2019 کے لوک سبھا انتخابات تک ایس پی و کانگریس اتحاد برقرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-02-17

2019 کے لوک سبھا انتخابات تک ایس پی و کانگریس اتحاد برقرار

16/فروری
2019 کے لوک سبھا انتخابات تک ایس پی، کانگریس اتحاد برقرار
کانپور
پی ٹی آئی
کانگریس کے سینئر قائد غلام نبی آزاد نے آج یہاں کہا کہ سماجو ادی پارٹی، کانگریس اتحاد2019ء میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے بھی برقرار رہے گا۔ انہوںنے یہاں اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور کہا کہ دونوں پارٹیوں نے عوام کو بہتر طور پر خدمت کا عزم کرلیا ہے ۔ ایس پی، کانگریس اتحاد کے تعلق سے انہوںنے مزیدکہا کہ دونوں پارٹیاں سیکولر ہیں اور دونوں پارٹیوں کے عزائم بھی بلند ہیں،جس کا مقصد عوام کی بہتر طور پر خدمات انجام دیناہے۔ اس سوال پر کہ آیا بی ایسپی کو بھی اس عظیم اتحاد میں شامل کیاجاسکتا ہے ؟ تو غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ تمام سیکولر پارٹیوں کی جانب سے متحدہ طور پر زعفرانی پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اگرہمارے اس اتحاد میں کوئی دوسری پارٹی شامل ہونا چاہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب جبکہ اتر پردیش میں انتخابات ہورہے ہیں، ہم اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور دوسری فرقہ پرست جماعتوں کو اقتدار سے دور رکھا جاسکے ۔ اس مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے ایس پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے اور یہ اتحاد2019ء میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات تک جاری رہے گا ۔ اتر پردیش میں ہم سیکولر بنیادوں پر کام کررہے ہیں اور تمام سیکولر پارٹیوں کو متحد کرنے کی کوشش کیجارہی ہے۔ خبر رساں ادارہ پی ٹی آئی کے نمائندہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزیدبتایا ہے کہ2014ء میں ہوئے انتخابات میں سیکولر پارٹیوں کو نقصان اٹھانا پڑا اور بی جے پی نے فائدہ اٹھاتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ، اس لئے اب ہم اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ ممکنہ حد تک سیکولر پارٹیوں کو متحد کرکے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کی راہ ہموار کی جاسکے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس، ایس پی اور آر ایل ڈی 2019ء میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں متحدہ طورپر مقابلہ کریں تو بی جے پی کو ریاست میں10تا15نشستیں ہی حاصل ہوسکے گی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ اگرچہ کہ وہ ملک کے وزیر اعظم بن گئے ہیں، لیکن ان میں سیاسی بصیرت کی کمی ہے ۔ وزیر اعظم جیسے جلیل القدر عہدہ کے لئے جس طرح کی قابلیت اور صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے اس طرح کی سیاسی بصیرت اور صلاحیت نریندر مودی میں نہیں ہے ۔ ان کی تقاریر اور بیانات سے بھی اس کا اظہار ہوتا ہے ۔ ایس پی، کانگریس اتحاد کے تعلق سے امید کا اظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہا ہے کہ اب جب کہ دونوں پارٹیوں میں اتحاد ہوچکا ہے ، توقع ہے کہ ہم کو زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل ہوسکیں گی ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ انتخابات میں ہمارے اتحاد کو کم از کم 275نشستیں حاصل ہوں گی اور ہم چیف منسٹر اکھلیش یادو کی زیر قیادت حکومت تشکیل دینے کے موقف میں ہوں گے ۔ بی ایس پی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی انتخابات میں تنہا ہوگئی ہے اور مایاوتی کا موقف انتہائی کمزور دکھائی دے رہاہے ۔
SP-Congress alliance will continue for 2019 Lok Sabha polls

ششی کلا کے وفادار پلانی سوامی ٹاملناڈو کے نئے چیف منسٹر
چینائی
پی ٹی آئی
وی کے ششی کلا کے وفاداری کے پلانی سوامی کو آج ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف دلایا گیا جس کے ساتھ ہی ریاست میں دس روزہ سیاسی غیر یقینی کی کیفیت ختم ہوگئی جو اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سکریٹری کے خلاف کار گزار چیف منسٹر اوپنیر سیلوم کی بغاوت سے شروع ہوئی تھی ۔ گزشتہ 9ماہ میں اس سر کردہ عہدہ پر فائز ہونے والے پلانی سامی تیسرے شخص ہیں ۔ گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے آج شام راج بھون میں منعقدہ تقریب میں63سالہ پلانی سوامی اور31رکنی کابینہ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ پلانی سامی، مغربی ٹاملناڈو سے تعقل رکھنے والے سینئر پارٹی قائد ہیں ۔ وزرا کو بیاچس کی شکل میں حلف دلایا گیا ۔ پلانی سوامی گزشتہ نو ماہ میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے والے انا ڈی ایم کے کے تیسرے قائد ہیں ۔ اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ و چیف منسٹر جیہ للیتا نے مئی2016کے اسمبلی انتخابات کے بعد مسلسل تیسری میعاد کے لئے جو فقید المثال ہے ، چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیا تھا ۔ وہ74روز تک موت و زیست کی کشمکش کے دوران بھی اس عہدہ پر فائز رہی تھیں۔5دسمبر کو ان کی موت کے چند ہی گھنٹے بعد اوپنیر سیلوم کو چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف دلایا گیا جو ماضی میں دو مرتبہ اس وقت بھی اس عہدہ پر فائز رہے تھے۔ جب جیہ للیتا کو کرپشن کیسس میں جیل جانا پڑا تھا ۔ بعد ازاں اپنیر سیلوم اس عہدہ سے مستعفیٰ ہوگئے تھے اور ششی کلا کے چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار کردی تھی ۔ ششی کلا کو5فروری کو منتخب کیاجاچکا تھا ۔ بہر حال جیہ للیتا کے فرمانبردار اور کم سخن پنیر سیلوم نے دو دن بعد ششی کلا کے خلاف بغاوت کردی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ٹاملناڈو کے عوام اور انا ڈی ایم کے کارکن چاہیں تو وہ دوبارہ چیف منسٹر بننے کے لئے تیار ہیں۔ ان کی بغاوت نے ریاست میں سیاسی بحران پیدا کردیا تھا ۔ گورنر نے آج پلانی سوامی کو تشکیل حکومت کے لئے مدعو کیا جنہوں نے کل رات124ارکان اسمبلی کی فہرست گورنر کو پیش کی تھی۔234رکنی ٹاملناڈو و اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے انہیں پندرہ دن کی مہلت دی گئی ہے ۔

پاکستان کی درگاہ میں داعش کا دھماکہ،72جاں بحق
کراچی
پی ٹی آئی
پاکستان کے سہون شہر میں مشہور صوفی حضرت لال شہباز قادری کی درگاہ میں آج رات داعش کے خود کش بم بردار نے دھماکہ میں70سے زائد افراد جاں بحق اورتقریبا150دوسرے زخمی ہوگئے ۔ یہ ملک میں اس ہفتہ کئی خطرناک دھماکوں کا تسلسل ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ خود کش بم بردار سنہرے دروازے سے درگاہ میں داخل ہوا اور اس مقام کے قریب دھماکہ کردیا جہاں دھمال کی رسم انجام دی جارہی تھی ۔ حملہ آور نے پہلے افرا تفری پیدا کرنے کے لئے گرینینڈ پھینکا اور اس کے بعد اپنے آپ کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ سندھ صوبہ کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اے ڈی خواجہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے توثیق کی کہ پولیس نے اب تک70لاشیں گنی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک70افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور150سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں ، بارہ خواتیناور چار بچے بھی مہلوکین میں شامل ہیں ۔ جس وقت دھماکہ ہوا درگاہ کے وسیع و عریض احاطہ میں سینکڑوں زائرین موجو تھے ۔ داعش نے اپنی نیوز ایجنسی عمق پر حملے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ ایک خود کش بم بردار نے سندھ کی درگاہ میں شیعیوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا۔ کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد نے بتایا کہ یہ درگاہ دور دراز کے علاقہ میں واقع ہے اسی لئے ایمبولنس گاڑیاں اور میڈیکل ٹیمیں حیدرآباد ، و مرود وادو نواب شاہ اور جمشرو سے روانہ کی گئیں تاکہ زخمیون کومنتقل کیاجاسکے اور نعشوں کو ہٹایاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تین مقامات پر ہاسپٹلس میں ایمرجنسی ڈکلیر کردی گئی ہے اور امدادی کام شروع کئے گئے ہیں۔ سندھ کے چیف منسٹر سید مرا دعلی شاہ نے کہا کہ پاکستانی فوج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مہلوکین اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر س فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے ۔ درگاہ کسی بڑے شہر سے کافی دور ہے اس لئے ریسکیو آپریشنس میں مسائل پیش آرہے ہیں۔ سہوان شریف شہر کراچی سے تقریباً200کلو میٹر دور واقع ہے ۔ فوج نے کہاکہ زخمیوں کو نواب شاہ سے منتقل کرنے کے لئے ایکCI 130طیارہ کا استعمال کیاجائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے حملہ کی مذمت کی ہے اور پاکستان سے کہا کہ وہ متحد رہے انہوں نے کہاکہ درگاہ پر حملہ پاکستان کے مستقبل اور ترقی پسندی پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوفیوں کا وجود پاکستان کی تاریخ سے پرانا ہے اور انہوںنے پاکستان کی تشکیل کی جدو جہد میں اہم رول ادا کیا۔ نواز شریف کے حواہ سے ایک بیان میں کہا گیا کہ صوفیوں پر حملہ جناح کے پاکستان کے لئے راستہ خطرہ ہے اور اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوا نے پاکستان میں دہشت گردوں کی طرف سے بہائے جانے والے خون کے ہر ایک قطرے کا بدلہ لینے کا عزم کیا ۔ آرمی چیف کے حوالہ سے فوج کے ترجمان نے ٹویٹر پر کہا کہ دشمن طاقتوں اور افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے ہر طرف سے حالیہ عرصہ میں کئی دہشت گرد کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ہم دفاع کریں گے اور جواب دیں گے ، اب کسی کے ساتھ تحمل سے کام نہیں لیاجائے گا۔ ٹی وی چیانلوں پر بتایا گیا کہ لال شہباز قلندر کی درگاہ کے اند ر ہر طرف زخمی افراد اورانشانی اعضاء اور نعشیں بکھرے ہوئے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں