ترنمول کانگریس ایم پی سدیپ کی گرفتاری - سی بی آئی دفتر پر پارٹی حامیوں کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-05

ترنمول کانگریس ایم پی سدیپ کی گرفتاری - سی بی آئی دفتر پر پارٹی حامیوں کا احتجاج

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ کی کولکتہ سے اوڈیشہ منتقلی
بھوبنیشور
پی ٹی آئی
سی بی آئی کی جانب سے گرفتار کردہ ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سدیپ بندھوپادھیائے کو بھوبنیشور لائے جانے کے ساتھ ہی پارٹی کارکنوں کے گروپ نے آج یہاں ایجنسی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا منظم کیا ، تاکہ اس اقدام کے خلاف احتجاج کیاجاسکے ۔ ترنمول کانگریس کے پارٹی قائد کو روزویلی اسکام میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے سلسلہ میں کل کولکتہ میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ قبل ازیں سی بی آئی نے اسی الزام میں ترنمول کانگریس کے ایک اور رکن پارلیمنٹ تاپس پال کو بھی گرفتار کیا تھا اور انہیں تین دن تک ریمانڈ میں رکھا گیا تھا۔ بندوپادھیائے کو چار مرتبہ رکن لوک سبھا اور منموہن سنگھ حکومت میں مملکتی وزیر رہ چکے ہیں ۔ اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر کئی سوالات کا جواب دینے سے قاصر رہے اور تعاو ن نہیں کررہے تھے ۔ ٹی ایم سی قائدین کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رام نگر کے رکن اسمبلی اکھیل گری کی زیر قیادت حامیوں نے یہاں سی بی آئی دفتر کے روبرو دھرنا منظم کیا تھا ۔ ترننمول کانگریس کے اوڈیشہ یونٹ کے کئی ارکان اور اس کے ریاستی صدر آریہ کمار گیانندر بھی یہاں سی بی آئی دفتر کے باہر احتجاج میں شامل ہوگئے۔ گیانندر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ سی بی آئی نے سدیپ بندوپادھیائے اور تاپس پال کو سیاسی وجوہات کی بنا پر گرفتار کیا ہے ۔ ہم یقینا اس اقدام کی مخالفت کریں گے ۔ ترنمول کانگریس کا ریاستی یونٹ 10جنوری کو بھوبنیشور میں ایک بڑی احتجاجی ریالی کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔ بعض ممتاز ٹی ایم سی قائدین کو مجوزہ احتجاجی ریالی میں مدعو کیاجارہا ہے ۔ ٹی ایم سی کے ایک دو رکنی وفد نے یہاں سی بی آئی کے سینئر عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور بندوپادھیائے اور تاپس پال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج درج کرایا ۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ بندوپادھیائے کو پہلے طبی معائنہ کے لئے کیپٹل ہاسپٹل روانہ کیاجائے گا اور پھر سی بی آئی کی نامز د عدالت میں پیش کیاجائے گا ، تحقیقاتی ایجنسی ان کا ریمانڈ طلب کرے گی ، کیوں کہ ٹی ایم سی قائد مبینہ طور پر تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔ بہر حا ل بندو پادھیائے کے وکیل راجیو مجمدار نے کہا کہ وہ عدالت میں ضمانت کی درخواست پیش کریں گے ، کیوں کہ ان کے موکل بیمار ہیں۔ انہوں نے سی بی آئی کو چیلنج کیا کہ وہ اس اسکام میں بندوپادھیائے کے ملوث ہونے کو ثابت کرے ۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ سی بی آئی بندوپادھیائے اور پال دونوں سے ایک ساتھ پوچھ تاچھ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، کیونکہ ان دونوں کو 17ہزار کروڑ روپے کے اسکام میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔

TMC MP Sudip Bandyopadhyay Arrested By The CBI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں