ملک بھر میں کشمیریوں کے خلاف تشدد بند کیا جائے - وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-22

ملک بھر میں کشمیریوں کے خلاف تشدد بند کیا جائے - وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

21/اپریل
ملک بھر میں کشمیریوں کے خلاف تشدد بند کیا جائے - وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ
نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج تمام چیف منسٹرس پر زور دیا ہے کہ ان کی ریاستوں میں سکونت پذیر کشمیری افراد کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ اتر پردیش اور راجستھان میں وادی سے متعلق نوجوانوں پر ہراسانی کے دو حالیہ واقعات کی روشنی میں مرکزی وزیر کا بیان سامنے آیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی میں کشمیریوں پر کئے گئے حملہ کی مذمت کی ، جہاں کشمیریوں کے ایک گروپ کو دہشت گرد اور سنگبار کہا گیا۔ مقامی افراد نے انہیں زدوکوب کیا ۔ جو وادی میں سیکوریٹی فورسس پر پتھراؤ کے واقعات پر برہم تھے ۔ راجستھان کے تشدد کے بعد میرٹھ میں ایک بڑی ہورڈنگ نصب کی گئی، جس پر تحریر کیا گیا تھا کہ پتھراؤ کرنے والے کشمیریوں کو اتر پردیش چھوڑنا پڑے گا ۔ یا نتائج و عواقب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ وارننگ ات پردیش نو نرمان سینا نامی ایک کم معروف تنظیم نے دی ہے ، جس نے اتر پردیش میں رہنے والے کشمیریوں کے خلاف30اپریل سے ایک بڑی مہم شروع کرنے کی دھمکی بھی دی ہے ۔ گروپ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بیانرس لگائے ہیں جن پر تحریر تھا بھارتیہ سینا پر پتھر مارنے والے کشمیریوں کا بائیکاٹ کریں ۔ کشمیریوں اتر پردیش چھوڑ دو ورنہ، ہورڈنگس تنظیم کے صدر امیت جانی کے نام کے ساتھ بھی لگائی گئی ہیں، جنہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بیانر کی تصویر چسپاں کی۔ جانی نے سی این این نیوز18کو بتایا کہ مہم کشمیر میں انتہا پسند عناصر کے لئے ہے ۔ اتر پردیش میں پولیس نے جانی کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔ ان واقعات کو بد بختانہ بتاتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا انہیں معلوم ہوا ہے کہ چند مقامات پر کشمیریوں کے ساتھ غلط برتاؤ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا میں تمام چیف منسٹرس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی ریاستوں میں کشمیریوں کی سیکوریٹی کا تیقن دیں ۔ وہ ہندوستان کے مساوی شہر ہیں اور ہماری فیملی کا حصہ ہیں۔ کسی بھی کشمیری کو ہراساں نہیں کرنا چاہئے ۔ اگر ایسے واقعات پیش آئیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ وزیر داخلہ نے یہاں رپورٹرس کو بتایا قوم کی تعمیر میں کشمیری عوام کا بڑا تعاون رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزارت داخلہ کے عہدیداروں کو اس خصوص میں ایک اڈوائزری زیر گشت لانے کے لئے کہا ہے ۔
میرٹھ
پی ٹی آئی
کشمیر میں سیکوریٹی فورسس پر پتھراؤ کے واقعات کی روشنی میں ضلع میں بیانرس کے ذریعہ وادی کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اتر پردیش چھوڑ دیں ۔ بیانرس پر کشمیریوں کا بائیکاٹ کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ یہ بیانرس ایک کم معروف اتر پردیش نو نرمان سینا نے لگائے ہیں ۔ اس کے صدر امیت جانی نے کہا کہ انہوں نے پرتا پور بائی پاس کے ہمراہ کالجوں جہاں کشمیری طلباء پڑھتے ہیں ان کالجوں کے باہر یہ بیانرس اور ہورڈنگس نصب کیے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ اس طرح کی ہورڈنگس لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، لیکن اس تنظیم نے کہا ہے کہ یہ تو اس کا پہلا قدم ہے اور وہ ان کشمیریوں کو جواز خود ریاست سے باہر چلے نہ جائیں انہیں ریاست سے باہر نکالنے کے لئے30اپریل سے ہلہ بول مہم شروع کریں گے ۔ حال ہی میں وسطی کشمیر کے بدگام ضلع کے کرل پور علاقہ میں انتخابی ڈیوٹی پر جانے والے سپاہیوں کو چند نوجوانوں کی جانب سے زدوکوب کا ایک ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا، جس کے باعث ملک گیر سطح پر برہمی بڑھی ۔

Stop anti-Kashmiri violence: Rajnath Singh to CMs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں