جموں و کشمیر میں گورنر راج کا مطالبہ - فاروق عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-16

جموں و کشمیر میں گورنر راج کا مطالبہ - فاروق عبداللہ

15/اپریل
جموں و کشمیر میں گورنر راج کا مطالبہ
سری نگر سے ایم پی منتخب ہونے کے بعد فاروق عبداللہ کا بیان
سری نگر
پی ٹی آئی
صدر نیشنل کانفرنس فاروق عبداللہ نے آج حلقہ لوک سبھا سری نگر کا ضمنی انتخاب جیت لیا ۔ انہوں نے بر سر اقتدار پی ڈی پی امید وار نذیر خان کو زائد از10,700ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی ۔ فاروق عبداللہ کو48,554ووٹ ملے جب کہ نذیر خان کے حصہ میں37,779ووٹ آئے۔ پولنگ بڑے پیمانہ پر تشدد کے درمیان9اپریل کو ہوئی تھی ۔ اس دن آٹھ افراد مارے گئے تھے اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے ۔ حلقہ میں تاریخ کی سب سے کم7,13فیصد رائے دہی ہوئی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے تشدد سے متاثرہ علاقوں کے اڑتیس پولنگ اسٹیشنس میں13اپریل کو دوبارہ رائے دہی کا حکم دیا تھا ۔ فاروق عبداللہ تیسری مرتبہ رکن لوک سبھا بنے ہیں۔ ان کی جیت بر سر اقتدار پی ڈی پی کے لئے بڑا دھکا مانی جارہی ہے ۔ وہ قبل ازیں1980اور2009ء میں لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔ سات دیگر امید واربھی میدان میں تھے لیکن دسرے مقام پر نوٹا رہا۔ 930رائے دہندوں نے نوٹا کا بٹن دبایا۔ نیشنل کانفرنس ورکرس نے اپنے پارٹی صدر کی جیت کا جشن نہیںمنایا۔ انہوں نے یہ اقدام نو اپریل کو سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں ہلاک آٹھ نوجوانوں کے احترام میں کیا۔ فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر میں صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا کیونکہ ان کے بقول ریاستی حکومت پر امن انتخاب یقینی نہیں بناسکی۔ اپنی انتخابی جیت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ میں گورنر اور صدر جمہوریہ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس حکومت کو برطرف کرکے ریاست میں گورنر راج نافذ کردیاجائے ۔ اسی وقت لوگوں کو کچھ راحت ملے گی اور وہ محسوس کریں گے کہ ایسی صورتحال پھر پیدا نہیں ہو گی۔ نیشنل کانفرنس قائد نے مطالبہ کیا کہ اننت ناگ پارلیمانی نشست کا ضمنی انتخاب جو 25مئی کو مقرر ہے، گورنر راج میں کرایاجائے ، ورنہ عوام کو انصاف ملنے کا امکان نہیں ۔ صدر نیشنل کانفرنس نے دعویٰ کیا کہ رائے دہی کے دن تشدد میں مارے جانے والے آٹھ نوجوان شہید ہیں۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل صورتحال میں اپنی جان جوکھم میں ڈال کر ووٹ ڈلا۔آئی اے این ایس کے بموجب نیشنل کانفرنس اور سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کے دن سری نگر، بڈگام پارلیمانی نشست جیت لی ۔ضمنی انتخاب میں جملہ89,865ووٹ ڈالے گئے تھے۔

After poll win, Farooq Abdullah demands Governor's rule in Jammu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں