مودی پر من مانے انداز میں بلامشاورت کام کرنے کا الزام - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-22

مودی پر من مانے انداز میں بلامشاورت کام کرنے کا الزام - راہول گاندھی

21/نومبر
نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی پر من مانے انداز میں کام کرنے کاالزام عائد کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہاکہ ان کے بارے میں بتانے کے لئے ہمیں کوئی نیا لفظ تلاش کرنا ہوگا۔ راہول گاندھی نے دلی کے جہانگیر پوری علاہ میں ایک اے ٹی ایم پر قطار میں ٹھہرے عوام سے بات چیت کرنے کے بعد پارلیمنٹ کے باہرنامہ نگاروں کو بتایا کہ اب مودی جی کوپارلیمنٹ آنے کی ضرورت ہی کیا ہے ، وہ اب ایک اور سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ وہ اپنے وزراء سے مشاورت نہیں کرتے اور اپنی خواہشات اور مرضی کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے صرف تین یا چار افراد کو مطلع کرتے ہوئے ہندوستا ن کی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی فیصلہ کیا۔ کوئی منصوبہ نہیں بنایا گیا اور اس کے منفی اثرات پر کوئی غوروفکر نہیں کیا گیا۔ انہیں سوپر پی ایم بھی نہیں کہاجاسکتا۔ ہم ان کی ایک مختلف شکل دیکھ سکتے ہیں ۔ ان کے تعارف کے لئے ایک نیا لفظ تلاش کرنا ہوگا ۔ راہول نے کہاکہ وزیراعظم کے قریبی پندرہ یا بیس افراد کو فائدہ ہوگا ، ان کے قرض معاف کردئیے جائیں گے، نقصان تو غریب ہوگا۔ راہول گاندھی نے ایک اے ٹی ایم کا اچانک دورہ کرنے کے بعد یہ تبصرہ کیا، جہاں عوام رقم نکالنے کے لئے طویل قطار میں کھڑے ہوئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ8نومبر کو پانچ سو اور ہزار روپے کی کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے بعدسے ان کی زندگیاں کتنی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ایک شخص نے شکایت کی کہ وہ رقم کی قلت کے سبب اپنے بچوں کی اسکول فیس کی ادائیگی سے قاصر ہے اور اسکول کے ذمہ دار پانچ سو روپے کے نوٹ لینے سے انکار کررہے ہیں۔ اس شخص نے بتایا کہ اگرہم پرانا پانچ سو کا نوٹ ہزار روپے تبدیل کرانے کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں اس کے بدلے میں صرف تین سو روپے حاصل ہوتے ہیں ۔ ایک بزرگ خاتون نے راہل گاندھی کو بتایا کہ عوام کو رقم حاصل کرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ہمیں ہر صبح اے ٹی ایمس کے سامنے اسی طرح لائن میں کھڑے ہونا پڑتا ہے اور ایہ امید ہوتی ہے کہ شاید ہم کچھ رقم حاصل کرسکیں۔ میں گزشتہ تین دن سے پریشان ہوں ۔ ایک نوجوان نے بتایاکہ وہ بخار میں مبتلا ہونے کے باوجود اے ٹی ایم کے سامنے قطار میں کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک فیکٹری میں کام کرتا ہوں ، جوٹرائی نگر میں واقع ہے اور چپلیں تیار کرتی ہے۔ مالک ہمیں ہنوز پرانے نوٹوں میں ادائیگی کررہا ہے ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج صبح قومی دارالحکومت کے مختلف اے ٹی ایمس کا دورہ کرتے ہوئے نئی کرنسی کے حصول کے لئے طویل قطارو ں میں ٹھہرے عوام سے بات چیت کی۔ پارلیمنٹ پہنچنے سے پہلے راہول گاندھی نے مختلف علاقوں بشمول آنند پربت، زکیرا، اندر لوک اور جہانگیر پوری میں اے ٹی ایمس کا دورہ کیا، جہا ں انہوں نے پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹوں کی منسوخی کے مرکز کے فیصلہ کے بعد عوام کو پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں ان سے دریافت کیا۔ بہر حال وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے 8نومبر کو کیے گئے بڑے اعلان کے بعد راہول گاندھی کا کسی اے ٹی ایم کا یہ پہلا دورہ نہیں تھا۔ انہوں نے11نومبرکو یہاں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی پارلیمنٹ اسٹریٹ برانچ کا بھی دورہ کیا تھا ۔ اور پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے وہاں عوام کے ساتھ قطار میں ٹھہرے تھے ۔ گزشتہ ہفتہ بھی انہوں نے ممبئی کے مضافاتی بکولہ علاقہ میں ایک اے ٹی ایم پر اچانک مختصر توقف کیا تھا اور قطار میں ٹھہرے ہوئے عوام سے بات چیت کی تھی ۔ راہول گاندھی جنہوں نے نوٹوں کی منسوخی کے اقدام پر سخت تنقید کی تھی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہنس رہے ہیں ، جب کہ لوگ بینکوں اور اے ٹی ایمس کے باہر قطاروں میں مررہے ہیں۔ یہ اقدام ایک بہت بڑا اسکام ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کئی ماہرین معاشیات بشمول سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا تھا کہ بڑے نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ کی کوئی منطقی وجہ نہیں،۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کالا دھن رکھنے والے بڑے عناصر جیسے وجئے مالیا اور للت مودی کا پیچھا نہیں کررہی ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس کے نائب صد رراہول گاندھی نے جہانگیر پوری علاقہ میں اے ٹی ایم کے باہر قطار میں منتظر عوام سے بات چیت کی۔ ابتداء میں کانگریس کے یوتھ ونگ نے یہ معلومات ٹوئٹر پر فراہم کی۔ بعد ازاں کانگریس پارٹی نے بھی توئٹر پر یہ با ت بتائی۔
PM Modi doesn't consult his ministers, functions on his own: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں