ہندوستان کی ترقی میں متحدہ عرب امارات اہم شراکت دار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-26

ہندوستان کی ترقی میں متحدہ عرب امارات اہم شراکت دار

25 جنوری
ہندوستان کی ترقی میں متحدہ عرب امارات اہم شراکت دار
نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج متحدہ عرب امارات( یو اے ای) کو ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں ایک اہم شراکت دار قرار دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان چودہ معاہدات پر دستخط کئے گئے ان میں باہمی رشتہ کو ایک جامع حکمت عملی شراکت داری تک بڑھانے کا ایک معاہدہ شامل ہے۔ دونوں ممالک کی وفود سطح کی بات چیت کے بعد دورہ کنندہ ابو ظبی کے کراؤن پرنس ویو اے ای مسلح افواج نے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، ہندوستان کا ایک انتہائی قابل قدر شراکت دار ہے اور دنیا کے ایک اہم خطہ میں قریبی دوست ہے ۔ ہم متحدہ عرب امارات کو ہندوستان کی ترقیاتی کہانی کے ایک اہم پارٹنر کا درجہ دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہندوستان کے انفراسٹرکچر شعبہ میں سرمایہ کاری سے یو اے ای کی دلچسپی کا بالخصوص خیر مقدم کرتا ہوں۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہندوستان کے نیشنل انوسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ کے ساتھ یو اے ای کے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو مربوط کرنے پر کام کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ملک تیاری اور سرویسس شعبوں میں ہماری ترقی کے ساتھ جڑتے ہوئے مستفید ہوسکتا ہے ۔ ہم ہندوستان میں ڈیجیٹل معیشت، انسانی سرمائے اور شہر یانے کے پروگراموں کے مقصد سے ہماری اسکیموں میں مشترکہ طور پر کئی مواقع تخلیق کرسکتے ہیں ۔ہم دونوں ممالک کے درمیان صنعت اور بزنس کو آسان بنارہے ہیں اور ہمت افزائی بھی کررہے ہیں تاکہ باہمی تجارت کے معیار اور گنجائش میں اضافہ کیاجائے۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ توانائی کی شراکت داری ہمارے ارتباط میں ایک اہم پل ہے ،مودی نے کہا کہ انہوں نے اور شیخ محمدنے مخصوص پراجکٹس اور تجاویز کے ذریعہ ہمارے توانائی کے تعلقات کو ایک حکمت عملی کی سمت میں بدلنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس سلسلہ میں طویل مدتی سپلائی کنٹراکٹس اور توانائی کے شعبہ میں مشترکہ وینچرس کا قیام فائدہ مند راہیں ہوسکتی ہیں۔ یو اے ای، ہندوستان کی توانائی سیکوریٹی میں نمایاں تعاون دیتا ہے ۔ وہ2015-16ء میں ہندوستان کو خام تیل کا پانچواں بڑا سربراہ کنندہ رہا ہے ۔ آج جن معاہدات پر دستخط کئے گئے ان میں سے ایک ہندوستان میں حکمت عملی کے مرکز پر آئیل اسٹوریج اور مینجمنٹ شامل ہے ۔ مودی نے کہا کہ سیکوریٹی اور دفاعی تعاون ایک اور میدان ہے جس نے ہمارے تعلقات کے لئے نئی سمتیں بڑھائی ہیں۔ ہم نے دفاعی میدان میں نئے شعبوں بشمول بحری عملداری میں ہمارے کار آمد تعاون میں توسیع کے لئے رضا مندی ظاہر کی ہے ۔ دفاعی تعاون پر یادداشت مفاہمت پر آج دن کے اوائل میں دستخط کئے گئے ہیں جن سے ہماری دفاعی مصروفیات کو صحیح سمت میں چلانے میں مدد ملے گی۔ یادداشت مفاہمت ، دفاعی تیاری اور ٹکنالوجی کے شناخت شدہ شعبوں دونوں ممالک کے عوامی اور خانگی اداروں کے درمیان تعلیم، ریسرچ ، فروغ، اختراعات اور تعاون میں باہمی تعاون کے قیام کا مقصد رکھتی ہے ۔مودی نے تشدد اور انتہا پسندی کے مقابلہ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مصروفیت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ قریبی تعلقات کو اہم بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تمام پڑوسی علاقوں کے لئے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہماری مشترکہ کوشش سے خطہ کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور ہماری اقتصادی شراکت داری علاقائی اور عالمی خوشحالی کا ایک ذریعہ ہوسکتی ہے ۔ مودی نے یو اے ای میں ایک مندر کے لئے اراضی الاٹ کرنے پر کراؤن پرنس کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات میں تارکین وطن کی تعداد تقریبا2.6ملین ہے۔ شیخ محمد جن کی آج ہندوستان کے سہ روزہ دورہ پر یہاں آمد ہوئی ، وہ جمعرات کو ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقاریب میں مہمان خصوصی ہوں گے ۔ قبل ازیں دورہ کنندہ اعلیٰ شخصیت کا یہاں راشٹرپتی بھون پر رسمی خیر مقدم کیا گیا۔

نوٹ بندی کا اثر عارضی۔ صدر جمہوریہ کا قوم سے خطاب
نئی دہلی
آئی اے این ایس
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے چہار شنبہ کے دن کہا کہ نوٹ بندی نے معاشی سر گرمیوں کو متاثر کیا ہوگا لیکن اس کا اثر عارضی ہے اور وسیع تر فائدہ سسٹم میں کھلے پن اور رشوت کے خلاف لڑائی کی شکل میں برآمد ہوگا ۔ انہوں نے68ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر قوم سے کہا کہ نوٹبندی سے معاشی سر گرمیوں میں عارضی مندی آئی ہے تاہم زیادہ سے زیادہ مالی معاملتیں نقدی کے بغیر ہورہی ہیں۔ اس سے معیشت میں کھلا پن آئے گا۔ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہا کہ مقامی صنعت اپنی مسابقت بڑھا پائے گی ۔وہ معیار اور پیداواریت پر توجہ دے پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کے لئے دس فیصد دیرپا ترقی لازمی ہے ۔ہندوستانی معیشت کی کارکردگی اچھی ہے ۔ عالمی معیشت کے چیلنجس کے باوجود جاریہ مالی سال کے پہلے نصف حصہ میں اس میں 7.2فیصد کا فروغ ہوا ۔ صدر جمہوریہ نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی مختلف اسکیموں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ ہند اپنے68ویں سال میں داخل ہورہی ہے ایسے میں ہر ایک کو غربت کے خاتمہ کے لئے سخت جدو جہد کرنی ہوگی ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ہندستان کی1/5آبادی ہنوز خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند ج مہوریت کے لئے رواداری اور صبر و تحمل لازمی ہے ۔ جمہوریت کے پھلے پھولنے کے لئے دور اندیشی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہندوستان کی تکثیریت اور اس کا سماجی ، ثقافتی ، لسانی اور مذہبی تنوع اس کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری روایت روادارہندوستانی کی رہی ہے۔ ہمارے ملک میں مختلف نقاط نظر ، مکاتب فکر اور فلسفہ ، صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ پر امن رہے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں بحث پر توجہ دی جانی چاہئے،اجلاس کو درہم برہم نہیں کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کا بیش قیمتی وقت رائیگاںجارہا ہے کیونکہ اجلاسوں میں خلل اندازی زیادہ ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوریت پر شور جمہوریت ہے۔2014ء کے عام انتخابات میں834ملین رائے دہندوں کے منجملہ6فیصد نے ووٹ ڈالاتھا۔

پدما بھوشن ایوارڈ کے لئے مرلی منوہر جوشی اور شرد پوار کا انتخاب
نئی دہلی
یو این آئی
ملک کے دوسرے باوقار شہری ایوارڈ پدماوبھوشن کے لئے اس سال سینئر سیاستداں این سی پی سربراہ شرد پوار ،بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ یہ اعزاز پانے والی دیگر شخصیتوں میں لوک سبھا کے سابق اسپیکر آنجہانی پی اے سنگما اور مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر سندر لال پٹوا شامل ہیں۔ سنگما مارچ2016ء میں اور پٹوا دسمبر2016ء میں فوت ہوگئے تھے ۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے حیات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی غیر معمولی شخصیات کو پدم شری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یوم جمہوریہ سے قبل آج حکومت کی طرف سے اعلان کردہ پدم ایوارڈوں میں ایسی شخصیات شامل ہیں جنہوں نے قربانی اور لگن اور عوامی خدمات کے جذبہ سے بہتر ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا ہے اور کئی طرح کے ریکارڈ بھی قائم کئے ہیں۔ ان میں ہندستانی نابینا کرکٹ ٹیم کے کپتان شیکھر نائک ، معذورین اولمپک میں ہائی جمپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے مریپن تھانگلو اور ریو اولمپک میں چوتھے مقام پر رہنے والی جمناسٹ دی پا کرما کرکے علاوہ ایک کروڑ پودے لگانے کا ریکارڈ بنانے والے تلنگانہ کے ٹری مین کے طور پر مشہور درپلی رامیا اور گزشتہ68سال سے حاملہ خواتین کا مفت علاج کرنے والی ڈاکٹر دادی کے نام سے مشہور91سالہ بھکتی یادو نیپال میں ہزاروں خواتین کو جسم فروشی سے بچانے والی انورادھا کوئرالا نیز ایمبولینس دادا کے نام سے مشہور مغربی بنگال کے کریم الحق بھی شامل ہیں۔ ان20غیر معمولی صلاحیتوں والے افراد میں مارشل آرٹ کی ملک کی سب سے عمر دراز خاتون کیرالا کی میناکشی اما ، پوچم پلی ساڑی بنانے کی تکنیک میں انقلابی تبدیلی لانے والی تلنگانہ کی چنتا کندی ملیشم، اپنی جان خطرہ میں ڈال کر آتشزدگی کے واقعات میں لوگوں کی جان بچانے والے مغربی بنگال کے سماجی کارکن و یپن گناترا ، ایڈس کی روک تھام کے لئے تین دہائیوں سے سر گرم ٹامل ناڈو کی ڈاکٹر سنیتی سولومن، ملک کے قومی شاہراہوں پر ہونے والے سڑک حادثات میں لوگوں کی جان بچانے والے لائف لائن فاؤنڈیشن کے بانی اور ہائی وے مسیحا کے نام سے معروف ڈاکٹر سبرت داس شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ملک کے دور افتادہ علاوں میں سو سے زیادہ سستے اور پائیدار ماحولیات سے ہم آہنگ لچکدار پل بنانے والے برج برادر کے نام سے مشہور کرناٹک کے گریش بھردواج ، سوچھ بھارت مشن شروع ہونے سے پانچ دہائی قبل سے ہی صفائی مہم میں مصروف مہاراشٹرا کے صفائی ستھرائی کے علمبردار ڈاکٹر ماپوسکر ، پنجاب میں سیور سسٹم کے فروغ کے لئے فنڈ جمع کرنے اور کارکنوں کو اس کے لئے راغب کرنے والے بابا بلبیر سنگھ سیچے وال، گجرات میں خشک سالی سے متاثرہ اضلاع میں انار کی سب سے زیادہ پیداوار کرنے والے معذور کسان جینا بھائی درگا بھائی پٹیل ، مفت موکس سسٹم کے ذریعہ ہارورڈ اور ایم آئی ٹی یونیورسٹیوں کے نصاب کو مختلف زبانوں میں دنیا بھر میں پھیلانے والے ہندوستانی نژاد امریکی اننت اگر وال ، گزشتہ چھ دہائیوں سے قبائلی لوک گیتوں کو مقبول بنانے والی کرناٹک کی گلوکارہ سکرمی بوما گاڑا، اڈیشہ کے مقبول لوک گلوکار جتیندر ہری پال اور ادب اطفال اور ادب نسواں کے لئے خود کو وقف کردینے والی آسام کی81سالہ ادیبہ ایلی احمد کوبھی پدم شری ایوارڈس کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں