ترقی یافتہ سماج میں جنسی تفریق کی جگہ نہیں ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-03-09

ترقی یافتہ سماج میں جنسی تفریق کی جگہ نہیں ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی

8/مارچ
ترقی یافتہ سماج میں جنسی تفریق کی جگہ نہیں ۔ صدر جمہوریہ کا خطاب
نئی دہلی
یو این آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے کہا ہے کہ مجموعی طور سے ترقی یافتہ سماج میں جنسی تفریق کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ مکرجی آج راشٹر پتی بھون میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نب مکرجی نے ناری شکتی پرسکار سے نوازی جانے والی خواتین اور تنظیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں اور تنظیموں نے نہ صرف یہ چیلنجوں کا سامنا کیا ہے بلکہ سماج کی ان تمناؤں کی تکمیل کے میدان میں خصوصی حیثیت حاصل کی ہے ۔ اسی دوران وزیرا عظم نریندر مودی نے آج عورتوں کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ناری شکتی کو سلام کیا۔ یہاں ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا : میں یوم خواتین کے موقع پر عورتوں کے جذبہ استقلال اور لگن کو سلام کرتا ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا مرکز کی مختلف اسکیموں کے ذریعہ عورتوں کو خود کفیل اور با اختیار بنانے اور انہیں سماجی طور سے مساوی درجہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ دوسری طرف دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو مبارکباد دی اور خواتین پر ظلم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ۔ کجریوال نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا: آپ سب کو ویمنس ڈے مبارک ہو۔ اس موقع پر میں معزز وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خواتین پر ظلم کرنے والے اور ان پر ظلم و ستم کے لئے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں، ساتھ ہی وہ ان تمام لوگوں کو ان فالو کریں جو خواتین کو گالی گلوچ کرتے اور دھمکیاں دیتے ہیں ۔ وزیر اعظم سے کجریوال نے یہ اپیل کارگل جنگ میں شہید کی بیٹی گر مہر کے اس الزام کے تناظر میں کی ہے جس میں اس(گر مہر) نے کہا ہے کہ دہلی یونیورسٹی کے رامجس کالج میں تشدد کے خلاف اس کی مہم کو لے کر اسے عصمت دری کی دھمکی دی گئی ہے ۔ اس سے پہلے کل دہلی اسمبلی میں ایک بحث کے دوران گر مہر کا معاملہ اٹھا تھا۔ پی ٹی آئی کے بموجب صدر جمہوریہ نے خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر بھی اظہار تاسف کیااور کہا کہ یہ امر ناقابل معافی ہے کہ وہ اپنے آپ کو اتنی محفوظ محسوس نہیں کرتیں جتنی ہندوستان میں انہیں محسوس کرنا چاہئے ۔ انہوں نے راشٹر پتی بھون میں ناری شکتی پرسکار تقریب کے دوران یہ تبصرہ کیا۔ اس تقریب میں بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر خواتین میں ایوارڈس تقسیم کیے گئے ۔31ایوارڈ یافتگان میں اسرو کے سائنسدانوں ، کتھا کلی رقاصاؤں کا پہلا ٹروپ، ہندوستان کی پہلی خاتون گرافک ناول نگار، ایسڈحملہ میں اور خرید و فروخت کے معاملہ میں بچ جانے والی خواتین ، ماحولیات اور جانوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی خواتین شامل تھیں۔ صدر جمہوریہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی خواتین کے خلاف بڑھتے پر تشدد جرائم کی شرح پر اتنی ہی فکر مندہے ۔ جنسی تفریق یا جانبداری کی جدیدہندوستان میں کوئی جگہ نہیں، جہاں شمولیاتی ترقی کلیدی مقصد ہے ۔ اسرو کی تین خاتون سائنسداں جنہیں ایوارڈ دیا گیا ، ان میں شوبھا وریر، بی کوڈنانیا گوئے اور اے سونے شامل ہیں۔ انہوں نے اسرو کے تاریخی خلائی مشنس ، جیسے چندریان، منگلیان اور حالیہ عرصہ میں بیک وقت104سٹیلائٹس خلامیں داغے جانے کے مشن میں حصہ لیا ہے ۔ اسی دوران آئی اے این ایس سے موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال منیکا گاندھی نے چیف منسٹر دہلی کجریوال کو مشورہ دیا ایک دن مرد وں کے لئے بھی مخصوص ہونا چاہئے ۔ منیکا گاندھی نے آج یہاں بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر دہلی نے کئی پہل کی ہین۔ انہیں ریاست میں یوم مرداں( مردوں کا دن) شروع کرنا چاہئے ۔
Gender bias has no place in India, says Pranab Mukherjee

دہلی حکومت نے48,000کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا
نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کو عام آدمی پارٹی حکومت نے آج قومی دارلحکومت کے لئے48,000کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا۔ اس میں زیادہ تر توجہ ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے، صحت، آبرسانی اور تعلیمی انفراسٹرکچر پر دی گئی ہے ۔ اپنے تیسرے بجٹ میں اروند کجریوال حکومت نے مرکز حکومت کے خطوط پر منصوبہ اور غیر منصوبہ جاتی تصرفات کو ختم کرتے ہوئے اسے آمدنی اور اصل زر کی درجہ بندی کے طور پر پیش کیا۔ اس بجٹ میں کوئی نئے محاصل عائد نہیں کئے گئے ۔ حکومت دہلی نے اپنے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسی قسم کا نیا ٹیکس نہ لگاتے ہوئے تعلیم، صحت، نقل و حمل اور رہائشی علاقوں پر خصوصی توجہ کی ہے ۔ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیشوڈیا جو وزارت فینانس کا قلمدان بھی رکھتے ہیں، نے آج دہلی اسمبلی میں مالی سال2017,18کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے مسلسل تیسرے سال ٹیکس سے مبرا بجٹ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام اور حکومت کے درمیان ایک معاہدہ کی طرح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹب ندی کے باوجود ریاست دہلی کی معیشت میں نمو آیا ہے ۔ سیشوڈیا نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم، عوامی نقل و حمل اور سلم علاقوں کے لئے ارزاں امکنہ کی فراہمی پر خصوصی زور دیا ہے ۔ معمر شہریوں کے لئے ایک کمیشن بنانے کا اعلان بھی کیاگیا ہے ۔ بجٹ میں کم قیمت والے سینیٹری نیپکن اور ہوئی جہاز کے ایندھن پر ٹیکس کم کئے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال میں حکومت نے38,7000کروڑ روپے بطور محاصل آمدنی کا ہدف رکھا ہے۔ تعلیم کے میدان میں34نئے اسکولس کھولنے کے ساتھ ہی10000نئے کمرے اور400نئی لائبریری کھولنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ تمام اسکولوں میں ڈانس ٹیچروں کی تقرری اور طالب علموں کی معلومات رکھنے کے لئے اساتذہ کو ٹیبلٹ دستیاب کرائے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال میں دس ہزار نئے آٹو پرمٹ ، کلسٹر منصوبہ بندی کے تحت736نئی بسیں شامل کرنے اور تمام بسوں میں ٹکٹ الیکٹرانک مشین فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ آئی ٹی او پر پیدل مسافروں کی بھیڑ بھاڑ کے پیش نظر ہوئے اسکائی واک اور پھٹ وئر برج بنایاجائے گا۔ دہلی کو کھلی جگہ میں رفع حاجت سے پاک شہر بنانے کی سمت میں آئندہ مالی سال کے دوران6000نئے بیت الخلاء بنائے جائیں گے ۔ دہلی کے میونسپل انتخابات کے پیش نظر عاپ حکومت نے بلدیہ کے لئے ریکارڈ7,571کروڑ روپے مختص کئے جو کل الاٹمنٹ کا15فیصد ہوتا ہے ۔ عاپ حکومت نے تعلیم کے لئے11,300کروڑ روپے مختص کئے جو کل بجٹ کا24فیصد ہوتا ہے۔ گزشتہ سال تعلیمی شعبہ کے لئے10,690کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔ عاپ حکومت نے اپنی ترجیحی پروگرام صحت کے شعبہ کے لئے5,736کروڑ روپے مختص کئے ۔ دہلی میٹرو کے لئے1,156کروڑ روپے الاٹ کئے گئے ۔ جب کہ 100کروڑ روپے بر ٹرمنسل اور ڈپوز کی ترقی کی تزئین کے لئے رکھے گئے ۔ سیشوڈیا نے کہا کہ ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار میں دہلی کی حصہ داری میں اضافہ ہوا ہے ۔ سال2011,12ء میں دہلی نے قومی مجموعی گھریلو پیداوار کا 3.94فیصد اور سال 2016-17ء میں4.08فیصد حصہ داری نبھائی ہے ۔ سال2017-18ء کے بجٹ کا سائز 48,000ہوتاہے ۔

اجمیر دھماکوں کے مقدمہ سے اسیما نندبری
جئے پور
پی ٹی آئی
دائیں بازو کارکن سوامی اسیمانند کو آج چھ دیگر کے ساتھ2007ء اجمیر دھماکوں کے مقدمہ میں خصوصی عدالت نے یہاں رہا کردیا جب کہ تین دیگر کو سزا بھی سنائی گئی۔ جج دنیش گپتا نے سوامی اسیمانند اور چھ دیگر کو شبہ کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کردیا۔ یویندر گپتا، بھاویش پٹیل، اور سنیل جوشی کو تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت اور دھماکو اشیاء ایکٹ کے علاوہ غیر قانونی سر گرمیاں ایکٹ کے تحت بم دھماکے لئے جس میں تین زائرین ہلاک اور پندرہ دیگر زخمی ہوگئے تھے، سزا سنائی۔ جوشی کا دسمبر2007ء میں قتل ہوگیا تھا ۔ سزا کی نوعیت کا اعلان 16مارچ کو کیاجائے گا۔ وکیل صفائی جگدیش رانے صحافیوں کو بتایا کہ جنہیں بری کیاگیا ہے ان میں ہر شد سولنکی، لوکیش شرما، میہول کمار، مکیش واسانی، بھرت بھائیا ور چندر شیکھر شامل ہیں۔ اس نے بتایا کہ چندر شیکھر ضمانت پر باہر ہے ، جب کہ دیگر عدالتی تحویل میں ہے ۔ را نے بتایا کہ سزائیں دفعہ120B( مجرمانہ سازش)295A(مذہبی جذبات بھڑکانہ) کے علاوہ دھماکو اشیاء ایکٹ وغیرہ کے تحت سزائیں تجویز کی جائیں گی ۔ سوامی اسیمانند2007ء سمجھوتہ ایکسپریس دھماکو کا بھی ملزم ہے جس میں 68افراد ہلاک ہوگئے تھے ،دھماکے ٹرین کے دو ڈبوں میں اس وقت ہوئے تھے جب ٹرین پانی پت کے دیوانہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچ رہی تھی۔ ابھینو بھارت نامی دائیں بازو انتہا پسند گروپ کارکن اسیمانند دسمبر2010ء سے جیل میں ۃے، اسے حیدرآبادمکہ مسجد بم دھماکوں کا بھی ملزم بنایا گیاہے ۔ سی بی آئی نے26دسمبر2010ء کو مکہ مسجد دھماکوں کے معاملہ میں جس میں چودہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے ہردوارسے گرفتار کیا تھا۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق جو اجمیر دھماکوں کی تحقیقات کررہی ہے تین ملزمین سندیپ ڈانگے، رامچندر اور سریش نائر فرار ہیں۔ اس معاملہ کو پہلے اے ٹی ایس راجستھان کے حوالہ کیا گیا تھا بعد میں این آئی اے کو منتقل کیا گیا۔ این آئی اے نے6اپریل2011ء کو نئی دہلی کے این آئی اے پولیس اسٹیشن میں اس معاملہ کو از سر نو درج کیا۔ مقدمہ کی کاروائی کے دوران جملہ149گواہوں کو پیش کیا گیا اور451دستاویزات کا جائزہ لیا گیا۔ این آئی اے نے اس مقدمہ میں ضمنی چارج شیٹ بھی داخل کی تھی ۔ درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری میں11اکتوبر2007ء کومقدس ماہ رمضان میں افطار کے وقت یہ دھماکہ ہوا تھا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں