معروف بالی ووڈ اداکار ونود کھنہ چل بسے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-28

معروف بالی ووڈ اداکار ونود کھنہ چل بسے

27/اپریل
ممبئی
آئی اے این ایس
Vinod Khanna
معروف بالی ووڈ اداکار و سابق مرکزی وزیر ونود کھنہ کا طویل علالت کے بعد آج صبح یہاں ایک خانگی اسپتال میں انتقال ہوگیا ۔ 70سالہ ونود کھنہ کینسر میں مبتلا تھے ۔ انہیں تقریبا ایک ماہ قبل ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو اداکار لڑکے شامل ہیں ، کھنہ پنجاب کے گرداسپورسے بی جے پی کے رکن لوک سبھا تھے ۔ اس حلقہ سے بطور رکن پارلیمنٹ یہ ان کی چوتھی میعاد تھی ۔ انہیں اپریل کے پہلے ہفتہ میں ڈی ہائیڈریشن کے سبب سرایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن ہاسپتل میں شریک کرایا گیا تھا ۔ یو این آئی کے بموجب حال ہی میں ان کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ انتہائی کمزور نظر آرہے تھے ۔ سدابہار اداکار ونود کھنہ نے ا پنی اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں دیرپا تاثر چھوڑا ہے ۔6اکتوبر 1946کو پاکستان کے پشاور میں پیدا ہوئے ونود کھنہ نے گریجویشن کی تعلیم ممبئی سے حاصل کی ۔ سنیل دت ان دنوں اپنی فلم من کا میت کے لئے نئے چہروں کی تلاش کررہے تھے ۔ انہوں نے فلم میں ونود سے بطور ساتھی اداکار کام کرنے کی پیشکش کی جسے ونود نے بخوشی قبول کرلیا۔ گھر پہنچنے پر انہیں اپنے والد سے کافی ڈانٹ بھی سننی پڑی ۔ انہوں نے کہا اگر تم فلموں میں گئے تو تمہیں گولی مار دوں گا۔ بعد میں ونود کی ماں کے سمجھانے پر ان کے والد نے ونود کو فلموں میں دو سال تک کام کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ اگر فلم انڈسٹری میں کامیاب نہیں ہوئے تو گھر کے کاروبار میں ہاتھ بٹانا ہوگا ۔ سال1968میں آئی فلم من کا میت باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی ۔ فلم کی کامیابی کے بعد ونود کو آن ملو سنجنا ، میرا گاؤں میرا دیش، سچا جھوٹا ، جیسی فلموں میں ویلن کے کردار نبھانے کا موقع ملا لیکن ان فلموں کی کامیابی کے باوجود ونود کھنہ کو کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچا۔

Bollywood actor Vinod Khanna dead at 70

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں