ذاکر نائک اور آئی آر ایف کے خلاف فوجداری مقدمہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-12-31

ذاکر نائک اور آئی آر ایف کے خلاف فوجداری مقدمہ

ممبئی
پی ٹی آئی
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے متنازعہ اسلامی مبلغ ذاکر نائک اور ان کی تنظیم آئی آر ایف کے خلاف حوالہ قانون کے تحت فوجداری مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایجنسی کے زونل دفتر نے ایک ایف آئی آر درج کی ہے ۔ نائک اور دیگر افراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں( انسداد) قانون کے تحت این آئی اے کی جانب سے ایسی ہی شکایت کا نوٹ لینے کے بعد یہ مقدمہ درج کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ای ڈی اپنی تحقیقات کے دوران ملزین کے خلاف فنڈس کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے الزامات کاجائزہ لے گا۔ ایجنسی نے نائک اور آئی آر ایف کے بینک لین دین سے متعلق دستاویزات اور دیگر تفصیلات کی پہلے ہی جانچ پڑتال کرلی ہے اور توقع ہے کہ عنقریب سمن جاری کئے جائیں گے تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایاجاسکے ۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ ماہ مذہب اور نسل کی بنیاد پر مختلف طبقات کے درمیان مخاصمت کو فروغ دینے کے الزام میں ذاکر نائک کے خلاف انسداد دہشت گردی قوانین کے تحٹ مقدمہ درج کرلیا تھا۔ نائک، آئی آر ایف اور دیگر کے خلاف کیس درج کرنے کے بعد این آئی اے اور ممبئی پولیس نے شہر میں دس مختلف مقامات پر تلاشی لی تھی جن میں فاؤنڈیشن کے بعض عہدیداروں نے رہائش گاہیں بھی شامل تھیں۔ قبل ازیں مرکزی وزارت داخلہ نے بیرونی ممالک سے فنڈس کی وسولی کے سلسلہ میں تحدیدات عائد کردی تھیں۔ ذاکر نائک جاریہ سال کے اوائل میں بنگلہ دیش میں دہشت گرد حملہ کی تحقیقات کے دوران اپنا نام سامنے آنے کے بعد سے گرفتاری سے بچنے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ ان کے اور نامعلوم آئی آر ایف عہدیداروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ153A(مذہب کی بنیادپر مختلف طبقات کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) کے علاوہ یو پی اے کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا تھا۔ این آئی اے کی یہاں واقع شاخ کی جانب سے درج ایف آئی آر میں یو اے پی اے کی دفعہ10، دفعہ13اور دفعہ18کے تحت بھی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

The Enforcement Directorate registers criminal case against Zakir Naik, IRF

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں