جادھو کی رہائی کے لئے پاکستان پر وزیراعظم سفارتی دباؤ ڈالیں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-12

جادھو کی رہائی کے لئے پاکستان پر وزیراعظم سفارتی دباؤ ڈالیں - کانگریس

11/اپریل
جادھو کی رہائی کے لئے وزیر اعظم ، پاکستان پر سفارتی دباؤ ڈالیں: کانگریس
نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ کلبھوشن جادھو کی رہائی کو یقینی بنانے وہ سفارتی دباؤ ڈالیں ، جسے پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی ہے ۔ کانگریس کے ایک ترجمان اعلیٰ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹر پر کہا کہ سزائے موت ہندوستان کو مشتعل کرنے کی ایک دانستہ کوشش ہے ، بی جے پی حکومت کو چاہئے کہ اب سفری مشورے جاری کرنے سے آگے بڑھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو مداخلت کرتے ہوئے جادھو کی رہائی کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو فوری بین الاقوامی سفارتی دباؤ بناتے ہوئے جادھو کی رہائی کو یقینی بنانا چاہئے ۔ جنہیں کل پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلو چستان اور کراچی میں جاسوسی اور تخریبی سر گرمیوں کے سلسلہ میں سزائے موت سنائی گئی ہے ۔ ہندوستان کو نوٹس دیے بغیر جادھو پر عجلت میں مقدمہ چلانے پر پاکستان کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کی کنگارو عدالت کے انصاف کی علامت ہے ۔ انہوں نے میڈیا کی ان اطلاعات کا بھی حوالہ دیا جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے ملک کے سنیٹ میں دیے گئیء بیان میں کہ اتھا کہ جادھو کے خلاف ثبوت ناکافی ہیں۔ سرجے والا نے عزیز کے بیان سے متعلق میڈیا ر پورٹ پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ کیا وزیر اعظم فون اٹھائیں گے اور پاکستان کو جادھو کے خلاف جھوٹے کیس کے بارے میں بتائیں گے ، جس کا سرتاج عزیز نے بھی اعتراف کیا تھا۔
اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے آج کہا کہ جادھو کو اپنی سزائے موت کے خلاف اندرون 60یوم اپیل کا حق ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی شہری کو سزائے موت سنائے جانے کو حق بجانب ٹھہرایا ۔ 46سالہ جادھو کو ملٹری فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے آرمی ایکٹ کے تحت دہشت گردی اور جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی۔ سزائے موت کی توثیق فوج کے طاقتور سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوا نے کی۔ پاکستانی پارلیمنٹ کے ایوا ن بالا سینیٹ میں وزیر دفاع نے آج کہا کہ جادھو کو اپنی سزائے موت کے خلاف اندرون60اپیل کا حق ہے ۔ جادھو کو سنائی گئی سزا پر ہندوستان نے سخت رد عمل ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ جادھو کو پھانسی کی تعمیل، منصوبہ بند قتل مانی جائے گی۔ آصف نے ہندوستان کی یہ تشویش خارج کردی کہ قانونی عمل کا باقاعدہ پاس و لحاظ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے منصوبہ بند قتل کا الزام بھی مسترد کردیا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ منصوبہ بند قتل نہیں ہے بلکہ کشمیر میں جو ہورہا ہے وہ منصوبہ بند قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جادھو کے خلاف سماعت تین ماہ جاری رہی ۔ یہ کہنا غلط ہوگا کہ اسے عجلت میں سزا سنائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں سے آہنی پنجہ سے نمٹا جائے گا۔ دشمن چاہے سرحد پار سے آئیں یا اندرون پاکستان سے ، انہیں سزا مل کر رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جادھو نے اپنے اقبالیہ بیان میں اپنا جرم مانا ہے جس کا ریکارڈ موجود ہے ۔ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اس کی سیکوریٹی فورسس نے جادھو کو گڑ بڑ صوبہ بلو چستان سے گزشتہ برس 3مارچ کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ ایران سے وہاں داخل ہوا تھا ۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ وہ ہندوستانی بحریہ کا بر سر خدمت عہدیدار ہے ۔ پاکستانی فوج نے جادھو کا اقبالیہ ویڈٰو بھی جاری کیا تھا۔ ہندوستان کا ماننا ہے کہ جادھو نے بحریہ میں ملازمت ضرور کی تھی لیکن حکومت سے اس کا کوئی تعلق نہیں ۔جادھو معاملہ نے پہلے سے کشیدہ ہند، پاک تعلقات کو مزید بگاڑ دیا ہے ۔

PM should mount pressure on Pakistan to secure Jadhav's release, Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں