کرنسی نوٹوں کے معاملہ پر اپوزیشن کا شدید ردعمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-10

کرنسی نوٹوں کے معاملہ پر اپوزیشن کا شدید ردعمل

9/نومبر
کرنسی نوٹوں کے معاملہ پر اپوزیشن کا شدید رد عمل
نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے500اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کو غیر قانونی قرا ر دینے پر آج وزیر اعظم نریندر مودی کونشانہ تنقید بنایا اورتعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار روپے کے نئے نوٹ لانے سے کس طرح کالا دھن کے نئے ذخیرہ کو دشوار ترین بنایاجاسکے گا۔ اپنے طنزیہ تبصرہ میں کانگریس کے نائب صدر نے کہا بہت اچھے مسٹر مودی ۔ انہوںنے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹر پیامات میں کہا کہ اصل مجرم جنہوں نے کالا دھن جمع کررکھا ہے، محفوظ ہیں، جب کہ کسانوں، چھوٹے دکانداروں اور گھریلو خواتین کی زندگی افرا تفری کا شکار ہوگئی ہے۔ مودی نے ایک بار پھر ظاہر کردیا ہے کہ انہیں ملک کے عام آدمی کی کوئی پرواہ نہیں۔ کسانوں، چھوٹے دکانداروں اور گھریلو خواتین سب کی زندگیاں افرا تفری کا شکار ہوگئی ہیں۔ وزیر اعظم کے لئے ایک سوا ہے کہ وہ ایک ہزار روپے کے نوٹوں کو دو ہزار کے نوٹون سے تبدیل کررہے ہیں، اس سے کالے دھن کی ذخیرہ اندوزی کو کس طرح دشوار بنایاجاسکے گا۔ پی تی آئی کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پانچ سو روپے کے کرنسی نوٹ کا چلن بند کرنے پر مودی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے مکمل تباہی اور افرا تفری پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے مرکز سے اپیل کی کہ وہ عجلت میں کئے گئے اس فیصلہ کو منسوخ کرے۔ ممتا بنرجی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ برائے مہربانی عوام کو اس تباہی سے بچائیں ، سڑکیں اور بازار بند ہوگئے ہیں، مریضوں کو خانگی ہاسپٹل میں شریک نہیں کیاجارہا ہے ۔ کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں، ہر طرف افراتفری دیکھی جارہی ہے ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ غریب ترین اور متوسط طبقہ کے لوگ رو رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ غیر معلنہ کل ہند ہڑتا کے مماثل ہے ۔ کالا دھن رکھنے والوں کو تحفظ فراہم کیاجارہا ہے ۔ میں حکومت سے پھر ایک بار اپیل کرتی ہوں کہ عجلت میں کئے گئے اس فیصلہ کو واپس لے۔ پہلے ایک منصوبہ عمل تیار کرے اور اس پھر اس پر مناسب عمل آوری کی جائے۔ یہ مکمل تباہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کل رات مودی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ بیرونی مماکل سے کالا دھن واپس لانے میں اپنی ناکامی سے عوام کی توجہ ہٹانے ڈرامہ رچ رہی ہے ۔ اسی دوران شیلانگ سے موصولہ اطلاق کے مطابق چیف منسٹر میگھالیہ مکل سنگما نے آج پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کا چلن بند کرتے ہوئے کالے دھن پر وزیر اعظم نریندر مودی کے سرجیکل اسٹرائک کو بے حسی پر مبنی اقدام قرار دیا ۔ مکل نے کل رات پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹوں کو منسوخ کرنے این ڈی اے حکومت کے فیصلہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم کس طرح کوئی کام کرتے ہیں اور کیا کام کرتے ہیں، یہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ یہ وسیع تر مفاد کے لئے ہو، لیکن ان کے طریقہ کار سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ذہنی دیوایہ پن کا شکار ہیں۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ہزار اور پانچ سو روپے کے کرنسی نوٹوں کا چلن بند کرنے مرکز کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور اس کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے طویل مدت میں ملک کی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ہزار روپے اور پانچ سو روپے کے نوٹس بازار سے واپس لینے مرکز کے فیصلہ سے متعلق سوا ل کا جواب دیتے ہوئے نتیش کمار نے جو جنتا دل یو کے قومی صدر بھی ہیں، کہا کہ ابتداء میں عوام کو کسی قدر زحمت ہوسکتی ہے لیکن تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے اس فیصلہ کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔ چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک نے کرنسی نوٹوں کے چلن کو ختم کرنے وزیر اعظم نریندر مودی کے فیصلہ کو جرائتمندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ حکومت اوڈیشہ اس اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے ، تاکہ دہشت گردی کے لئے فنڈس کی فراہمی کی روک تھام ہوسکے ۔ پٹنائک نے کہا عوام، طویل عرصہ سے سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکس( سی بی ڈی ٹی) کی کمیٹی کو یہ تجویز پیش کررہے تھے کہ کالے دھن کی روک تھام کے کے لئے اونچی شرح کی کرنسی نوٹوں کا چلن بند کیاجائے ۔ مجھے خوشی ہے کہ مرکزی حکومت نے اس فیصلہ پر عمل آوری کے لئے سیاسی عزم کا اظہار کیا ہے ۔
نئی دہلی
آئی اے این ایس
عام آدمی پارٹی نے آج پانچ سو روپے اور ہزار کے کرنسی نوٹ کا چلن بند ہونے مرکزی حکومت کے فیصلہ کو تغلقی فرمان قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے بڑے تاجر ین بچ جائیں گے ، جن کے پاس کالا دھن ہے۔ عام آدمی پارٹی قائد سنجے سنگھ نے یہا ں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مودی کا تغلقی فرمان کسانوں اور غریب آدمی کے پیٹ پر ہتھوڑا ہے ۔ یہ قدم بڑے تاجروں کو بچانے کے لئے اٹھایا گیا ہے ، جس کے پاس کالا دھن موجود ہے ۔ واضح رہے کہ محمد بن تغلق قرون وسطی میں ہندوستان کے حکمراں تھے، اور انہوں نے قومی دارالحکومت کو دہلی سے جنوبی ہند کے دولت آباد منتقل کرنے اور کرنسی تبدیل کرنے کا من مانی فیصلہ صادر کیا تھا جس کا منفی اثر ہوا تھا۔ سنجے سنگھ نے الزام عائد کیا کہ عوام کا یہ ماننا ہے کہ مودی حکومت نے پہلے ہی اڈانی، امبانی جیسے بڑے تاجروں اور شرد پوار ، یدیور پا، سکبھیر سنگھ بادل اور اتر پردیش کے دیگر بی جے پی قائدین کو یہ اطلاع دی تھی کہ وہ اپنے کالے دھن کو محفوظ کرلی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس فیصلہ سے عام آدمی کو بڑی زحمت ہوگی۔ اس فیصلہ کے ساتھ ہی سارا ملک دہشت زدہ ہوگیا ہے ۔ حکومت بڑے قصورواروں کو پکڑنا نہیں چاہتی ، جن کے سوئس بینک میں کھاتے ہیں، بلکہ وہ صرف عام آدمی کو مصیبت میں مبتلا کرنا چاہتی ہے ۔
نئی دہلی
آئی اے این ایس
وشوا ہندو پرشید پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کا چلن بند کرنے نریندر مودی حکومت کے اقدام کا آج خیر مقدم کیا۔ وی ایچ پی نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس فیصلہ سے نہ صرف کالے دھن کا خاتمہ ہوگا بلکہ دہشت گردی اور اسمگلنگ جیسی سر گرمیوں پر بھی کاری ضرب لگے گی ۔ حکومت کے اس اقدام کو تاریخی اور جرائتمندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے وی ایچ پی کے بین الاقوامی جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر جین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور قومی مفاد میں اسے پورے خلوص سے رو بہ عمل لائیں، ہوسکتا ہے کہ انہیں ابتداء میں چند دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے۔
بالیا
ایجنسیز وزیر اعظم نریندر مودی کو پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹس کی تنسیخ پر خرا ج تحسین پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر دخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کو دھکا پہنچا ہے وزیر موصوف نے جو آج بی جے پی کی چوتھی پریورتن یاترا کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے سے قبل ٹاؤن پالی ٹیکنک گراؤنڈ پر ریالی سے خطاب کررہے تھے ، کہا اس اقدام سے ہندوستان ایک معاشی سوپر پاور کے طور پر ابھرے گا اور اس سے پاکستان کو دھکا پہنچے گا۔ جو ہزار اور پانچ سو کی مالیت کے نقلی نوٹ کو ہندوستان بھجواتے ہیں اور ان کو زیر گشت لاتے ہوئے ہندوستان کی معیشت کو کمزور کرنا چاہتا ہے ۔
نئی دہلی
ایجنسیز
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی ترقی کے فروغ کے لئے یک کے بعد دیگرے اقدامات کررہی ہے ۔ ارون جیٹلی نے جو دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے کہا کہ حکومت یہ سمجھتی ہے کہ پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹس کو منسوخ کردینے کے فیصلہ کا ہر جگہ خیر مقدم کیا گیا ہے ۔ اس بہت بڑے اقدام سے ہندوستان کے اعتبار میں اضافہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے متوازی کالے دھن کی معیشت کو دھکا پہنچا ہے کیونکہ کافی کرنسی جو سسٹم سے باہر گشت کررہی ہے اب بینکنگ سسٹم میں آجائے گی۔

مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اجلاس کے موقع پر احتجا ج کا اعلان
تین طلاق کے خلاف اور یکساں سیول کوڈ کی تائید میں بی جے پی کا اقدام
کلکتہ
یو این آئی
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے مجوزہ کلکتہ اجلاس جو18تا20نومبر کو منعقد ہونا ہے کے موقع پر مغربی بنگا بی جے پی کی جانب سے یکساں سول کوڈ اور تین طلاق پر پابندی کے مطالبہ کی حمایت میں مظاہرے کے اعلان سے کلکتہ کی مسلم شخصیتوں و لیڈروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ بی جے پی ریاست میں فرقہ واریت کو پھیلانے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتی ہے ۔ خیال رہے کہ بی جے پی نے ریاست بھر میں یکساں سول کوڈ اور تین طلاق پر پابندی کی حمایت میں مظاہرے کا اعلان کیا ہے ۔ اس اعلان کے بعد مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اجلس کی انتظامیہ کو اندیشہ ہے کہ کہیں اس کے ذریعہ بورڈ کے اجلس کو سبو تاز کرنے کی کوشش تو نہیں کی جارہی ہے ۔ آل انڈیا مائنا ریٹی فورم کے صدر قمرالزماں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں امن و امان کی فضا کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ہماری مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ امن و امان کو قائم رکھیں مگر اس کے باوجود بی جے پی ہماری راہوں میں رخنہ ڈانے کی کوشش کرے گی تو ہم اس کا جواب دیں گے ۔ خیا لرہے کہ کلکتہ پولیس نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اجلاس عام کے لئے پارک سرکس میدان جو کلکتہ شہر کے قلب میں واقع ہے اور میدان کے ارد گر د مسلمانوں کی اچھی خاصی تعداد ہے کو پہلے یہ کہہ دینے سے انکار کردیا تھا کہ سیکوریٹی کے پیش نظر پارک سرکس میدان میں اجلاس عام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کی وجہ سے مسلمانوں میں شدید ناراضگی پھیل گئی تھی کلکتہ پولیس سے دوبارہ رابطہ کیا گیا اس کے بعد پارک سرکس میدان میں اجلاس کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ امید ہے کہ پانچ سے چھ لاکھ افراد پارک سرکس میدان میں جمع ہوں گے ۔ مغربی بنگا بی جے پی یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی حمایت میں جارحانہ رویہ اختیار کرکے بنگال میں اپنی زمین سازگار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ حال ہی میں جمعیت علماء مغربی بنگا کے پروگرام میں ریاست کے تین وزراء پارتھو چٹرجی، فرہاد حکیم اور صدیق اللہ کی شرکت کے خلاف خواتین کمیشن سے شکایت کی ہے کہ ان تینوں وزراء نے تین طلاق کی حمایت کر کے خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔

اے ٹی ایمس میں جمعہ سے نئے کرنسی نوٹ
نئی دہلی
پی ٹی آئی
پانچ سو اور دو ہزار کے نئے کرنسی نوٹس جمعہ سے بینک اے ٹی ایمس میں دستیاب ہوں گے ۔ معتمد فینانس اشوک لواسہ نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کچھ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں۔ حکومت نے کالا دھن اور جعلی نوٹوں پر قابو پانے پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹس ہٹائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس کا مقصد سمجھیں گے اور مجھے یقین ہے کہ وہ حکومت کا تعاون کریں گے ۔ آخر کار سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ لواسہ نے کہا کہ لین دین کے لئے لوگوں کو پیسہ کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے نوٹ تبدیل کروانے کی سہولت دی جارہی ہے ۔ اے ٹی ایمس پرسوں کھل جائیں گے ۔ اور بیشتر مقامات پر یہ کل کھل جائیں گے ۔ اے ٹی ایمس میں نئے نوٹ دستیاب ہوں گے۔ اسٹاک مارکٹ میں گراوٹ کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ مارکٹ کئی دیگر واقعات کے زیر اثر ہے ۔ انتظار کیجئے اور دیکھئے۔ اسی دوران حکومت نے کہا ہے کہ نئے نوٹوں کی سپلائی بڑھتے ہی رقم نکالنے کی حد بڑھادی جائے گی۔ چھوٹے نوٹوں کا بھی ذخیرہ کیاجارہا ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ ڈھیر سارا پیسہ جو بے کار پڑا تھا رسمی معیشت میں آجائے گا جسے ملک کی معاشی ترقی کے لئے استعمال کیاجاسکے گا۔ ریونیو سکریٹری ہنس مکھ ادھیہ نے کہا کہ پرانے نوٹوں کو30دسمبر تک بینکوں میں جمع کرانا ہوگا اور ان کے بدلے چھوٹے نوٹ حاصل کئے جاسکتے ہیں لیکن اس کی ایک حد ہوگی۔ بینک کھاتہ سے ایک دن میں دس ہزار اور ایک ہفتہ میں بیس ہزار روپے نکالے جاسکیں گے ۔ اے ٹی ایمس سے روزانہ دو ہزار روپے نکالنے کی سہولت ہوگی۔ سابق میں بڑے کرنسی نوٹ1978مین واپس لئے گئے تھے۔ اس وقت دس ہزار پانچ ہزار اور ایک ہزار کے نوٹوں کا چلن تھا جو زیر گشت جملہ کرنسی کا صرف دو فیصد تھے لیکن آج پانچ سو اور ہزار کے نوٹوں کا تناسب 85فیصد ہے۔ یہ بہٹ بڑا فیصلہ ہے اور اس کا کالا دھن پر بڑا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بہترین چیز یہ ہوگی کہ بے کار پڑا ڈھیر سارا روپیہ بھی رسمی معیشت میں آجائے گا۔ بینکوں کی ڈپازٹس بڑھیں گی اور اس رقم کو ملک کی معاشی ترقی کے لئے پیداواری مقصد کے لئے استعمال کیاجاسکے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں