کرنسی امتناع سال کا سب سے بڑا اسکام - پی چدمبرم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-12-14

کرنسی امتناع سال کا سب سے بڑا اسکام - پی چدمبرم

13/دسمبر
کرنسی امتناع سال کا سب سے بڑا اسکام
خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعہ تحقیقات ضروری: پی چدمبرم
ناگپور
آئی اے این ایس
سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے منگل کے دن کہا کہ نوٹ بندی سال کا سب سے بڑا اسکام ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کی تحقیقات ضروری ہیں کیونکہ چند لوگوں کو دو ہزار روپے کے نوٹوں کی گڈیاں کیسے مل جاتی ہیں جب کہ عام لوگ ایک نوٹ نکالنے کے لئے جدو جہد کررہے ہیں۔ پی چدمبرم نے یہاں اخباری نمائندوں سے کہا کہ مجھے دو ہزار کی ایک نوٹ بھی نہ مل سکی جب کہ دو ہزار روپے کے نوٹوں کی شکل میں کروڑہا روپے چند افراد کے پاس پائے جارہے ہیں۔ جن کے خلاف ملک بھر میں دھاوے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انکم ٹیکس تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ یہ بڑا جرم ہے اور اس کی فوجداری تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائد نے نوٹ بندی کو سال کا سب سے بڑا اسکام قرار دیا اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پی چدمبرم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ لوگ ان سے جو سلوک ہورہا ہے اسے کبھی بھی بھلا نہیں پائیں گے اور وہ یقینا حکومت کو اس کے لئے معاف نہیں کریں گے ۔ میں کل ایک شادی میں گیا تھا ۔ وہاں میں نے دیکھا کہ امیروں پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے ۔ غریب ہی مار ے جارہے ہیں۔ نوٹ بندی کو بے سوچی سمجھی مہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ دنیا میں کسی نے بھی اس کے حق میں اچھا نہیں کہا ہے ۔ ہر بڑے اخبار اور ماہرین معاشیات نے اس کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت نے کس حساب سے یہ طے کیا کہ لوگوں کو چوبیس ہزار روپے نکالنے کی اجازت دی جائے جب کہ بینکوں میں اتنا پیسہ ہی نہیں۔ پورے ملک میں لوگ طویل قطاروں میں ٹھہرنے پر مجبور ہیں۔45کروڑ لوگ اپنی بقاء کے لئے یومیہ اجرت پرمنحصر ہیں۔ وہ نوٹ بندی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کی تلافی کون کرے گا؟ دیہی علاقوں میں عوام کی حالتِ زار کے حوالہ سے پی چدمبرم نے سوا لکیا کہ ڈسٹرکٹ کو آپریٹیو بینکوں کو اس پوری مشق سے باہر کیوں رکھا گیا ۔ ضلع امداد باہمی بینکوں کو باہر رکھنا کسانوں کو سزا دینا ہے ۔ کسانوں کے پاس بیج، کھاد، مزدوروں کو مزدوری دینے اور دیگر کاموں کے لئے کوئی پیسہ نہیں ہے ۔ نقدی سے پاک معیشت کے حکومت کے منصوبہ کا مذاق اڑاتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ دنیا میں کون سا ملک کیش لیس اکانومی ہے؟ کیا امریکہ یا سنگاپور میں نقدی کے بغیر کام چلتا ہے؟ ہمارے ملک میں برقی کہاں ہے، مشینیں کہاں ہیں؟ آپ تصور نہیں کرسکتے کہ ہندوستان کی معیشت کو کتنا بڑا دھکا پہنچا ہے ۔ نوٹ بندی کے اثرات کے حوالہ سے سابق وزیر فینانس نے تفصیلی روشنی ڈالی کہ شرح ترقی، سرمایہ کاری وغیرہ پر کیا اثر پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اسی لئے نوٹبندی کو ہمالیائی بد انتظامی قرار دیا۔ پی چدمبرم نے کہاکہ نقدی سے پاک ہونے کے لئے ہندوستان کو وقت لگے گا ۔ یہ تصور کرلینا کہ ہندوستان چند مہینوں میں تین فیصد سے سو فیصد کیش لیس ہوجائے گا، غلط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسا بڑا قدم اٹھانے سے قبل کم از کم یشونت سنہا( سابق این ڈی اے وزیر فینانس) یا منموہن سنگھ سے مشورہ کرلینا چاہئے تھا۔
Demonetisation biggest scam of the year, must be probed: P Chidambaram

سی بی آئی کے دھاوے، آر بی آئی عہدیدار گرفتار
کرناٹک میں93لاکھ، گجرات میں19لاکھ اور ممبئی میں33لاکھ روپے ضبط۔ 2ہزار کے نئے نوٹ شامل
بنگلورو، وڈودرا، ممبئی
پی ٹی آئی
ایسے وقت جب کہ ملک بھرمیں عوام اپ نی رقم کے لئے پریشان ہے کالا دھن تبدیل کرنے کی کوشش بھی عروج پر ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ نے ایسے ہی غیر قانونی تبدیلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کرناٹک میں سات افراد کو دلالوں کو گرفتار کرلیا اور93لاکھ روپے ضبط کرلئے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایجنسی نے ایک سرکاری عہدیدار کے رشتہ بشمول سات افرا دکو کل شام گرفتار کیا۔ ان کے قبضہ سے دو ہزار روپے مالیتی نئے نوٹس میں93لاکھ روپے ضبط کئے گئے۔ یہ معاملہ انکم ٹیکس کی جانب سے5.7کروڑ روپے کی نئی کرنسی کی حالیہ ضبطی کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا ہے۔ اسی دوران سی بی آئی نے آر بی آئی کے ایک عہدیدار اور جنتادل ایس کے لیڈر کے سی وریندر کو گرفتار کرلیا جو ایک کسینو کا بھی مالک ہے ۔ دونوں کو کرنسی کی تبدیلی کے علیحدہ معاملات میں گرفتار کیاگیا ۔ سی بی آئی نے آر بی آئی عہدیدار کے میشل کو1.51کروڑ روپے کی پرانی کرنسی تبدیل کرنے کی کوشش پر گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ وریندر کو کسینو کے باتھ روم سے نئی کرنسی میں 5.70کروڑ روپے کی ضبطی کے سلسلہ میں گرفتارکرلیا گیا ۔ اسے 10دسمبر کو گرفتار کیا گیاتھا اور اگلے دن بنگلورو لایا گیا اور سی بی آئی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی بی آئی کے ایک عہدیدار نے آج کہا کہ وہ چھ دن کے لیے ہماری تحویل میں ہے۔ گجرات کے شہر وڈودرا میں ایک بزنس مین کے گھر سے19.67لاکھ روپے ضبط کئے جن میں13لاکھ روپے دو ہزار روپے کے نئے نوٹوں کی شکل میں ہے یہ بھاری رقم تھیلوں میں رکھی ہوئی تھی جو شراب کے بیوپاری کے گھر پر دھاوے کے موقع پر ضبط کی گئی۔ انسپکٹر واگھیلا نے بتایا کہ دو ہزار روپے کے100,650کے20,6000کے 500،50کے ہزار اور دس کے700نوٹ برآمد کئے گئے ۔ اس کے گھر سے غیر قانونی غیر ملکی شراب بھی برآمد کی گئی ۔ اسی دوران نوی ممبئی اور تھانے میں دو علیحدہ معاملات میں دو ہزار روپے کے نوٹوں پر مشتمل33لاکھ روپے ضبط کئے گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ نوی ممبئی میں23.70لاکھ روپے کے نئے نوٹ ضبط کئے گئے اور دو افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ الہاس نگر میں کل شام 9.76لاکھ روپے کی ضبطی اور تین افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ پولیس نے کہا کہ ان معاملات میں گرفتار افراد نے رقم کے بارے میں اطمینان بخش جوابات نہیں دئیے ہیں۔

کرن رجیجو 450کروڑ کے اسکام میں ملوث!
نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر کرن رجیجوآج ایک سیاسی طوفان میں پھنس گئے جب ارونا چل پردیش میں ایک بری پراجکٹ سے متعلق 450کروڑ کے اسکام میں ان کا نام آیا۔ انہوں نے وزارت توانائی کو ایک خط لکھتے ہوئے وضاحت کرنے کی کوشش کی جس کے بعد اپوزیشن نے ان کی بے دخلی کا مطالبہ کیا لیکن وزیر نے غلط سر گرمیاں انجام دینے کی تردید کی۔ یہ تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب خبروں میں کہا گیا کہ چیف ویجلنس آفیسر نارتھ ایسٹرن الیکٹرک پاور کارپوریشن ستیش ورما نے سی بی آئی وینجلنس کمیشن اور وزارت توانائی کو رپورٹ روانہ کرتے ہوئے دوڈیمس کی تعمیر میں کرپشن کا الزام لگایا جن کا تعلق600میگا واٹ کے کیمنگ ہائیڈل پراجکٹ سے تھا۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک آڈیو ٹیپ جاری کیا جس میں اس معاملت کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرن رجیجو کو عہدہ پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ وزیر اعظم کو چاہئے کہ انہیں برطرف کردیں یا آزاد تحقیقات مکمل ہونے تک استعفیٰ دینے کی ہدایت دیں۔

3ہفتوں میں بینکوں کو زائد رقم دی جائے گی: ارون جیٹلی
نئی دہلی
آئی اے این ایس
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے منگل کے دن کانگریس پر تنقید کی جس نے نوٹ بندی کو سب سے بڑا اسکام قرار دیا ہے۔ انہوںنے زور دے کر کہا کہ نوٹ بندی سے مستقبل میں معیشت اور ملک دونوں کا بھلا ہوگا ۔ وزیر فینانس نے یہ بھی تیقن دیا کہ آئندہ تین ہفتوں میں بینکنگ سسٹم میں قابلِ لحاظ رقم ڈالی جائے گی جس سے نقدی کی قلت دور ہوگی۔ کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے جیٹلی نے کہاکہ کرپشن اور اسکامس کا کانگریس زیر قیادت یو پی اے کے دس سالہ دورِ اقتدار میں بول بالا تھا ۔یوپی اے حکومت نے کرپشن یا کالا دھن کی روک تھام کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوجی سے کوئلہ بلاک، کامن ویلتھ گیمس سے آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت تک ہر اسکام پر آج بھی باتیں ہوتی ہیں اور یہ سبھی اسکام یو پی اے دور کے ہیں۔ اسکینڈل کے ریکارڈ کے لحاظ سے دیکھا جائے تو کوئی تعجب نہیں کہ کانگریس پارٹی ہماری حکومت کی مخالف کرپشن مہم سے پریشان ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ2004اور2014کے درمیان بڑے کرنسی نوٹ36فیصد سے بڑح کر زائد از80فیصد ہوگئے ۔ انہوں نے کہاکہ نقدی سے نمٹنے کی معاشی اور سماجی قیمت ہوتی ہے ۔ یہ قیمت سسٹم کوچکانی ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ نوٹ بندی نقدی سے پاک معیشت کی سمت میں ایک قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکمت عملی ہے کہ بہت زیادہ نقدی والی معیشت سے کم نقدی والی معیشت بنا جائے جہاں کاغذی کرنسی کی تعداد گھٹ جاتی ہے ۔ نقدی رہتی تو ہے لیکن ڈیجیٹل ادائیگیاں زیادہ ہوتی ہیں۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت ، نوٹبندی مشق کوتیزی سے مکمل کررہی ہے ۔ آربی آئی روزانہ بینکنگ سسٹم میں بڑی رقم ڈال رہا ہے ۔ آئندہ تین ہفتوں میں قابل لحاظ رقم ڈالی جائے گی جس سے دباؤ دھیرے دھیرے گھٹ جائے گا۔ نوٹ بندی کے فوائد گناتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ سسٹم میں جو لوزکیش تھاوہ اب بینکنگ سسٹم میں آگیا ہے ۔ مستقبل کا زیادہ تر لین دین ڈیجیٹل ہوگا ، اور وہ ٹیکس دائرہ میں آجائے گا ۔ اس سے حکومت کو ٹیکس کی شرحیں مزید معقول بنانے میں مدد ملے گی۔ پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جلیٹی نے کہا کہ پارٹی کا اسکینڈلس سے پرریکارڈاسے نریند ر مودی حکومت کی مخالف کرپشن مہم کے تعلق سے انتہائی اضطراب میں مبتلا کررہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹ ہٹانے سے ملک کی تیزی سے فروغ پاتی معیشت کو کم نقدی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سمت بڑھنے میں مدد ملے گی۔ اس سے ٹیکس آمدنی بڑھے گی اور ٹیکس چوری گھٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ نقدی پر بندش کے علاوہ پان کا لزوم کرپشن کو گھٹا دے گا ۔انہوںنے کہا کہ نوٹ بندی سے پیدا ہونے والے مسائل کی یکسوئی کی جارہی ہے ۔ ممنوعہ نوٹوں کی جگہ پر نئے نوٹ تیزی سے لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی این ڈی اے حکومت کے سسٹم کی اوور ہالنگ کا ایک حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نقد رقم تو سسٹم میں رہے گی لیکن ڈیجیٹل ادائیگیاں بڑھ جائیں گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں