ چھاپہ ماروں نے جو چھپے ہوئے تھے ، اندھا دھند فائرنگ کی اور ہتھ گولے بھی پھینکے ۔ اچانک حملہ سے سی آر پی ایف سنبھل نہیں پائی۔ سی آر پی ایف جوان حملہ کے وقت روڈ اوپننگ پارٹی( آر او پی) کی مدد کررہے تھے ۔ ماؤسٹوں کے گھات لگا کر کئے گئے حملہ کے بعد ماؤسٹوں اور سی آر پی ایف کے درمیان بندوقوں کی زبردست لڑائی ہوئی۔ چھ زخمی جوانوں میں جنہیں ہسپتالوں میں شریک کرایا گیا اسسٹنٹ سب انسپکٹر آر پی ہمبرم اور کانسٹیبلس سروپ کمار، مہندر سنگھ ، جتیندر کمار، شیر محمد اور لٹو راؤں شامل ہیں ۔ شیر محمد اور اوراؤں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے۔ دیناکرن نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سے نکالا گیا ۔ سڑکوں کی تعمیر کے لئے سیکوریٹی فراہم کرنے ہم نے روڈ اوپننگ پارٹی لگائی تھی ۔ سیکوریٹی فورسس نے بڑا تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے ۔ آج جس جگہ حملہ ہوا اسی علاقہ میں سال2010میں سی آر پی ایف کے 76جوان مارے گئے تھے ۔ سکما میں جاریہ سال کے اوائل میں ایسے ہی ماؤسٹ حملہ میں سی آڑ پی ایف کے کم از کم بارہ جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ کو اپنا دورہ دہلی مختصر کرکے رائے پور لوٹنا پڑا ۔ وہ نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی گئے ہوئے تھے ۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے ہاتھوں چوبیس سی آر پی ایف جوانوں کی ہلاکتوں کو بزدلانہ اور قابل مذمت قرار دیا۔ مودی نے ٹویٹ کیا کہ ہ میں اپنے سی آر پی ایف بہادر جوانوں پر فخر ہے ۔ شہیدوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیر اعظم نے چھتیس گڑھ کی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بھی چھتیس گڑھ حملہ کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چھتیس گڑھ کے وزیر داخلہ ہنس راج اہیرے سے بات چیت کرچکے ہیں۔ بعد ازاں موصولہ ایک اطلاع میں بتایا گیا کہ سی آر پی ایف پر ماؤسٹوں کے حملہ میں پچیس ہلاکتیں ہوئیں اور چھ جوانوں کو زخم آئے ۔

Sukma Naxal Attack: 25 CRPF Men Killed By Maoists In Chhattisgarh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں